• 28 اپریل, 2024

مسرور ٹیلی پورٹ میری لینڈ

مسرور ٹیلی پورٹ میری لینڈ
میں
ورود مسعود حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ

جب اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ امریکہ جماعت کو یہ خوشخبری ملی کہ ہمارے پیارے آقا سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ امسال مسجد فتح عظیم کے افتتاح کی غرض سے امریکہ تشریف لا رہے ہیں تو سارے ملک کے احمدیوں کے چہرے خوشی سے تمتما اٹھے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی آمد کے پیش نظر تیاریاں شروع ہو گئیں۔ پیارے آقا نے میری لینڈ مسجد بیت الرحمان میں دورہ کے آخری حصہ میں تشریف لانی تھی اس لئے مسجد بیت الرحمان کی صفائی ستھرائی تزئین اور مسجد کی عمارت پر روشنی کے برقی قمقموں کی بیشمار جھالریں چھت کے کناروں سے چاروں طرف لٹکا دی گئیں اور عظیم الشان قسم کے خوش آمدیدی بینرز ہر طرف لگا دئے گئے۔

چونکہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل کا سیٹلائیٹ ارتھ اسٹیشن مسرور ٹیلی پورٹ بھی مسجد بیت الرحمان کے احاطے میں ہی الگ قطعہ زمین پر ہے اس لئے مسرور ٹیلی پورٹ کو بھی بے شمار برقی قمقموں اور استقبالیہ بینرز سے سجا دیا گیا۔ ٹیلی پورٹ میں نہایت عمدگی کی ساتھ چاروں طرف خوبصورت پھولوں کی کیاریاں، تمام درخت اور بڑی بڑی سیٹلائیٹ ڈشوں کو دلہن کی طرح جگمگاتے رنگ برنگے برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے مزین کیا گیا تھا۔ مسرور ٹیلی پورٹ کے کھلے حصہ کے درمیان میں پھولوں کی ایک کیاری کے وسط میں اسلامی طرز کے مینار نما فوارہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے سائن کے ساتھ نصب کیا گیا تھا جس کے ہر پہلو میں جگمگاتے رنگ برنگے برقی قمقمے لگائے گئے تھے جو رات کو خاص طور پر بچوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ حضور انو ر ایدہ اللہ تعالیٰ کی آمد کے بعد تو ایک نظارہ یہ بنا کہ دن اور رات کے وقت بچے بڑے مسجد بیت الرحمان اور مسرور ٹیلی پورٹ کی تزئین اور سجاوٹ سے لطف اندوز ہوتے اور مختلف مقامات پر اپنی اور بچوں کی یادگار تصویر یں بناتے۔

معائنہ مسرور ٹیلی پورٹ

از راہ شفقت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ نے موٴرخہ 12؍اکتوبر 2022ء شام چھ بجے از راہ شفقت مسرور ٹیلی پورٹ کا معائنہ فرمایا۔ پیارے آقا ممبران قافلہ کے ہمراہ مسجد بیت الرحمان کی طرف سے مسرور ٹیلی پورٹ کے داخلی گیٹ سے احاطہ میں تشریف لائے اور عمارت کے شمالی دروازے سے NOC نیٹ ورک آپریشن سینٹر (ٹرانسمشن روم) میں داخل ہوئے اور ڈائریکٹر ٹیلی پورٹ خاکسار سے سسٹمز کے بارہ بعض امور کے بارہ دریافت کیا۔ اس سینٹر میں کمپوٹر سرورز سیٹلائٹ، فائبر آپٹک، آن لائن سٹریمنگ ٹرانسمشن کے سسٹمز نصب ہیں۔ حضور انور نے از راہ شفقت اس حصہ کا معائنہ فرمایا، اس کے بعد حضور انور وہاں سے ٹیلی پورٹ کے MCR ماسٹر کنٹرول روم میں داخل ہو ئے جہاں سارے چینلز کے کنٹرول اور مانیٹرنگ سسٹمز نصب ہیں، حضور انور نے نارتھ اور ساؤتھ امریکہ میں ٹرانسمشن کے بارہ خاکسار سے متعلقہ امور کے بارہ پوچھا اور ہدایات دیں۔ اس کے بعد حضور انور ٹیلی پورٹ کی عمارت کے دوسرے حصہ میں تشریف لے گئے جہاں ڈائننگ اور بورڈ روم کا معا ئنہ فرمایا پھر حضور انور دفاتر کی طرف تشریف لائے اور خاکسار سے ان دفاتر کے استعمال کے بارہ دریافت فرمایا۔ خاکسار نے حضور انور کی خدمت میں اپنی کرسی کو برکت بخشنے کی عاجزانہ درخواست کی جسے پیارے آقا نے ازراہ شفقت قبول فرما کر ڈائریکٹر ٹیلی پورٹ کے دفتر کی کرسی پر چند لمحے تشریف رکھی اور خاکسار کو ہدایت کی کہ آپ سامنے والی کرسی پر بیٹھ جائیں تا کہ آپ تصویر میں آ سکیں۔ بعدہ حضور باہر جانے والی لابی میں تشریف لائے جہاں مسرور ٹیلی پورٹ کا اسٹاف ایک قطار بنائے پیارے آقا کے انتظار میں کھڑے تھا۔ حضور انور نے دوسری منزل کے بارہ دریافت فرمایا۔ حضور انور کی خدمت میں مکرم منیر الدین شمس صا حب مینجنگ ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل اور مکرم منیر عودہ صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے پرو ڈکشن نے عرض کی کہ مسرور ٹیلی پورٹ کی دوسری منزل پر سٹور کو تبدیل کر کے پوسٹ پروڈکشن کا آفس بنا یا گیا ہے۔ اس پر حضور انور نے اپنے کئی سال پہلے کے فرمودہ ارشاد کہ ’’ساتھ والے خالی پلاٹ پر باقاعدہ عمارت بنا کر ایم ٹی اے انٹرنیشنل کا بڑا سٹوڈیو بنائیں‘‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اُوپر پروڈکشن کا دفتر ہی تو بنایا ہے ناں کوئی سٹوڈیو تو نہیں بنایا پھر میں نے اُوپر کیا کرنے جانا ہے؟ جب باقاعدہ سٹوڈیو بنائیں گے تو پھر وہاں جا کر دعا کرواؤں گا۔ اس کے بعد حضور باہر برآمدے میں تشریف لے گئے اور چند لمحے باہر بڑی سیٹلائٹ ٹرانسمشن ڈش کا معا ئنہ فرمایا اور برآمدے سے ہوتے ہوئے شمالی جانب کے گیٹ سے ساڑھے چھ بجے سے چند لمحے قبل مسجد بیت الرحمان میں دوسری مصروفیات کے لئے واپس تشریف لے گئے۔

اس دورہ میں پرائیوٹ سیکرٹری مکرم منیر احمد جاوید صاحب، مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر، مکرم منیر الدین شمس صا حب مینجنگ ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل، مبارک احمد ظفر صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے ہیومن ریسورسز، مکرم منیر عودہ صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے پروڈکشن، مکرم عابد خان صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے نیوز حضور انور کے ساتھ اس دورہ میں شامل تھے۔

(چوہدری منیر احمد۔ ڈائریکٹر ٹیلی پورٹ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی