• 27 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

مکرم آر آر قریشی تحریر کرتے ہیں۔
الفضل کا ہر شمارہ میرےعلم میں بہت سی نئی ایمان افروز باتوں کا اضافہ کر رہا ہے۔ دینی اور دنیاوی بہت سارے علوم کی واقفیت ہورہی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ۔ چند ایک کا ذکر تحدیث نعمت کے طور پر تحریر کرتا ہوں۔

ارشاد باری تعالیٰ، فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور بانی سلسلہ عالیہ احمدیہ کے اقتباسات، پیارے امام امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعائیں،توقعات اور بےشمار نصائح سر فہرست ہیں۔

تلخیص صحیح بخاری،تبلیغ میں پریس اور میڈیا کا کردار، مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ کے زیر اہتمام تنظیموں کی ملّی ودینی خدمات، جلسہ سالانہ یو کے 2022ء میں تقریر ’’عائلی زندگی میں میاں بیوی کو صبر اور برداشت کی عادت ڈالنے‘‘ بطور خاص ذکر کے لائق ہیں۔

خاکسار بعض تحریرات کا پرنٹ نکال کر اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کو پڑھنے کے لیےپوسٹ کرتا رہتا ہے۔ اسی طرح ان اہم دستاویزات کی فوٹو اسٹیٹ کرکے جلد بنا کر محفوظ کر لیتا ہوں تا دعوت الی اللہ اور کسی بھی موضوع کی گفتگو میں حوالہ کے طور پر کام آ سکے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین۔

مکرمہ منزہ سلیم۔ جرمنی سے تحریر کرتی ہیں۔
الفضل آن لائن کا روزانہ شمارہ پڑھ کر بہت دلی سکون ملتا ہے۔ جب تک پورا الفضل پڑھ نہ لوں اور افادہ عام کے لئے اسے ٹویٹر اور انسٹا گرام کے اسٹیٹس پر نہ لگا لوں، سکون نہیں ملتا۔ بلکہ بعض اوقات کسی مجبوری کی وجہ سے میں الفضل کا مطالعہ کر لوں اورا سٹیٹس پہ نہ لگا سکوں تو بعض غیر از جماعت اور کچھ پاکستان میں رہنے والے توجہ دلاتے ہیں کہ آپ نیک باتیں لگاتی رہا کریں ہمیں اس طرح اچھی باتوں سے آگاہی رہتی ہے۔ ان کو خاکسار پی ڈی ایف میں بھی پورا الفضل بھیج دیتی ہے۔

آپ کے اداریے کمال کے ہوتے ہیں۔ ماشاءاللہ آپ جس طرح ہر موضوع پر روشنی ڈالتے ہیں اور روز مرہ زندگی سے مثالیں بیان کرتے ہیں پھر قرآن کریم، احادیث اور ارشادات امام سے اپنے مضمون کو سجاتے ہیں۔بات سیدھی دل پہ اثر کرتی ہے۔ اللہ تعالی آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اتنا اچھا روحانی مائدہ روزانہ بلاناغہ ہم تک بہم پہنچانے کے لئے آپ اور آپ کی تمام ٹیم کی انتھک محنت اور عرق ریزی صاف نظر آتی ہے۔ سو وہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس لگاتار محنت کے لئے سب کی خود جزا بن جائے۔ آپ سب کی سعی کو قبول و مقبول بنائے۔ آمین ثم آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی