• 19 مئی, 2025

حلف نامہ برائے امراء، صدران و دیگر عہدیداران

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ تمام عہدیداران جو ابھی منتخب ہوئے ہیں ان کے لئے ایک حلف نامہ ہے۔ یہ امیر صاحب پڑھیں گے اور باقی تمام عہدیداران امیر صاحب کے پیچھے پڑھیں گے اور اس کے بعد تمام عہدیداران اس حلف نامہ پر دستخط کریں گے۔

اس کے بعد امیر صاحب امریکہ نے درج ذیل حلف نامہ پڑھا اور اس کے پیچھے تمام عہدیداران نے اس حلف نامہ کے الفاظ دہرائے۔

میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر یقین کرتے ہوئے یہ عہد کرتاہوں کہ نظام جماعت کی طرف سے جو کام میرے سپرد ہوا ہے اس کو پوری محنت اور دیانتداری کے ساتھ سر انجام دینے کی کوشش کروں گا۔ میں خدا تعالیٰ کے ساتھ وفا کروں گا اور نظام جماعت کا ہمیشہ وفادار رہوں گا۔ میں نظام خلافت کے استحکام اور حفاظت کے لئے آخری دم تک جدوجہد کرتا رہوں گا اور اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفیض ہونے کی تلقین کرتا رہوں گا۔ میں ہر فرد جماعت کے ساتھ عاجزی اور ہمدردی کے ساتھ پیش آؤں گا۔ ان کا سچا خیر خواہ بنوں گا۔نیز ذاتی تعلقات یا اختلافات سے بالا ہو کر ہمیشہ انصاف کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کروں گا۔ سلسلہ احمدیہ کے اموال کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری ہو گی۔ سلسلہ کا پیسہ پوری احتیاط اور ذمہ داری سے خرچ ہو گا۔ عاملہ کے اجلاسات کی کاروائی اور افراد جماعت کے ذاتی معاملات کو ہمیشہ راز داری سے بطور امانت محفوظ رکھوں گا۔ میں اپنے سے بالا عہدیداران کے احکام کی پوری انشراح کے ساتھ اطاعت کروں گااور اپنے ماتحتوں کے ساتھ محبت اوراخوت کے ساتھ پیش آؤں گا۔ میں خلیفۃ المسیح کا ہمیشہ سچا وفادار رہوں گا اور سچے دل سے آپ کی کامل اطاعت کروں گا ان شاء اللّٰہ۔ اللہ تعالیٰ مجھے اس عہد کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ سیّدنا امیر المؤ منین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہٴ امریکہ 2022ء از عبدالماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر قسط 20 حصہ دوم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی