• 29 اپریل, 2024

اللہ کی دی ہوئی سوچ کے آئینہ میں قلم، کاغذ اور فون کا استعمال

خاکسار کو روزانہ ہی سینکڑوں کی تعداد میں قارئین الفضل کی طرف سے میسجز اور فون آتے ہیں۔ یوں مختلف فونز کے ڈی پیز اور پروفائلز میں بہت عمدہ نصیحت و سبق آموز اقوال اور فقرے لکھے دکھلائی دیتے ہیں۔ انہیں پڑھ کر جہاں ان میں بیان مضمون سے حظ ملتا ہے وہاں ڈی پیز اور پروفا ئلز پر انہیں چسپاں کرنے والوں کے ذوق کا بھی پتہ چلتا ہے۔ کئی بار ان میں سے بعض اقوال کو خاکسار اپنے اداریوں کا عنوان بھی بنا چکا ہے۔ چونکہ ڈی پیز، پروفا ئلز اور اسٹیٹس پر لگے فقرے اور اقوال زریں چسپاں کرنے والے کی نیت کی عکاسی کر رہے ہوتے ہیں اور انہیں ان کی ضمیر کی آواز بھی کہا جا سکتا ہے۔ جیسے:

  • مَا اَنکَرَ قَلبُکَ فَدَعہُ
  • اپنے اللہ سے کبھی بے وفائی نہ کرنا
  • ہم زمین زاد نہ ہوتے تو ستارے ہوتے
  • یَا لَیتَنِی کُنتُ ترا باً
  • اُفَوِّضُ اَمرِیْ اِلَی اللّٰہ
  • اَلَیسَ اللّٰہُ بِکَاف عَبدَہ
  • Never underestimate the power of dua
  • Waqf is complete obedience, despite opinion
  • خدا داری چہ غم داری
  • میں برا سہی مجھے بخش دے مولیٰ
  • میں تجھ سے نہ مانگوں گا تو نہ مانگوں گا کسی سے
  • خود میرے کام کرنا یا رب نہ آزمانا
  • وفا میری سرشت کا حصہ ہے
  • اللّٰھم انک عفو تحب العفو فاعف عنی

یہ چند بطور نمونہ کے آپ کے سامنے رکھے ہیں۔ ورنہ تو ان کی تعداد ہزاروں میں ہو سکتی ہے۔ اپنے پیارے قارئین سے درخواست یہ کرنی ہے کہ دوست احباب و خواتین اپنے ڈی پیز، پروفائلز اور اسٹیٹس پر لگے ان قیمتی اقوال و نصائح پر الفضل کے لئے مختصر مضامین، آرٹیکلز یا نوٹس لکھ کر بھجوائیں۔ اگر آپ کوکسی عزیز، دوست کے ڈی پی، پروفا ئل پر لکھی عبارت بھی پسند ہے تو آپ اس پر بھی قلم آزمائی کر سکتے ہیں۔ یہ یاد رہے کہ آپ کی تحریر خالصتاً تربیتی، تبلیغی یا علمی ہونی چاہئے جس میں دوسروں کے لئے سبق ہو۔ ان کا فائدہ یہ ہو گا:

  1. الفضل کے لیے عناوین کی ایک فہرست تیار ہو جائے گی۔ جو قلمکار عناوین کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔ ان کو یہ فہرست بھجوا کر مضمون لکھنے کی درخواست بھی کی جا سکے گی۔ گو اس سے قبل ادارہ الفضل نے 335عناوین کی ایک فہرست شائع کر رکھی ہے۔
  2. دوسرا بڑا فائدہ اس کا یہ ہو گا کہ ہمارے قارئین خلفاء کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جماعت کی قلمی معاونت کرنے والے بن جائیں گے اور سلطان القلم کے معاون بن کر دعوت الی اللہ بھی کر سکیں گے۔
  3. تیسرا فائدہ یہ ہو گا کہ بعض ایسے عناوین پر بھی جماعت احمدیہ کے لٹریچر میں مواد اکٹھا ہوجائے گا۔ جن پر ابھی تک مواد موجود نہیں۔
  4. آپ جماعت کے قلمکاروں کی فہرست میں آ کھڑے ہوں گے۔ ادارہ الفضل نے قسطوں میں شائع ہونے والے مضامین کو جو کتابی شکل دینی شروع کی ہے اور اب تک 16 کتب منظر عام پر آچکی ہیں۔ ان میں سے تین دوستوں نے لکھا کہ ’’ادارہ الفضل کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں صاحب تصنیف بنا دیا۔‘‘ یوں آپ قلمکار یا صاحب قلم بن جائیں گے۔
  5. اس عنوان کے تحت لکھے جانے والے مضامین کو الگ سے ایک کتابی شکل میں بطور گلدستہ قارئین الفضل کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔

شعراء کرام

ہمارے شعراء بھی اپنے شعرو شاعری کے مزاج کے مطابق بہت اچھے اشعار اور اقوال چسپاں کرتے ہیں۔ ایک شاعر جناب اطہر حفیظ فراز کے قول ‘‘ اور جذبوں کو جگائیں شاعران سلسلہ ’’ کے مطابق شعراء سے بھی اس حوالہ سے کلام لکھنے اور کہنے کی درخواست ہے۔

کان اللّٰہ معکم وایدکم

نوٹ: آپ اپنا مضمون یا نظم اس میل پر بھجوائیں : info@alfazlonline.org

(ایڈیٹر روزنامہ الفضل آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی