مسجد فتح عظیم۔ زائن، صیہون کا تعارف
’’کیا بھلی لگتی ہے امریکہ میں آوازِ اذاں‘‘
امریکہ کی ریاست الینائے میں ایک چھوٹا سا شہر زائن (Zion) ہے جو تاریخ میں صیحون کے نام سے مذکور ہے۔اس کے مشرقی کونے پر جھیل مِشی گن واقع ہے۔ اس شہر کا بانی ایک معروف شخصیت ڈاکٹر جان الیگزنڈر ڈوئی تھا جو خود کو مذہبی پیشوا کہتا تھا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ وہ ایلیا نبی ہے۔ 1901ء میں اس نے اس اپنے اس شہرمیں ایک بہت بڑا چرچ بنایا اس کے پیروکاروں کی ایک کثیر تعداد تھی وہ ایک اخبار۔ Leaves of Healing کے نام سے شائع کرتا تھا جس میں دین متین اسلام کے خلاف بہت کچھؤ زہر اگلتا۔[
اُسی زمانہ میں قادیان، ہندوستان میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود مرزا غلام احمدقادیانی علیہ السلام کو دین اسلام کی کمان تھماکر دنیا کے تمام ادیان پر اس عالمی مذہب کی برتری ظاہر کرنے کے لئے مبعوث فرمایا۔ لہٰذا جب آپؑ کے علم میں ڈاکٹر ڈوئی کے دعاوی اور اُس کے اسلام اور آنحضورﷺ کے خلاف بیانات پہنچے تو آپؑ نے اسے مباہلہ کا چیلنج دیا۔ جس کا امریکی اور دنیا کے اخباروں میں خوب چرچا ہوا۔ مگر اس نے گستاخی جاری رکھی اور حضرت اقدسؑ کے خلاف متکبرانہ انداز میں نازیبا الفاظ استعمال کئے۔
20؍فروری 1907ء کو حضرت مسیح موعودؑ کو اللہ تعالیٰ نے الہاماً فرمایا کہ ’’میں ایک تازہ نشان ظاہر کروں گا جس میں فتح عظیم ہوگی‘‘ یہ پیش گوئی اس طرح پوری ہوئی کہ حضرت مسیح موعودؑ کی زندگی میں وہ انتہائی ذلت آمیز موت سے دوچار ہوا۔ ایک تو اس کا کذب و افترا سب پر ظاہر ہوگیا۔ و ہ شراب کے خلاف تعلیم دیتا تھا جبکہ خود اُس کاکثرت سے شراب پینا ثابت ہوگیا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ وہ شفا بخشتا ہے، اس کی بیٹی اس کے سامنے جل کر مرگئی کچھ نہ کرسکا۔ عورتوں سے تعلقات اور غبن جیسے جرائم میں ملوث پایا گیا۔ اس کی تقاریر سننے کے لیے ہزاروں لوگ جمع ہوتے تھے جن کے سامنے وہ اللہ تعالیٰ کے سب سے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے خلاف توہین آمیز الفاظ کہتا تھا، اُن ان گنت لوگوں کے سامنے اس پر فالج کا حملہ ہوا اور وہ بولنے سے لاچار ہوگیا۔ اس کی وفات اور ہندی مسیح کی فتح کا اخبارات میں بہت چرچا ہوا۔
اس تاریخی فتح کی یاد میں جو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کو زائن، امریکہ میں عطاء فرمائی۔ خلافت خامسہ کے مبارک دور میں ایک عظیم الشان نئی مسجد فتحِ عظیم تعمیر ہوئی ہے جس کا افتتاح 30؍ستمبر 2022ء بروز جمعۃ المبارک سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بنفس نفیس امریکہ تشریف لاکر فرمایا۔ اس موقع پر دنیا بھر سے ہزار ہا احباب نے حضور انور کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی۔
اگلے دن یعنی یکم اکتوبر2022ء کو مسجد فتح عظیم صیحون کے افتتاح کی خوشی اورحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کے اعزاز میں مسجد کے احاطہ میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ احباب جماعت مختلف ملکوں اور جماعتوں سے دور دراز سے سفر کرکے اس تاریخی موقع پر شمولیت کی غرض سے آئےہوئے تھے۔ان کے علاوہ ملک بھر سے سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات بھی اس تقریب میں مدعو تھیں۔
’’حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں مساجد کی اغراض بیان فرمائیں اور اسلام کی خوبصورت اورپُر امن تعلیم پر روشنی ڈالی۔ صیحون شہر کے بانی اور معاندِ اسلام جان الیگزینڈر ڈوئی کی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام سے مباہلہ کے نتیجہ میں ہلاکت پر روشنی ڈالی۔ آخر پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے اس فتح عظیم پر اظہار تشکر کرتے ہوئے فرمایا کہ میری دعا ہے کہ یہ مسجد تمام لوگوں کے لیے ہدایت اور راستی کا موجب بنے۔‘‘
(رپورٹ: مکرم عبد الماجد طاہر)
(حسنیٰ مقبول احمد۔ امریکہ)