• 29 اپریل, 2024

مجلس انصار اللہ فن لینڈ کی 2022ء کی سالانہ رپورٹ

الحمد للّٰہ مجلس انصار اللہ فن لینڈ جو کہ کافی چھوٹی سی مجلس ہے کا گزشتہ سال کافی بھرپور گزرا اور ہر ماہ مختلف ایکٹیوٹیز سے ممبران ایکٹو رہے۔

جنوری 2022ء میں نئی عاملہ نے حضور انور کی منظوری کے بعد اپنے اپنے شعبوں کا چارج سنبھالا، قائد ین کی صدر مجلس مکرم فرخ اسلام اور نائب صدر مجلس مکرم احمدفاروق قریشی سے انفرادی میٹنگز ہوئیں۔ مہینے کے شروع میں دیدہ زیب نیوز لیٹر میں تصویر و تعارف کے ساتھ نئے ممبران عاملہ کی اطلاع تمام انصار بھائیوں تک پہنچائی گئی۔ اس ماہ ہفتہ مال و ہفتہ تجنید بھی منایا گیا نیز 17؍جنوری کو ماہانہ اجلاسِ عام کے ساتھ جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کیا گیا۔ covid کی وجہ سے یہ آن لائن منعقد ہوا۔ حاضری کا تناسب تقریباً 68 فی صد رہا۔ پروگرام کی تفصیل درج ذیل ہے:

تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ: مکرم احمد فہیم (قائد تعلیم القرآن)، انگریزی ترجمہ: مکرم معصوم احمد (قائد تبلیغ)

اس کے بعد مکرم فرخ اسلام صدر انصار اللہ نے انصار کا عہد دہرایا جس کو سب شاملین انصار نےکھڑے ہو کر ساتھ دہرایا۔ مکرم یاسر منیب نے حدیث رسول مقبولﷺ پیش کی۔ مکرم وقار جاوید (قائد مال و ایثار) نے اقتباس حضرت مسیح موعودؑ پڑھ کر سنایا۔ مکرم مدثر احمد (قائد تعلیم و تربیت) نے منظوم کلام پڑھا جس کے بعدمکرم احمد قاسم نے ’’آنحضورﷺ کی زندگی و کردار‘‘ کے عنوان پر تقریر کی اس کے بعد مکرم طاہر احمد (قائد اشاعت) نے ’’آنحضورﷺ کی ہمدردی خلق‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

آخر پر صدر صاحب انصار اللہ کے اختتامی الفاظ و دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔

فروری2022ء کے مہینے میں شعبہ تعلیم و تربیت انصار اللہ نے آن لائن کوئز مقابلہ ’’کتاب رسالہ الوصیت‘‘ کا انتظام کیا جو کہ اجلاسِ عام کے ساتھ 24تاریخ کو آن لائن ہوا، اس میں انصار نے بھرپور شرکت کی اور 5 ٹیموں اور 23 انصار نے اس کوئز میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ایک ناصر کا لکھا مضمون اور ایک کی لکھی نظم جو الفضل آن لائن میں شائع ہوئے تھے کو ماہانہ نیوزلیٹر میں شامل کر کے انصار بھائیوں تک پہنچایا۔

موٴرخہ یکم فروری تا 10؍فروری 2022ء کو شعبہ اشاعت انصار اللہ نےعشرہ اشاعت منایا جس کا بنیادی مقصد انصار میں کتب حضرت مسیح موعودؑ پڑھنے کی طرف توجہ دلانا تھا نیز خطبات و خطابات حضور انور کے سننے کی طرف توجہ اور تمام جدید ذرائع سے استفادہ کرنے کی طرف رغبت دلانا تھی تاکہ اپنے اپنے حالات و دلچسپی کے مدنظر احباب ٹیکنالوجی کا انتخاب کر سکیں اور وہاں سے جماعت کی کتب، وڈیوز، آڈیوز نیز اقتباسات وغیرہ سےمستفیض ہو سکیں۔

عشرہ شروع ہونے سے قبل ایک چھوٹا سا انٹروڈکٹری و ڈیو کلپ عشرہ سے متعلق تیار کر کے انصار کو بھجوایا گیا نیز یوٹیوب چینل پر بھی اپ لوڈ کیا گیا۔

10 دنوں میں روز تمام انصار کو مختلف دیدہ زیب ڈیزائن کے کارڈز واٹس ایپ کے ذریعہ بھیجے جاتے رہے جن پر حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کے اقتباسات درج ہوتےتھے نیز جدید نشرو اشاعت کے بھی لنکس درج ہوتے تھے۔ ان ڈیزائنز کے علاوہ انصار بھائیوں کو مختلف اقتباسات، اخبارار و رسائل کی CUTTINGS و لنکس اور موٹیویشنل تحریریں وغیرہ روزانہ کی بنیاد پر بھیجی جاتی رہیں۔ الحمد للّٰہ ان سب کا انصار کی طرف سے بہت مثبت رسپانس آیا۔

انگریزی بولنے والے انصار کے لیے انگلش میں الگ سے یہ سب ڈیزائن بنائے جاتے رہے اور ان کو الگ سے بھیجے جاتے رہے اسی طرح اقتباسات کا بھی انگریزی ترجمہ ان کو بھجوایا جاتا رہا۔ یہ تمام ڈیزائنز اور اقتباسات سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی پھیلائے جاتے رہے اور ٹویٹر، فیس بک، انسٹا گرام پر بھی افادہ عام کے لیے پوسٹ کیے جاتے رہے جن کو انٹرنیٹ پر ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور بہت نے پسند کیا۔ ان سوشل میڈیا پوسٹس کے لنکس گاہے بگاہے انصار اللہ فن لینڈ کے ممبران کو بھی بھجوائے جاتے رہے۔

مارچ 2022ء کے مہینے میں شعبہ ایثار نے ایک لوکل چیریٹی آرگنائیزیشن Hope کو انصار سے قابل استعمال کپڑے حاصل کر کے پہنچائے گئے۔ اس کے علاوہ اس ماہ اجلاس عام کے ساتھ موٴرخہ 24؍مارچ کوسوال و جواب کی محفل منعقد کی گئی جس میں مکرم مربی صاحب کے ساتھ دلچسپ سوال و جواب ہوئے۔

اپریل کا مہینہ زیادہ تر رمضان کی مصروفیات میں ہی گزرا، موٴرخہ 21؍اپریل کومجلس انصار اللہ فن لینڈ کا اجلاسِ عام آن لائن منعقد ہوا۔جس میں کل 27ممبران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ہر منگل کو انصار کی مربی صاحب کے ساتھ آن لائن قرآن کلاس منعقد ہوتی رہی۔

مئی2022ء کے مہینے میں پندرہ تاریخ کو شعبہ صحت جسمانی کے تحت انصار کی صبح کی سیر اور ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔اس پروگرام میں کل بارہ افراد نے شمولیت کی۔ اس کے علاوہ ماہانہ اجلاس عام منعقد ہوا۔

جون2022ء میں جلسہ سالانہ فن لینڈ کی وجہ سے اس طرف ذیادہ مصروفیت رہی۔

جولائی 2022ء کے مہینے میں 3تاریخ کو انصار اللہ کا ماہانہ اجلاس عام ہیلسنکی نماز سینٹر میں منعقد ہوا جس میں کل 20انصار نے شمولیت کی۔ 9انصار آن لائن شامل ہوئے جبکہ 11انصار نے نماز سینٹر حاضر ہو کر شمولیت کی۔

موٴرخہ 31؍جولائی کو شعبہ صحتِ جسمانی کے تحت ممبران مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے ناشتہ اور نائب صدر صفِ دوم کے تعاون سے cycling کا پروگرام رکھا گیا جس میں لوکل شہر Helsinki,Espoo,Vantaa اور مضافات سے 9 ممبران نے شرکت کی۔ صبح 8 بجے ممبران ہیلسنکی نماز سینٹر میں اکٹھے ہوئے جہاں بھرپور ناشتے (حلوہ، پوریاں، چنے کے سالن، قیمے اور چائے) کا انتظام کیا ہوا تھا نوجوان خدام نے کھانے وغیرہ کو گرم کرنے اور انصار کو serve کرنے کی خدمت کی توفیق پائی۔ ممبران مجلس کا باقائدہ گروپ کی شکل میں cyclying کا یہ مجلس انصار اللہ فن لینڈ کی تاریخ میں پہلا پروگرام تھا جو الحمد للّٰہ بہت کامیاب رہا۔ ہر ناصر نے اوسط 5 کلو میٹر cyclying کی۔

اگست2022ء کے مہینے میں 10تاریخ کو انصار اللہ نے ہیلسنکی نماز سینٹر کے باہر کے تمام متعلقہ حصہ کا خدام الاحمدیہ کے ساتھ مل کر اجتماعی وقارِ عمل کیا۔ ہیلسنکی اور ملحقہ علاقوں سے انصار و خدام سے اس پروگرام میں شرکت کی اور بھرپور طریقے سے اور بہت محنت سے نماز سینٹر کے باہر صفائی کی۔ باہر گرے ہوئے پتوں کو صاف کیا گیا اور ٹرالی کے ذریعے ایک جگہ ڈھیر لگایا گیا، لکڑیوں اور ٹہنیوں کواٹھا کر دوسری جگہ رکھا گیا، جو اشیاء سٹور میں رکھی جا سکتی تھیں ان کو وہاں رکھا، پتھروں اور بجری کے ڈھیر کو محنت سے پھیلایا گیا، بلور کی مدد سے تمام پتوں کو صاف کیا گیا، گھاس کاٹنے کی مشین سے گھاس کی کٹائی اور پھر صفائی کی گئی۔ وقارِ عمل کے آخر پر صدر صاحب مجلس انصار اللہ نےاجتماعی دُعاکروائی۔دعا کےبعد نمازسینٹر میں وقارِعمل کرنےوالوں کے لیے کھانے کاانتظام تھا اورپیزا کےذریعےتواضع کی گئی۔

موٴرخہ 16؍اگست اجلاسِ عام کے دوران شعبہ تربیت مجلس انصار اللہ کے تحت ایک باہمی گفتگو کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام کو ’’بزمِ تفکر‘‘ کا نام دیا گیا اور اس سلسلے کا پہلا پروگرام ’’انصار کی ذمہ داریوں‘‘ کے عنوان پر کیا گیا۔ ممبران کی اچھی تعداد نے ہیلسنکی نماز سینٹر میں اس پروگرام میں شرکت کی نیز دوسرے شہروں کے ممبران نے آن لائن شرکت کی۔صدر انصار اللہ فرخ اسلام صاحب نے نیشنل صدر صاحب کو سٹیج پر مدعو کیا اور اجلاسِ عام کی کاروائی شروع کی۔

اس دوران صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے فن لینڈ کے نوجوان جو جامعہ احمدیہ یوکے میں زیرِ تعلیم ہیں اور وقفِ عارضی پر آئے ہوئے ہیں کو حوصلہ افزائی کی خاطر سٹیج پر بلایا۔ اس کے بعد قائد تربیت مکرم مدثر احمد نقاش کو پروگرام آگے بڑھانے کے لئے سٹیج پر دعوت دی اورمکرم مصور احمد مربی سلسلہ فن لینڈ کے آ جانے کے بعد اُن کو بھی سٹیج پر دعوت دی جس کے بعد حاضرین کو موضوع پر گفتگو کا موقع دیا گیا۔ سٹیج پر موجود ممبران کے علاوہ مکرمین عبد القیوم (قائد صحت جسمانی)، نسیم احمد (قائد تحریک وقف جدید) طاہر احمد (قائد اشاعت)، ارشاد بھٹی، سید حسیب احمد، احمد فاروق قریشی (نائب صدر صفِ دوم) احمد قاسم صاحبان نے گفتگو میں حصہ لیا اور قابلِ غور پہلووں کی نشاندہی کی۔ اس کے بعد باربی کیو کا انتظام تھا جس کی تیاری میں خدام نے حصہ لیا۔ آخر پر نیشنل صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

ستمبر2022ء میں اللہ کے فضل سے اور حضور انور کی منظوری سے مجلس انصار اللہ فن لینڈ کو اپنا ساتواں نیشنل اجتماع منعقد کرنے کا موقع ملا۔

رپورٹ ساتواں سالانہ اجتماع
مجلس انصار اللہ فن لینڈ 2022ء

الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار الله فن لینڈ کو اپنا ساتواں سالانہ اجتماع 17-18؍ستمبر کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع فن لینڈ کے دارلحکومت ہیلسنکی شہر میں جماعت کے نماز سینٹر میں منعقد ہوا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعا لیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع کے انعقاد کی تواریخ کی منظوری کے بعد اجتماع کی تیاریاں شروع ہو گئی تھی، اجتماع کے کاموں کو مزید بہتر کرنے کے لئےاجتماع کمیٹی کی میٹنگز کی گئیں، حاضری بہتر کرنے اور اجتماع کا ماحول بنانے کے لئے اجتماع کے فلایئرز اور پرومو بنائے گئے اور حاضرین اجتماع کیلئے نئے علمی و تفریح مقابلہ جات کو شامل کیا گیا ان کو حاضرین نے بہت سراہا۔

پہلا دن

موٴرخہ 17؍ستمبر کو اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا، نماز فجر اور ناشتہ کے بعد صبح 10بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جو مکرمین نیشنل صدر جماعت فن لینڈ، مبلغ انچارچ فن لینڈ اور صدر مجلس انصار اللہ فن لینڈ نے کی۔ ا س کے بعد صدر مجلس مکرم فرخ اسلام صاحب کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، انصار الله کے عہد دہرانے کے بعد نظم پیش کی گئی، اس کے بعد صدر مجلس نےحضور انور ا ید ہ الله تعا لیٰ بنصرہ العزیز کی نصائع کی روشنی میں اجتماع کے مقاصد اور انصار اللہ کی ذمہ داریاں پر تقریر کی، اس کے بعد مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد صاحب حاضرین مجلس سے مخاطب ہوئے انہوں نےحاضرین کو انصار اللہ کی ذمہ داریوں اور تقویٰ کے معیاروں کو بڑھانے کی طرف توجہ دلائی اس کے بعد نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم حافظ عطاءالغالب صاحب نےدعا کروائی۔

افتتاحی تقریب کے فوراً بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا، جس میں نشانہ بازی، پنجہ آزمائی کے مقابلہ جات نماز سینٹر میں ہوئے، پھر علمی مقابلہ پیغام رسانی اورتفریحی مقابلہ پیغام تقلید ہوا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا، اس کے بعد نمازیں ظہر و عصر ادا کی گئی اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات اسپورٹس گراونڈ میں ہوئے جس میں صف اول اور صف دوم انصار کے الگ الگ 100 میٹر دوڑ کے مقابلے ہوئے، صف دوم انصار میں رسہ کشی، گولہ پھینکنے کے مقابلے اور انصار کے مابین ایک بہت دلچسپ مقابلہ والی بال کا ہوا ۔ پھر شام اجتماع گاہ میں کسوٹی کا مقابلہ ہوا، پھر رات کا کھانا اور مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔

دوسرا دن

18؍ستمبر کواجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ صبح دس بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا، جس میں تلاوت، نظم، اذان، تقریر فی البدیہہ اور جنرل نالج کوئز کے مقابلہ جات کروائے گے۔ اس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ پیارے آقا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع لجنہ اماءاللہ یو کے کے موقع پر براہ راست خطاب حاضرین اجتماع نے سنا اس کے بعد ظہر و عصرکی نمازیں ادا کی گئیں۔

اختتامی تقریب کا آغازساڑھے چار بجے ہوا مربی سلسلہ جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد صاحب نے تقریب کی صدارت کی، تلاوت قرآن کریم، انصار الله کے عہد دہرانے کے بعد قصیدہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظم پیش کی گئی اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصار الله فرخ اسلام صاحب نے امسال منعقد ہونے والے پروگراموں کی سالانہ پراگرس رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے انصار کو انعامات دیے گئے۔

اس کے بعد مربی صاحب نےانصاراللہ کو اپنے تقویٰ کے معیار بڑھانے اور تبلیغی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

الله تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع کی حاضری 80 فی صد رہی، مکرم مربی صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اس کے ساتھ ہی ساتواں سالانہ انصار الله اجتماع فن لینڈ خدا تعا لیٰ کے فضل دکھاتا ہوا اپنے اختتام کو پہنچا، الحمد للّٰہ

اکتوبر 2022ء میں اللہ کے فضل سے مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے شعبہ تبلیغ نے ہیلسنکی سنٹرل ریلوے اسٹیشن کے قریب میں دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک تبلیغی اسٹال کا اہتمام کیا۔ الحمد للّٰہ بہت سے مقامی اراکین مجلس نے سردی، بارش اور طوفانی حالات کے باوجود شرکت کی، بعض نوجوان خدام اور اطفال نے بھی خیمہ لگانے اور سمیٹنے میں مدد کی۔ہمارے خیمے کے پاس سے گزرنے والے لوگوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصویر میں خصوصی دلچسپی لی۔ ایک خاتون نے انصار ممبران کے ساتھ ٹینٹ کی تصاویر لیں اور ہماری کوششوں کی تعریف کی۔ ہم نے اسلامی اصول کی فلاسفی، پاتھ وے ٹو پیس اور لوگوں میں بروشرز تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ ایک آئرش یہودی وزیٹر کے ساتھ بہت دلچسپ گفتگو ہوئی او ر بعد میں بھی ٹیکسٹ میسیج کے ذریعہ رابطہ رہا۔

18؍اکتوبر 2022ء کو مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے ماہانہ اجلاسِ عام کا ہیلسنکی نماز سینٹر میں انعقاد ہوا۔ لوکل ممبران نماز سینٹر میں تشریف لا کر جبکہ دوسرے شہروں کے ممبران نے online شرکت کی۔ اجلاس کی کاروائی شام 6 بجے عصر کی نماز کے بعد شروع ہوئی۔ اجلاس میں قائد تعلیم القرآن مکرم احمد فہیم صاحب نے تقریر بعنوان‘‘قرآن مجید کی فضیلت’’کی جس کے بعد قائد تحریک جدید و وقف جدید مکرم نسیم احمد صاحب نے اپنے شعبے سے متعلق گزارشات کیں، اجلاس کا اختتام صدر صاحب مجلس کے اختتامی کلمات و دعا کے ساتھ ہوا۔

نومبر2022ء میں 20 تاریخ کو مجلس انصار اللہ فن لینڈ کا ماہانہ اِجلاس عام مرکز ہیلسنکی میں منعقد ہوا۔ کیپیٹل کے علاقے میں رہنے والے ممبران نے نماز سینٹر آ کر اس میں شرکت کی دوسرے شہروں میں رہنے والے ممبران آن لائن پروگرام میں شامل ہوئے۔

صدر صاحب مجلس محترم فرخ اسلام نے اجلاس کی صدارت کی ان کے ساتھ سٹیج پر مکرم مربی صاحب بھی موجود رہے۔

تلاوت و ترجمہ نیز نظم، حدیث و اقتباس کے بعداردو تقریر قائد اشاعت مکرم طاہر احمد صاحب نے ’’اشاعت اور اردو زبان کی اہمیت‘‘ کے عنوان پر کی۔ اجلاس کی دوسری تقریر نائب صدر مکرم احمد فاروق قریشی صاحب نے ’’انصار صف دوم کو بوڑھا نہیں ہونا چاہیے‘‘ کے عنوان پر کی۔

مکرم صدر مجلس انصار اللہ فن لینڈفرخ اسلام صاحب نے اختتامی کلمات کہے جس کے بعد مکرم مربی صاحب نے دعا کروائی۔

دسمبر2022ء میں بھی حسب معمول ماہانہ اجلاس عام کا انعقاد ہوا نیز اس ماہ عشرہ صلاۃ بھی منایا گیا اور کرسمس کی چھٹیوں میں انصار کو باجماعت نماز سینٹر میں آکر ادا کرنے کی تلقین کی گئی نیز نماز سینٹر سے دور رہنے والوں کو گھروں میں نماز باجماعت کی ادائیگی کی توجہ دلائی گئی۔اس کے علاوہ باقاعدگی سے لوگوں کو مختلف تربیتی ارشادات بھجوائے جاتے رہے۔ سال کے اختتام اور نئے سال کے شروع میں جماعت نے تہجد اور نماز فجر کے بعد ناشتے کا انتظام کیا ہوا تھا جس میں انصار نے بھرپورشرکت کی اور ہیلسنکی اور نواح میں رہنے والے تقریباً تمام انصار تہجد میں شامل ہوئے۔

اسی طرح عمومی طور پر ہر ماہ انصار کے مجلسی جائزہ کے لئےانصار کا جائزہ فارم پرکروانے کے حوالے سے انصار کو یاددہانی کروائی جاتی رہی اور الله کے فضل سے حضور انور کی خدمت میں ماہانہ مجلس کی پراگرس رپورٹ پیش کی جاتی رہی۔ اس کے علاوہ ہر ماہ انصار اللہ کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس منعقد ہوتا رہا۔ قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ کرے مجلس انصار اللہ فن لینڈ کو مزید فعال خدمت کی توفیق ملتی رہے۔آمین

(طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل آن لائن فن لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی