• 29 اپریل, 2024

برازیل کے دارالخلافہ میں تبلیغی سرگرمیاں

موٴرخہ 12 تا 19؍مارچ 2022ء خاکسار (وسیم احمد ظفر۔ نیشنل صدر و مبلغ انچاج جماعت احمدیہ برازیل) نے برازیل کے کیپیٹل Brasilia کا تبلیغی دورہ کیا جو ہمارے مشن ہاؤس سے اندازاً 1100 کلو میٹرز کے فاصلہ پر ہے اس سفر میں مکرم ندیم احمد طاہر صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل بھی ہمراہ تھے جنہوں نے تمام روابط میں بہت مدد کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعا سے یہ دورہ بہت مصروف اور کامیاب رہا۔

رابطہ نومبائع۔ حال ہی میں ایک خاتون Jade Ferreira نے بیعت کی تھی چنانچہ اس دورہ کے پہلے ہی روز ان سے تفصیلی ملاقات کی انکو جماعت اور نظام کے بارہ میں مزید بتایا۔ لٹریچربھی دیا ان کے سوالات کے جوابات بھی دئے اسی ملاقات میں ان کی فیملی کے افراد بھی آ گئے چنانچہ ان سے بھی تفصیلی تبلیغی گفتگو کرنے کا موقع ملا۔

خطبہ جمعہ: موٴرخہ 18؍مارچ کو ہوٹل میں ہی جمعہ کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہماری نومبائع بہن بھی شامل ہوئیں انہیں جماعت کے بارہ میں مزید معلومات دیں جس پر انہوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا

لائبریری کا وزٹ: برازیلیا کی ایک بڑی پبلک لائبریری کا بھی وزٹ کیا اور وہاں کی ڈائریکٹر سے ملاقات کی انہیں اسلام اور احمدیت کا تعارف کروایا نیز لائبریری کے لئےپرتگیزی زبان میں لٹریچر اور قرآن کریم کا تحفہ دیا اس پر انہوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس کی اشد ضرورت تھی ان کے پاس جو قرآن تھا وہ کسی کا صرف ترجمہ کی شکل میں تھا خاکسار نے انہیں بتایاکہ اصل عربی متن کو چھوڑ کر صرف ترجمہ شائع کرنا مناسب نہیں ہے جماعت احمدیہ ہمیشہ ترجمہ کے ساتھ اصل عربی متن بھی شامل رکھتی ہےاس کے اور فوائد کے ترجمہ کے معیار کو پرکھنے میں بھی مدد ملتی ہے لائبریری کی انتظامیہ کی طرف سے بعد میں ایک خط کے ذریعہ شکریہ بھی ادا کیا۔

سرکردہ افراد سے روابط: اس دورہ کا ایک بڑا مقصد کیپیٹل لیول پر حکومتی لیڈران سے مل کر جماعت کا تعارف کروانے کے علاوہ انہیں پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شہرہ آفاق کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کے پرتگیزی زبان میں ترجمہ کی کاپی دینا تھا۔ چنانچہ ان سے روابط کے لئے جماعت کے تعارف پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی جس میں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے عالمی امن کی ایکٹیویٹیز کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا تھا۔ یہ رپورٹ کم و بیش 22سینیٹرز، 74ممبرز پارلیمنٹ۔ 05 منسٹرز، 22ایمبیسیز اور بعض دیگر اداروں کو بھجوائی۔ اس ضمن میں مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے ایک ہفتہ مسلسل محنت کر کے سب سے بار بار رابطہ رکھا اور تفاصیل بھی مہیا کیں اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا کرے۔ آمین۔ ان روابط کا بہت فائدہ ہوا کئی لیڈرز نے بتایا کہ وہ شہر سے باہر ہیں یا دوسری مصروفیات ہیں اور آئندہ ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اس کے نتیجہ میں کم ازکم جماعت کا پیغام تو پہنچ گیا۔

سینیڑز سے روابط اور ملاقاتیں: اس دورہ کے دوران جن 4 سینیٹرز سے ملاقات ہوئی ان کے نام یہ ہیں جناب Telmario Motá۔ جناب Zequinha Marinho جناب Alessandro Vieira جناب Nelsinho Trad ان سب سے بہت تفصیلی اور بہت اچھی ملاقاتیں ہوئیں اسلام اور جماعت کا تعارف کروایا ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات اور کاموں کا ذکر کیا اور سب کو پرتگیزی زبان میں حضور انور کی کتاب ورلڈ کرائیسس دی۔

خاص طور پر سینیٹر جناب Nelsinho Trad کا خصوصی ذکر ضروری ہے انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے خاکسار کو پورا پروٹوکول دیا ان کی سیکریٹری نے مسلسل رابطہ رکھا ان کی ہدایت پر جس گاڑی میں جا رہے تھے اس کی نمبر پلیٹ ان کو بھجوائی چنانچہ جب گاڑی سپیشل راستہ سے پہنچی تو جناب سینیٹر کا ایک آدمی ہمارا انتظار کر رہا تھا جو ہمیں ان کے دفتر لے گیا وہاں بھی ان کا آفیشل فوٹوگرافر بھی موجود تھا اور باقی کا عملہ بھی بہت بھرپور طریق سے ان سے ملاقات ہوئی انہوں نے کہا کہ جب خلیفہ صاحب آئیں گے تو یہاں نیشنل کانگرس میں ان کو ویلکم کہیں گے۔ انہوں نے بھی خاکسار کو ایک کتاب کا تحفہ دیا میٹنگ کے اختتام پر ہم جناب سینیٹر صاحب کی خصوصی ہدایت پر پروٹوکول کیساتھ ہی واپس آئے اور جب تک ہم گاڑی میں بیٹھ کر چلے نہیں گئے ان کا آدمی کھڑا رہا۔

پارلیمنٹ ممبرز سے ملاقاتیں: اس دورہ کے دوران دو ممبران پارلیمنٹ جناب Lafayette de Andrada اور جناب Frederico de Castro سے بھی ان کے دفاتر میں ملاقات ہوئی۔ جناب Lafayette صاحب سے کوئی ایک گھنٹہ ان کے اپنے دفتر میں گفتگو کا سلسلہ جاری رہا انہوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک کتاب میں حضرت عیسی علیہ السلام کے بارہ میں پڑہا تھا کہ وہ صلیب پر فوت نہیں ہوئے اور انہوں نے ہجرت کی اور انڈیا میں جا کر وفات پائی میں نے کہا یہ تو بانی جماعت احمدیہ کی کتاب ہے ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ اس پروہ بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے کہ یہ کتاب کہیں گم ہو گئی ہے میں دوبارہ یہ کتاب پڑہنا چاہتا ہوں مجھے بھجوائیں۔

ایمبیسیز کا وزٹ: اپنے دورہ کے دوران انڈیا۔ پاکستان اور گنی ایکوٹورئیل کی ایمبیسیز کا بھی دورہ کیا اور سرکردہ افراد سے ملاقاتیں کیں اس دوران ان سے مختلف موضوعات کے علاوہ انہیں جماعت کا تعارف کروانے کا بھی موقع ملا نیز ان کو شہرہ آفاق کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کا تحفہ بھی دیا۔ انڈین ایمبیسیدر صاحب نےملاقات کے علاوہ اپنی رہائش گاہ پر دوپہرکے کھانے پر بھی مدعو کیا تھا لیکن عین اس دن انڈیا میں ان کی والدہ کی وفات ہو گئی اور انہیں ایمرجنسی طور پر جانا پڑا اوران کی جگہ ان کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی۔

اسائلم کیسز کے اداروں کا وزٹ: ہیومینٹی فرسٹ برازیل کے تحت برازیل میں احمدیوں کے اسائلم کیسز کے سلسلہ میں گورنمنٹ کے متعلقہ اداروں سے بات چیت چل رہی ہے اس کام کو آگے بڑھانے کے لئے ان اداروں CONARE اور یو این او کے ادارہ UNHCR میں میٹنگز کا وقت لیکر متعلقہ افراد سے تفصیلی بات چیت ہوئی انہیں جماعت کا مزید تعارف کروایا جس پر انہوں نے اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی امید ہے ان میٹنگز کے مثبت اثرات نکلیں گے۔

ہیومن رائیٹس کے دفتر میں اہم ملاقات: منسٹری آف فارن آفئیرز کے ہیومن رائیٹس سیکشن کے ڈائرکٹر جناب Carlos Eduardo da Cunha Oliveira اور ان کی ٹیم کے افراد سے خصوصی ملاقات ہوئی ان کو بھی تفصیل کیساتھ جماعت کا تعارف کروایا نیز پاکستان میں جو احمدیوں کے حالات ہیں ان سے آگاہ کیا یہ ملاقات بھی بہت اچھی رہی اور اس طرح مزید جماعت کا تعارف کروانے کا موقع ملا نیز یہاں برازیل میں افراد جماعت کے اسائلم کے سلسلہ میں مدد ملے گی۔

اخباری رابطہ: برازیلیا کی سب سے بڑی اخبار Correio Brazilience کا بھی وزٹ کیا اور ایک اخباری نمائندہ سے بات کی انہوں نے بذریعہ ای میل معلومات بھجوانے کے لئے کہا تا کہ ایڈیٹر جائزہ لیکر مزید انٹرویو کے لئے وقت دے چنانچہ جب ان کو تفصیل بھجوائی تو انہوں نے انٹرویو کے لئے وقت دیا۔ ہم جب اخبار کے دفتر گئے تو جناب ایڈیٹر صاحب Vicente Nunes نے بھی ملاقات کی انہیں کتاب ورلڈ کرائیسس دی جس کے بعد اخباری نمائندہ کیساتھ کم و بیش ایک گھنٹہ خاکسار کا انٹرویو ہوا انہیں تفصیل سے اسلام احمدیت، مسیح کی آمد ثانی وغیرہ کے بارہ میں بتایا۔ 3؍اپریل 2022ء بروز اتوار اس اخبار میں رپورٹ شائع ہوئی جس میں جماعت کا تعارف کروانے کے علاوہ روس اور یوکرائن کی جنگ کے حوالہ سے پیارے آقا کا یہ فقرہ بھی لکھا کہ ’’لیڈرز لوگوں کی جانوں سے مت کھیلیں‘‘۔ اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ برازیل کے حوالہ سے جماعتی خدمات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ اس کے ذریعہ رنگ و نسل و مذہب کی تفریق کے بغیر انسانیت کی مدد کی جاتی ہے۔ ساتھ خاکسار کی فوٹو بھی دی جس میں خاکسار نے قرآن کریم پکڑا ہوا ہے۔

پمفلٹس کی تقسیم: مختلف لیڈرز اور اداروں میں مسلسل ملاقاتوں کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے اس دوران بعض افراد دلچسپی لیکر مزید جاننے کے لئے پوچھتے رہے ایک نوجوان کو جب پمفلٹ دیا تو انہوں نے اس طرح پبلک میں اسلام کی تبلیغ کےکام اور جذبہ کو دیکھ کر بڑی خوشی کا اظہار کیا انہوں نے کہا ہے کہ جب دوبارہ برازیلیا آئیں تو بتائیں اس دوران پبلک کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تصویر بھی دکھانے کا موقع ملا۔

بیعت: دورہ کے آخری روز ہ ایک برازیلین نوجوان بھی ہوٹل میں آئے ان کے ساتھ 4 گھنٹے سے زائدکی نشست ہوئی جس میں بڑی تفصیل سے مختلف موضوعات پر بات ہوتی رہی ان کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ نشست کے آخر میں اس نوجوان نے بیعت کی سعادت بھی حاصل کی۔ الحمد للّٰہ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے اور اسلام اور احمدیت کا پیغام زیادہ احسن طور پر اور وسیع پیمانے پر پہنچانے کی توفیق دے۔ اور اس مادی ملک کے لوگ احمدیت حقیقی اسلام کی آغوش میں آجائیں۔ آمین

(وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل آن لائن برازیل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی