• 29 اپریل, 2024

نبی کا احترام

ناصرات کارنر
نبی کا احترام

پیاری ناصرات! حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ بیان کرتی ہیں ہمارے بچپن میں ایک کھلونا آتا تھا ’’لک اینڈ لاف‘‘ دور بین کی صورت کا۔ اس میں دیکھو تو عجیب مضحکہ خیز صورت دوسرے کی نظر آتی تھی۔ جب یہ کھلونا لاہور سے کسی نے لا کر دیا آپ (حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام) کو یہ چیز میں نے دکھائی۔ آپ نے دیکھا اور تبسم فرمایا کہا:
’’اب جاؤ! دیکھو! اور ہنسو کھیلو، مگر دیکھو یاد رکھنا میری جانب ہرگز نہ دیکھنا‘‘

سب والدین بچوں کو تہذیب سکھاتے ہیں مگر یہ ایک خاص بات تھی اللہ تعالی کا فرستادہ نبی مؤدب بن کر بھی آتا ہے اور خود اس کو اپنا ادب بھی اپنی ذاتی شخصیت کے لئے نہیں، بلکہ اس مقام کی عزت کے لئے جس پر اس کو کھڑا کیا گیا، اس ذاتِ پاک و برتر کے احترام کی وجہ سے جس نے اِس کو خاص مقام بخشا۔ جس کی جانب سے وہ بھیجا گیا، سکھانا پڑتا ہے۔

(مبارکہ کی کہانی مبارکہ کی زبانی صفحہ نمبر 3)

بُری خبر پہنچانے سے اجتناب

ایک دفعہ صوفی غلام محمد صاحبؓ مرحوم غالباً علیگڑھ میں پڑھتے تھے کسی امتحان شاید بی -اے میں فیل ہوئے۔ خبر آئی آپؑ نے افسوس سے ذکر فرمایا میں پاس بیٹھی تھی میں سن کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ آپؑ نے فراست سے میرا ارادہ بھانپ لیا اور فرمایا: ’’تم عائشہ کو (بیوہ مولوی عبدالکریم جن سے ان کا نکاح ہو چکا تھا منسوب تھیں) بتانے جا رہی ہو۔ یہ بُری خبر ہے تم کیوں بُری خبر بتاؤ کوئی اور بتا دے گا‘‘

وہ دن اور آج کا دن ہمیشہ بُری خبر کسی کو پہنچانے سے اجتناب کیا ہے۔

حضرت مسیح موعود ؑکی بیٹیوں سے نازبرداری

حضرت اماں جانؓ بہت زیادہ شفقت اور محبت فرماتی تھیں مگر آخر ماں تھیں وہ تربیت اپنا فرض جانتی تھی کبھی کبھی کہتی تھیں کہ اتنی ناز برداری لڑکیوں کی ٹھیک نہیں ہوتی۔ نہ معلوم کسی کی قسمت کیسی ہو۔ آپ علیہ السلام فرماتے:
’’تم فکر نہ کرو خدا شکر خورے کو شکر دیتا ہے‘‘

یہ بھی فرماتے: ’’کہ لڑکی ہے آخر ہمارے پاس چند دن کی مہمان ہے، یہ کیا یاد کرے گی‘‘۔

آنکھ کھلنے پر دعا

میں بچہ تھی بالکل چھوٹی، جب بھی آپؑ نے مجھے کہا اور شاید کئی بار کہ ’’جب تم آنکھ کھلے کروٹ لیتی ہو اس وقت ضرور دعا کر لیا کرو‘‘

میں اٹھ نہ سکوں، بیمار ہوں، کچھ ہو یہ عادت میری اب تک قائم ہے دعا کرتے کرتے درود پڑھتے نیند آ جاتی ہے پھر آنکھ کھلے تو وہی سلسلہ۔ یہ سب آپ علیہ السلام کے الفاظ کی برکت ہے۔

(مبارکہ کی کہانی مبارکہ کی زبانی صفحہ نمبر 5-7)

(ثمرہ خالد۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ