• 28 اپریل, 2024

باجماعت نماز کے دوران مقتدی کہاں کھڑا ہو؟

فقہ کیا کہتا ہے

اگر امام کی اقتداء میں نماز پڑھنے والا صرف ایک شخص ہوتو وہ امام کے دائیں جانب کھڑا ہوگا۔حدیث میں آتا ہے۔
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اپنی خالہ ام المومنین حضرت میمونہ ؓ کے ہاں رات گزاری ۔رات کے وقت نبی کریم ﷺ بیدار ہوئے ،آپ ﷺنے مشکیزہ کھولا اور وضو کیا پھر مشکیزہ بند کر دیا،پھر نماز کے لیے کھڑے ہوگئے ۔پس میں بھی بیدار ہوا اور وضو کیا جیسا کہ آپ ﷺ نے وضو کیا تھا پھر میں آپ ﷺ کے بائیں طرف جاکر کھڑا ہوگیا ۔پس آپ نے میرا ہاتھ پکڑ کر اپنے پیچھے کی طرف سے مجھے گھما کر اپنی دائیں طرف کھڑا کیا پس میں نے آپ کی اقتدا میں نماز ادا کی۔

(سنن ابی داؤد کتاب الصلاۃ باب الرجلین یؤم احدھماصاحبہٗ کیف یقومان)

اگر امام ایک مقتدی کے ساتھ نماز باجماعت شروع کروائے اور بعد میں ایک اور مقتدی شامل ہو جائے تو پھر دونوں مقتدی امام کے پیچھے صف بنالیں گے۔

حضرت جابر ؓبیان کرتے ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہوگئے اور میرے اوپر ایک چادر تھی جو کہ چھوٹی تھی ۔میں نے اس کے دونوں کناروں کو پلٹا کر اسے اپنی گردن پر باندھا ۔پھر میں آکر رسول اللہ ﷺ کے بائیں طرف کھڑا ہوگیا تو آپﷺ نے میرا ہاتھ پکڑ کر اور گھما کر مجھے اپنی دائیں طرف کھڑا کر دیا پھر جبار بن صخرؓ آئے ۔انہوں نے وضو کیا پھر آکر رسول اللہ ﷺ کے بائیں طرف کھڑے ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ نے ہم دونوں کے ہاتھوں کو پکڑ کر ہمیں ہٹا کر اپنے پیچھے کھڑ اکر دیا۔

(صحیح مسلم کتاب الزھد و الرقائق)

اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر مقتدی ایک ہو تو وہ امام کے دائیں طرف کھڑا ہوجائے اور اگر ایک سے زیادہ مقتدی ہوں تو پھر سب امام کے پیچھے کھڑے ہوں۔
اگر مقتدیوں میں مردوں کے ساتھ عورتیں بھی شامل ہوں تو ان کی علیحدہ صف ہونی چاہیے جیسا کہ ایک روایت میں آتا ہے:حضرت انسؓ بن مالک بیان کرتے ہیں کہ میں نے اور میرے بھائی یتیم نے اپنے مکان میں نبی کریم ﷺ کے پیچھے کھڑے ہو کر نماز پڑھی اور میری والدہ ام سلیمؓ ہمارے پیچھے تھیں۔

(صحیح بخاری کتاب الاذان باب المرأۃ وحدھا تکون صفا)

حضرت انس ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ان کے اور ان کی والدہ یا ان کی خالہ کے ہمراہ نماز پڑھی تو آپ ﷺ نے مجھے اپنی دائیں طرف اور عورت کو یعنی میری والدہ کو ہمارے پیچھے کھڑا کیا۔

(صحیح مسلم کتاب المساجد و مواضع الصلاۃ)

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ قادیان کا انعقاد

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2019