• 10 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خط

•مکرمہ صادقہ احمد۔ کینیڈا سے لکھتی ہیں۔
مورخہ 7جولائی 2022ء باغ احمدیت کو سیراب کرنے میں پانی کی حکمت و فلسفہ پر، اداریہ، پڑھ کر دل و دماغ کی کھڑکیاں کھلتی چلی گئیں۔ ایسے لگا یہ سب کچھ تو ایسےمیٹھے اور لذیذ پھل کی طرح ہےجو پہلے کبھی نہیں کھایا۔ ابھی ابھی میں ایسی جنتوں میں پہنچ گئی جہاں دلی راحت اور سکون تھا۔ کوئی پاک وجود مجھے اعلیٰ ذات رحمن و رحیم کے دیار میں لے آیا تھا۔ اللہ سلامت رکھے ایسے نفوس کو ایسے دیار کے دیدار سے دوسروں کا بھلا کرتے ہیں۔ جینے کا مقصد واضح کرتے ہیں۔

•مکرم مظفر احمد شہزاد لکھتے ہیں۔
میرے مرغوب اخبار الفضل کے 109 سال مکمل ہونے پر دلی مبارکباد قبول کریں ۔روزنامہ الفضل آن لائن کے اداریے اور موضوعات میرے دل کی امنگوں کے عین مطابق ہونے پر ممنون ہوں ۔فی زمانہ نئی نسل کے ذہنوں کے ممکنہ سوالات کے مطابق معیاری اور عقلی و نقلی دلائل سے بھرپور مضامین کا تسلسل سے جاری رہنا اچھی کاوش ہوگی۔ اور اس سے بھی بڑھ کر کہ الفضل ہر نوجوان کے روزانہ مطالعہ میں آنے کا سامان کرنے کے لیے ٹھوس ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

•مکرمہ منصورہ فضل من ۔قادیان سے لکھتی ہیں۔
مورخہ 18جولائی کے شمارے میں عابد خان صاحب کی ڈائری کا صفحہ ’’اے چھاؤں چھاؤں شخص تیری عمر ہو دراز‘‘ بہت عمدہ سلسلہ ہے۔ اس سلسلے میں، میں الفضل کی بے حد شکر گزار ہوں کہ جہاں اچھے اچھے مضامین اور اداریے پڑھنے کو ملتے ہیں وہیں مکرم عابد خان صاحب کی ڈائری کو شیئر کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ اس ڈائری کو پڑھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات ہو رہی ہو اور پیارے حضور انور ہمارے سامنے تشریف فرما ہوں۔ آج آئرلینڈ کے دورہ کے بارہ میں پڑھا تو حضور انور کی قادیان میں تشریف آوری یاد آگئی۔ دل میں شدید خواہش پیدا ہوئی اور دعا نکلی کہ پیارے حضور انور کا ایک بار پھر جلد از جلد دیدار نصیب ہو۔ پیارے حضورانور ہمیں بھی شرف ملاقات بخشیں اور ان ترسی نگاہوں کو راحت نصیب ہو۔ امید ہے الفضل کی وساطت سے میری یہ التجا پیارے حضور انور تک پہنچ جائے گی کہ

ہم آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں…

•مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں۔
ماشاء اللہ الفضل کو اپنے عروج پر دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، الحمدللہ۔ 7 جولائی کے الفضل میں صدف علیم صدیقی صاحبہ کا مضمون ’’خاوندوں کی فرمانبردار عورتوں سے اللہ تعالی کے وعدے‘‘ اور 5 جولائی کو ان ہی کا مضمون ’’جلسے اجتماعات سے دینی علم اور تقوی کے پارسل لے کر آئیں‘‘ محترمہ نے دونوں مضامین ہی اچھے انداز میں سمجھائے ہیں۔ اللہ تعالی ہم سب بہنوں کو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور کوئی لجنہ ان دنیاوی آلائشوں کی طرف رغبت رکھنے والی نہ ہو تا ہمارے گھر جنت کا نمونہ پیش کریں آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ