• 28 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ آسٹریا میں سال نو کا تہجد اور دعاوٴں سے آغاز

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیشہ کی طرح جماعت احمدیہ آسٹریا نے امسال بھی نئے سال کے آغاز پر مختلف پروگرامز ترتیب دیئے۔ موٴرخہ 31؍دسمبر کی شام نماز مغرب وعشاء کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ آسٹریا نے بلئیرڈ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا۔ جس میں خدام وانصار نے بھرپور شرکت کی، نیز اس موقع پر اطفال الاحمدیہ کی دلچسپی کے لئےبھی مختلف گیمز کا اہتمام کیا گیا۔

ہمارا نئے سال کا آغاز کیسا ہونا چاہئےاور کس طرح ہم نئے سال کو اپنے لئے بابرکت بنا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں ہماری رہنمائی کیلئے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
ایک مومن کے لئے سال اور دن اس صورت میں مبارک ہوتے ہیں جب وہ اس کی توبہ کی قبولیت کا باعث بن رہے ہوں اور اس کی روحانی ترقی کا باعث بن رہے ہوں اور اس کی مغفرت کا باعث بن رہے ہوں۔۔۔ نئے سال کے پہلے دن کو ہی اس طرح دعاؤں کے ساتھ سجاؤکہ سارا سال ہی قبولیت دعا کے نظارے نظر آتے چلے جائیں۔۔۔حقیقی مومن وہی ہے جو تقوی کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے اعمال بجا لانے کی کوشش کرے۔ اس دعا کے ساتھ اپنے ہردن اورہرسال میں داخل ہو کہ اللہ تعالیٰ اسے ہمیشہ تقویٰ پر قائم رکھے اور دین و دنیا کی حسنات سے نوازتا رہے۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ 1؍جنوری 2010ء)

پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق حسبِ روایت امسال بھی جماعت احمدیہ آسٹریا نے سالِ نو کا آغاز اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر تضرعات اور دعاؤں سے کیا۔ پروگرام کے مطابق سب سے پہلےانفرادی اور باجماعت تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ اس کیلئے ذیلی تنظیموں اور جماعتی انتظام کے تحت آسٹریا بھر کی جماعتوں میں اطلاعات کروائی گئیں۔باجماعت تہجد اور نماز فجر کے بعد اپنے مختصر درس میں مکرم محمداشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج ونیشنل صدر جماعت احمدیہ آسٹریا نے فرمایا کہ نئے سال کے آغاز میں دعاؤں کیساتھ مثبت سوچ، نیک ارادے اور کمزوریوں کو دور کرنے کا عہد بھی کرنا چاہئے کیونکہ اللہ تعالیٰ نیک ارادوں کا بھی اجر دیتا ہے۔ چونکہ یکم جنوری سے انصار اللہ کے تنظیمی سال کا بھی آغاز ہوتا ہے۔ اس ضمن میں انصاراللہ نے نئے سال میں داخل ہونے کی دعاؤں کیساتھ اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ نئے سال میں اپنے تنظیمی امور کو مزید بہتر بناتے ہوئے خلیفہ وقت کے سلطان نصیر بننے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر مجلس انصار اللہ آسٹریا کی طرف سےاحباب کیلئے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس کے معاً بعدمختلف شہروں میں وقار عمل کئے گئے۔ اس کے لئے مجلس خدام الاحمدیہ آسٹریا نے قبل از وقت متعلقہ سرکاری اداروں سےاجازت حاصل کرکے ضروری انتظامات کئے ہوئے تھے۔ اس وقار عمل میں اطفال، خدام اور انصار نے بھرپور شرکت کی۔ ویانا اور انسبرک کے مختلف اخبارات نےوقار عمل کے پروگرامز کو خصوصی کوریج دی۔ آسٹریا کی جن لوکل جماعتوں نے نمازتہجد اور وقارعمل کے پروگرامز تشکیل دئیے ان میں

Vienna Jama’at Tahir Vienna , Jama’at Nasir Jama’at Voralberg, Jama’at Innsbruck, Jama’at Salzburg اور Jama’at Linz

شامل تھیں۔

اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ نئے سال کو جماعت احمدیہ اور انسانیت کیلئے بابرکت اور امن وسلامتی والا سال بنائے۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد فرخ۔ نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ آسٹریا)

پچھلا پڑھیں

دنیا بھر میں جماعت احمدیہ کی مساجد (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی