ایڈیٹر کے نام خط
الفضل کے حوالے سے دو مبشر رویاء
مکرمہ درثمین احمد صاحبہ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
’’میرا گلشن حیات‘‘ میں خوابوں کا باب دیکھ کر میرا حوصلہ بڑھا تو خاکسار بھی آج آپ سے الفضل کے حوالے سے اپنی دوخوابیں بیان کرنا چاہے گی۔ جو کہ مجھے سو فیصد یقین تو نہیں مگر دلی اطمینان ضرور ہے کہ یہ خوابیں بالکل سچی ہیں کیونکہ ایک تو میں نے خود پورے ہوتے دیکھی ہے۔
خاکسار نے آج سے چند سال قبل ایک خواب دیکھا۔ غالباً 2013ء یا 2014ء کی بات ہے کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ پرانی بیر کس یا دارالضافیت کے پرانے کمرے ہیں اور میں کمروں میں جارہی ہوں کیونکہ مجھے کسی نے بتایا ہےکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یہاں ٹھہرے ہوئے ہیں اور میں جب جاکر دیکھتی ہوں تو وہ الفضل اخبار کا مطالعہ فرما رہے ہیں۔ میں نے چہرہ تو نہیں دیکھا مگر میں نے دیکھا کہ وہ نیم دراز ہیں اور اخبار الفضل کھولا ہوا ہے۔ جیسے انسان لیٹ کر پڑھ رہا ہو۔ میں آہستہ سے سلام کر کے واپس آجاتی ہوں۔ اور یہ خواب اس وقت کی ہے جب میرے وہم گمان میں بھی نہیں تھا کہ میں کبھی الفضل میں قلمی معاونت کر سکتی ہوں۔ اب بفضل تعالیٰ نہ صرف خدیجہ جرمنی، الفضل روز نامہ اور الفضل انٹرنیشنل میں قلمی معاونت کے مواقع مل رہے ہیں بلکہ اخبار احمدیہ جرمنی میں بھی کام کا موقع میسر ہے۔ اس سے قبل روزنامہ گلدستہ علم و ادب لندن میں بھی قلمی معاونت کر چکی ہوں۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔
دوسرا خواب کچھ عرصہ قبل دیکھا۔ خواب میں دیکھا کہ ربوہ میں الفضل کا پرانا دفتر ہے۔ جس میں جیسے پانی نکالنے کے لیے بور کرتے ہیں ہم بور کررہے ہیں اور دلچسپ بات یہ کہ جہاں جہاں سے بور کرتے ہیں وہاں پانی کی بجائے تیل نکلتا آرہا ہے۔ میں خوشی سے کہتی ہوں کہ ماشاء اللہ اب تو اخبار بہت امیر ہو جائے گا کیونکہ جماعت کا اپنا ذاتی تیل نکل رہا ہے۔ اور پھر جیسے پانی کی موٹر کے ذریعے سے پانی کھینچتے ہیں ہم تیل نکال رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی آنکھ کھل گئی۔
مدیر محترم! میں آپ کی انتہائی مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ جیسی ناقص العلم اور نالائق کی ہمیشہ انگلی پکڑ کر نہ صرف رہنمائی کرتے ہیں بلکہ کمال شفقت سے میری غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتے رہتے ہیں۔ جس کے لئے میں ہمیشہ خدا تعالیٰ کے بعد آپ کی شکر گزار رہوں گی۔ اس بات کا ذکر خاکسار اس لئے بھی کر رہی ہے کہ حدیث شریف میں ارشاد ہوتا ہے کہ جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ خدا کا بھی شکر ادا نہیں کرتا اس لئے شکر گزاری کا اظہار بہت ضروری ہے۔
خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ میری غلطیوں اور کوتاہیوں کی پردہ پوشی فرمائے اور میری ادنیٰ سی کوششوں کو قبول فرمائے آمین۔