• 29 اپریل, 2024

سيد طالع احمد شہيد ميموريل کرکٹ چمپئن شپ 2022ء

جماعت احمديہ کي تاريخ مخلصِ احمديت کي قربانيوں سے بھري پڑي ہے۔حضرت مسيح موعود عليہ السلام کے فرزانوں نے کبھي کابل کي سرزمين ميں،کبھي برصغير ميں تو کبھي افريقہ ميں راہ خدا ميں اپني جانوں کا نذرانہ پيش کيا۔ يہ شہداء بلاشبہ احمديت کے ماتھے کا جھومر ہيں۔ گزشتہ سال خليفہ وقت کے حکم کي اطاعت ميں جرأت و بہادري کا ايک اَور باب رقم ہوا جب مسلم ٹيلي ويژن احمديہ (MTA) کے رضاکار مکرم سيد طالع احمد ابن سيّد ہاشم اکبر صاحب آف ہارٹلے پُول (يوکے) نے مغربي افريقہ کے ملک گھانا ميں اپنے فرائضِ منصبي بجالاتے ہوئے 22؍اگست2021ء کو جامِ شہادت نوش کيا۔ وہ ايم ٹي اے کي جانب سے ايک دستاويزي فلم کي تياري کے ليے مغربي افريقہ کے چند ممالک کے سفر پر تھے۔

سيد طالع احمد شہيد جماعت مسجد فضل کے ممبر تھے۔ ان کے والد محترم سيد ہاشم اکبر صاحب چونکہ خود بہت اچھے کرکٹر ہيں اور مجلس صحت يوکے کے شعبہ کرکٹ کے صدر بھي رہ چکے ہيں لہٰذا سيد طالع احمد شہيد کو بھي کرکٹ کھيلنے کا بہت شوق تھا۔ خاکسار گزشتہ 25 سال سے مسجد فضل لندن کے علاقہ کا رہائشي ہے۔ اس وقت صدر جماعت ہونے کے علاوہ 2004ء سے احمدي نوجوان کھلاڑيوں پر مشتمل ناصر کرکٹ کلب کے نام سے ايک کرکٹ کلب کا انتظام بھي کررہا ہے۔ کلب کا نام حضرت خليفة المسيح الثالث رحمہ اللہ کے با برکت نام سے موسوم ہے اور اس بابرکت نام کي بدولت ہميں نہ صرف کرکٹ ميں بہت کاميابياں نصيب ہوئيں بلکہ کھيلوں کے حوالے سے جماعت احمديہ يوکے کے تاريخ ساز ٹورنامنٹس (خلافت جوبلي کرکٹ ٹورنامنٹ 2008ء، خدام کرکٹ ليگ2015-16ء اور مجلسِ صحت يوکے کے زيرِ انتظام 2009ء سے انٹرنيشنل مسرور کرکٹ ٹورنامنٹ) کے حوالے سے غيرمعمولي اعزازات بھي حاصل ہوئے۔ چنانچہ بحيثيت صدر جماعت مسجد فضل لندن خاکسار نے ناصر کرکٹ کلب کے تعاون سے ايک T20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ليے کوشش شروع کي۔ مکرم سيد طالع احمد شہيد کے نام سے موسوم اس ٹورنامنٹ کي اجازت حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز سے حاصل کي گئي۔ اِس طرح اِس ٹورنامنٹ کا انعقاد جون اور جولائي کے چار ويک اينڈز پر روہيمپٹن کرکٹ گراؤنڈ پٹني ميں ہوا۔ چار ٹيميں اس ٹورنامنٹ ميں شامل ہوئيں جن کے نام يہ ہيں: ناصر کرکٹ کلب۔فرينڈز اليون۔ احمديہ مسلم يوتھ کرکٹ کلب۔ AZسپورٹس کرکٹ کلب۔

ٹورنامنٹ کو کامياب بنانے ميں ناصر کرکٹ کلب کے خصوصي تعاون کے علاوہ صدر مجلسِ صحت يوکے مکرم مرزا عبدالرشيد صاحب نے کھلاڑيوں کے ليے کھانے اور ريفريشمنٹس کا عمدہ انتظام کيا۔ AZ سپورٹس نے کرکٹ بالز اور انعامات جبکہ مقامي بزنس مين مکرم رضوان احمد اور عبدالقديرصاحبان نے اپني کمپني کي طرف سے جيتنے والي ٹيموں کے ليے شاپنگ واؤچرز سپانسر کيے۔

19؍جون 2022ء کو ٹورنامنٹ کا افتتاح مکرم رانا خالد احمد صاحب مربي سلسلہ و صدر کرکٹ مجلس صحت يوکے نے کيا۔ ديگر ميچوں کے مہمانان خصوصي مکرم رضوان احمد شيخ صاحب، سيکرٹري مجلس صحت يوکے مکرم مرزا مجيب احمد صاحب، مکرم مزمل ڈوگر صاحب (نمائندہ صدر خدام الاحمديہ) اور مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب تھے۔ نيز مکرم شکيل احمد بٹ صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ يوکے اور مکرم محمد محمود خان صاحب قائد عمومي مجلس انصاراللہ يوکے بھي مہمانان کرام ميں شامل تھے۔

ہر ٹيم نے ابتدائي راؤنڈ ميں تين تين ميچز کھيلے۔ اس راؤنڈ ميں ناصر کرکٹ کلب نے اوّل پوزيشن حاصل کي۔

24؍ جولائي کو دوسري اور تيسري پوزيشن پر آنے والي ٹيموں کے درميان ميچ منعقد ہوا جو AZ سپورٹس اور فرينڈز اليون کے درميان کھيلا گيا۔ يہ ميچ ايک سنسني خيز مقابلےکے بعد AZسپورٹس کے کپتان انجم ذيشان خان کي شاندار بلے بازي کے باوجود فرينڈز اليون نے ايک رنز سے جيت ليا۔جبکہ MTA کے کارکن شاہد احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز ميں 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا اور مين آف دي ميچ کا اعزاز حاصل کيا۔

سيد طالع شہيد ميموريل T20 کرکٹ چمپئن شپ کا فائنل ميچ ناصر کرکٹ کلب اور فرينڈزاليون کے درميان کھيلا گيا۔ اس ميچ کے مہمانِ خصوصي مکرم اکرم احمدي صاحب چيئرمين IAAAE تھے۔ فرينڈزاليون نے پہلے کھيلتے ہوئے مقررہ 20 اورز ميں 147 رنز بنائے جس ميں حارث عثمان کے 22 گيندوں پر 37 رنز اور اوپنر رضوان ناصر کے 33 رنز شامل تھے۔ناصر کرکٹ کلب کي جانب سے نوجوان کھلاڑي محي الدين نے 4 اوورز ميں 31 رنز دے کر 5 کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔ جواب ميں ناصر کرکٹ کلب صرف 122 رنز بنا سکي جن ميں صفوان منظور کے جارحانہ 43 رنز شامل تھے جبکہ بالر شاہد احمد نے فائنل ميچ ميں بھي اپني ٹيم کي جيت ميں اہم کردار ادا کيا اور 3 اوورز ميں 17 رنز دے کر 3کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔

اختتامي تقريب ميں تلاوت قرآن کريم مکرم انس احمد رانا صاحب نے کي۔ بعدازاں خاکسار رانا عرفان شہزاد صدر جماعت مسجد فضل لندن نے مختصراً خصوصي ٹورنامنٹ کا پس منظر بيان کيا اور تعاون کرنے والے دوستوں کا شکريہ ادا کيا جن ميں صدر مجلس صحت يوکے مکرم مرزا عبدالرشيد صاحب، مکرم انجم ذيشان خان AZسپورٹس، مکرم رضوان احمد صاحب، مکرم رانا مسعود احمد صاحب شريک چيرمين ناصر کرکٹ کلب، مکرم فہيم احمد بٹ صاحب سيکرٹري ٹورنامنٹ، صدر مجلس خدام الاحمديہ يوکے نيز سمعي وبصري ٹيم شامل ہيں۔

تياري گراؤ نڈ کے حوالے سے ايک خصوصي انعام شاہد کبير صاحب کو ديا گيا۔ مين آف دي فائنل ميچ حارث عثمان صاحب (فرينڈزاليون) قرار پائے جنہوں نے 37 رنز بنائے اور ايک وکٹ بھي لي۔ بہترين بالر شاہد احمد صاحب (فرنيڈز اليون) تھے جنہوں نے 12 وکٹيں ليں۔ پليئر آف دي چمپن شپ کا اعزاز صفوان منظور صاحب (ناصر کرکٹ کلب) نے حاصل کيا (127 رنز 6وکٹيں اور 3 کيچز)۔ دوم آنے والي ٹيم ناصر کرکٹ کلب تھي جسے ميڈلز،ٹرافي اور £200 کے شاپنگ واؤ چرز ديے گئے جبکہ چمپئن ٹيم فرينڈز اليون کے ليے سيد طالع احمد شہيد کي تصوير سے مرصع ٹرافي، ميڈلز اور £300 شاپنگ واؤ چرز حاصل کيے۔ علاوہ ازيں مکرم ہاشم اکبر صاحب، مکرم رانا مسعو د احمد صاحب، مکرم فہيم احمد بٹ صاحب اور خاکسار رانا عرفان شہزاد کو بھي ياد گار ٹرافيوں سے نوازا گيا۔

تقسيم انعامات کے بعد مکرم اکرم احمدي صاحب نے مختصر تقرير ميں نو جوان کھلاڑيوں کو ان کے اچھے کھيل پر مبارکباد پيش کي اور انہيں شہدائے راہِ حق کے نقشِ قدم پر چلنے کي تلقين فرمائي۔ بعدازاں تقريب کا اختتام دعا سے ہوا۔

(رانا عرفان شہزاد۔ چيئرمين ٹورنامنٹ و صدر جماعت مسجد فضل لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ