• 28 اپریل, 2024

یونان میں جلسہ سیرۃ النبیؐ کا انعقاد

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو موٴرخہ 30؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار ایتھنز مسجد میں جلسہ سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ۔

جلسہ کے پروگرام کا آغاز دوپہر نماز ظہر و عصر کے بعد 2 بج کر 50 منٹ پر شروع ہوا۔ جلسہ میں تین تقاریر رکھی گئیں جن میں مقامی زبان گریکی، اردو اور انگلش شامل ہیں۔جلسہ کی صدارت مکرم و محترم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ نے کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ سورہ الاحزاب کی آیات 22 تا 25 سے ہوا۔ تلاوت و ترجمہ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے پیش کیا۔ تقریر کے احادیث نبویﷺ جو کہ مکرم ناصر احمد صاحب نے پڑھ کر سنائیں۔ پہلی تقریر مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے گریکی زبان میں پیش کی آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺ بحیثیت صادق و امین‘‘

حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دو اقتباس مکرم محمد اکبر صاحب نے پیش کئے جو کہ بہت ہی پر تاثیر ہیں جن سے حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰﷺ سے بے انتہا عشق و محبت ثابت ہوتا ہے۔ آپؑ فرماتے ہیں: ’’اے تمام وہ لوگو جو زمین پر رہتے ہو! اور اے تمام وہ انسانی روحو جو مشرق اور مغرب میں آباد ہو! میں پورے زور کے ساتھ آپ کو اس طرف دعوت کرتا ہوں کہ اب زمین پر سچا مذہب صرف اسلام ہے اور سچا خدا بھی وہی خدا ہے جو قرآن نے بیان کیا ہے اور ہمیشہ کی روحانی زندگی والا نبی اور جلال اور تقدس کے تخت پر بیٹھنے والا حضرت محمد مصطفیٰﷺ ہے جس کی روحانی زندگی اور پاک جلال کا ہمیں یہ ثبوت ملا ہے کہ اس کی پیروی اور محبت سے ہم روح القدس اور خدا کے مکالمہ اور آسمانی نشانوں کے انعام پاتے ہیں۔ (تریاق القلوب روحانی خزائن مطبوعہ لندن صفحہ13) پھر فرماتے ہیں: ’’وہ اعلیٰ درجہ کا نور جو انسان کو دیا گیا یعنی انسان کامل کو وہ ملائک میں نہیں تھا، وہ نجوم میں نہیں تھا، وہ قمر میں نہیں تھا، آفتاب میں بھی نہیں تھا، وہ زمین کے سمندروں اور دریاؤں میں بھی نہیں تھا۔ وہ لعل اور یاقوت اور زمرد اور الماس اور موتی میں بھی نہیں تھا۔ غرض وہ کسی چیز ارضی اور سماوی میں نہیں تھا صرف انسان میں تھا یعنی انسان کامل میں جس کا اتم اور اکمل اور اعلیٰ اور ارفع فرد ہمارے سید و مولیٰ سید الانبیاء سید الاحیاء محمد مصطفیٰﷺ ہیں۔‘‘

(آئینہ کمالات اسلام روحانی خزائن جلد5 صفحہ120-121)

دوسری تقریر مکرم چوہدری مشتاق احمد صاحب نائب نیشنل صدر یونان کی تھی جس کا موضوع تھا ’’آنحضورﷺ کی ہمدردی خلق‘‘

نظم: مکرم داؤد احمد جنجوعہ صاحب نے ’’ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے‘‘ خوش الحانی سے پیش کی۔

اختتامی خطاب انگلش میں صدر مجلس مکرم و محترم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ یونان نے ’’آنحضورﷺ کا عشق الٰہی‘‘ پر کیا۔

سب مقررین نے بہت ہی عمدہ پیرائے اور کم وقت میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے مختلف پہلو ؤں پر روشنی ڈالی سب حاضرین و سامعین نے سحر انگیز تقاریر جو کہ بہت ہی ایمان فروز تھیں بہت ذوق و شوق سے سنیں۔

اختتامی دعا: مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ کے 4 بج کر 5 منٹ پر اختتامی اجتماعی دعا کروائی۔

ریفریشمنٹ: اختتامی دعا کے بعد طعام کا انتظام تھا۔

حاضری: جلسہ کی کل حاضری اس طرح سے ہے کہ 23؍احباب نے مسجد میں شرکت کی جن میں 3؍احباب غیر از جماعت مہمان تھے اور آن لائن بذریعہ زوم 15؍خواتین و حضرات نے جلسہ دیکھا اور سنا اسی طرح نیدر لینڈ سے بھی ایک احمدی دوست نے جلسہ آن لائن دیکھا اور سنا۔ کل حاضری 38 رہی۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل آن لائن یونان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی