• 29 اپریل, 2024

خلافت خدا کی نمائندگی

وہ رشک ملائک یہی تاج ہے
یہی آدمیت کا معراج ہے
یہ نورِ خدا کی ہے جلوہ گری
یہ تکوین کا نقطہ محوری
نظام خلافت ہے پائندہ تر
اسی سے یہ خاکی ہے تابندہ تر
عدُوّ مُبیں اس سے پامال ہے
قبائے خلافت تری ڈھال ہے
ازل سے ابد تک یہ اعجازِ قُم
یہی روحِ مردہ کو آواز قُم
یہ ہے چشم گیتی میں تِل کی طرح
یہ سینہ ہستی میں دل کی طرح
شہی کا نہ جمہوریت کا ہے راج
یہ دونوں کا گویا حسیں امتزاج
بظاہر یہ جمہور کا ساز ہے
مگر قدرتِ حق کی آواز ہے
خلیفہ گو چنتے ہیں اہل وفا
مگر اُس میں ہوتی ہے حق کی رضا
خلافت خدا کی نمائندگی
اسی کی جھلک اور درخشندگی
جمالی صفت میں رحیم و کریم
یہ شان جلالی میں ضرب کلیم
ملے نورِ حق کو تھے مظہر نئے
بدلتا رہا تھا یہ پیکر نئے
یہ داؤدؑ و آدمؑ میں تھا جلوہ گر
ازل سے ابد تک یہ محو سفر
بنا مصطفیٰ ؐ اس سے شمسُ الضّحٰی
تو مہدی ؑ ہوا مثل بدرُ الدُّجٰی
یہ صدیقؓ و فاروقؓ و عثمانؓ میں
یہ حیدرؓ پہ اُترا نئی شان میں
اگر نورِدیںؓ میں یہ تھا جلوہ گر
تو محمودؓ تھا اس سے رشکِ قمر
یہ ناصرؒ میں طاہرؒ میں مسرور میں
شرابور تینوں اسی نُور میں
یہ زندہ تو زندہ ہے دین متیں
یہ قدرت کے جلووں کا عکسِ حسیں
اسی سے سدا محو پرواز تُو
فرشتوں سے بڑھ کر فلک باز تُو
اگر پاسبانی کا احساس ہے
سدا یہ امانت تیرے پاس ہے

(عبد السّلام اسلام۔لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20دسمبر2019