• 30 اپریل, 2024

سٹی کونسل پیٹروپولس (برازیل) میں اعزازی تقریب

برازیل کے صوبہ ریو دی جانئیرو کے شہر پیٹروپولس میں جماعت احمدیہ کا ہیڈ کواٹر ہے جہاں جماعت احمدیہ کی پہلی تاریخی مسجد ’’بیت الاول‘‘ کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ یہاں دیگر ایکٹیویٹیز کے علاوہ دیگر مذاہب کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے کے سلسلہ میں گاہے بگاہے مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہیومینیٹی فرسٹ برازیل کے تحت مختلف پراجیکٹس پر کام کرتے ہوئے بلا تفریق مذہب و رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کے کاموں کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمدللّٰہ

پیٹروپولس کی سٹی کونسل کی طرف سے ہر سال ایک اعزازی انعام ‘‘Personality of the Year’’ ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو شہر اور شہریوں کے لئے نمایاں خدمات بجا لاتے ہیں یہ انتہائی مسرت اور خوشی کی بات ہے کہ امسال ہمارے شہر Petrópolis کی کونسل نے خاکسار (وسیم احمد ظفر نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل ) کو شہر کے لئے نمایاں جماعتی خدمات کے اعتراف میں ’’Personality of the year‘‘ کا اعزاز دیا ہے۔ یہ پروقار تقریب موٴرخہ 21؍ ستمبر2022ء کوسٹی کونسل ہال میں منعقد ہو ئی کونسل کے صدر جناب Hingo Hammes صاحب نے خود یہ اعزازی دستاویزخاکسار کو دی۔ اس تقریب میں دیگر کونسلرز۔حاضرین اور اخباری نمائندے بھی موجودتھے خاکسار کو جب بلایا گیا تو صاحب سپیکر نے تفصیل سے خاکسار کا بہت اچھا تعارف کروایا اور بتایا کہ وسیم احمد ظفر پاکستانی ہیں اور جماعت احمدیہ برازیل کے صدر ہیں انہوں نے اپنی زندگی خدا کے لئے وقف کی ہوئی ہے نیزجماعت احمدیہ کی نمائندگی میں جو کام ہو رہے ہیں ان کا بھی کچھ ذکر کیا خاص طور پر انہوں نے جماعت کی مسجد کا ذکر کیا کہ 2014ء میں ان (وسیم احمد ظفر ) کے ذریعہ اس علاقہ کی پہلی مسجد تعمیر ہوئی ہے جو اس شہر پیٹروپولس میں ایک خوبصور ت اضافہ ہے۔ جناب صدر کونسل نے بھی اپنی تقریر میں جماعت کاتعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ کس طرح جماعت احمدیہ ضرورت پڑنے پر اپنی خدمات پیش کرتی رہتی ہےجن کا بہت سے لوگوں کو علم بھی نہیں انہوں نے بتایا کہ سب کونسلرز نے متفقہ طور پر یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ہے ایک اور کونسلر جناب Mauro Peralta نے بھی اس موقع پر اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ اسلام کا خدا وہی ہے جو سب کا ہے اور اسلام محبت اور پیار کا مذہب ہے انہوں نے سب حاضرین کو بتایا کہ جب ہم مشن ہاوس وزٹ کے لئے گئے تو وہاں غریبوں کی امداد کے لئے خوردو نوش کے 100 پیکٹ تھے انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جماعت اس خدمت کے کام کو جاری رکھے گی۔ اس موقع پر خاکسار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکرا دا کیا اور پھر کونسلرز کا نیز بتایا کہ ہمارے پاس ایک روحانی لیڈر ہے جسے ہم خلیفہ کہتے ہیں اور جن کی راہنمائی میں کام کرتے ہیں اسی طرح ہیومینیٹی فرسٹ کے تحت بھی جہاں موقع ملتا ہے خدمت کے کام کرتے رہتے ہیں اس موقع پر خاکسار نےا پنی اہلیہ اور باقی فیملی ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جن کا تعاون ہمیشہ ساتھ رہا۔ خاکسار نے بتایا کہ اس اعزاز کے نتیجہ میں اب پہلے سے بڑھ کر خدمت کے کام کرنے کی طرف توجہ پیدا ہوگی۔

کونسل کا جو آفیشل ویب پیج ہے اس میں بھی فوٹو کے ساتھ یہ خبر دی گئی ہے اسی طرح تین اخباروں نے بھی اس کی کوریج دی۔ ایک اخبار نے فوٹو کے ساتھ بہت عمدہ اور تفصیلی خبر دی جس کا مکمل ترجمہ یہ ہے

’’ وسیم احمد ظفر صدر جماعت احمدیہ برازیل کے متعلق جانئے

جن کو سٹی کونسل نے Personality of the year کے اعزاز سے نوازا ہے ‘‘

یہ اعزاز ان کے لئے خاص ہے جو شہر کے لئے نمایاں کام کرتے ہیں

’’ امام وسیم 1959ء میں پاکستان میں پیدا ہوئے جہاں سے جماعت کے مشنری کالج (جامعہ) سے سات سال کی پڑھائی کامیابی کے ساتھ مکمل کی پاکستان کے مختلف شہروں میں سروس کے بعد 1991ء میں انہیں گوئٹے مالا بھیجا گیا جہاں پر انہوں نے 3 سال تک جماعت کی خدمت کی جس کے بعد جماعت کے مشن پر انہیں برازیل بھیجا گیا جہاں وہ تا حال شاہی شہر پیٹروپولس میں بحیثیت صدر جماعت و مبلغ انچارج جماعت اور دوسرے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں (برازیل آنے کے بعد) شروع میں ہی انہوں نے 1994ء میں جلسہ سالانہ کا آغاذ کیا اس جلسہ سالانہ میں مذہبی۔سماجی و سیاسی افراد علمی و روحانی ترقی کے لئے جمع ہوتے ہیں یہ جلسہ جو آج تک کسی وقفہ کے بغیر منعقد ہو رہا ہے (سوائے 2020ء کے جو کووڈ کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکا ) پیٹروپولس میں مذاہب کے آپس میں تعلقات اور باہمی گفتگو اور امن کے قیام کے لئے یہ جلسہ بہترین پلیٹ فارم ہے

2011ء میں وسیم یہاں (برازیل ) میں ہیومینیٹی فرسٹ لیکر آئے جو جماعت احمدیہ کی انسانیت کی خدمت کے لئے ایک آرگنائزیشن ہے جو مختلف پراجیکٹس پر بلا تفریق مذہب۔ رنگ و نسل کے خدمت کر رہی ہے 2018ء میں ہیومینیٹی فرسٹ برازیل میں باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہوئی اور تب سے زیادہ وسیع اور بہتر رنگ میں برازیلین لوگوں کی خدمت کے کام ہو رہے ہیں ۔

2014ء میں ( وسیم کی کوششوں سے ) اس علاقہ کی پہلی مسجد کی بنیاد رکھی گئی جس کا نام بیت الاول ہے اور جس کے دروازے دلچسپی رکھنے والوں۔ سیاحت کرنے والوں اورسب کے لئے کھلے ہیں۔ اس کے ساتھ 2018ء میں ہی دو زبانوں پر مشتمل جماعت کی ایک اخبار الھدی کا بھی اجراء کیا جس کے ذریعہ یہاں کے لوگوں کو مذہبی۔روحانی اور تعلیمی معلومات دی جاتی ہیں ۔

ان کاوشوں کے پیش نظر صدر جماعت احمدیہ امام وسیم احمد ظفر کو سٹی ہال میں Personality of the year کے اعزاز سے نوازا گیا ہے جو خود سٹی کونسل کے صدر جناب Hingo Hammes نے گزشتہ بدھ 21؍ ستمبر کو پیش کیا ۔

اس موقع پر پاکستانی (وسیم احمد ظفر ) کو بہت تعجب ہوا جب انہیں اس اعزاز کے ملنے کی اطلاع دی گئی انہوں نے بتایا کہ ان کے لئے ایک بہت بڑا سرپرائز تھا جس کے بارہ میں سوچا بھی نہیں تھا ‘‘ یہ انعام وصول کرنا میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس کی مجھے خوشی ہے اور اب اس کے نتیجہ میں مجھے پہلے سے بڑھ کر اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو رہا ہے ’’ وسیم نے بیان کیا :
آج کل وسیم پیٹروپولس شہر میں رہ رہے ہیں ان کے نزدیک یہ شہر جس نے ان کا خیر مقدم کیا ان کے مشن کے لئے بہترین جگہ ہے‘‘ اس شہر کی اہمیت کے لئے یہ ایک وجہ ہی کافی ہے کہ اس میں جماعت احمدیہ برازیل کا مرکز اور پہلی مسجد ہے یہ ایک ایسا شہر ہے جس میں بہت پیار کرنے والے اور ملنسار لوگ ہیں اس کے علاوہ یہاں ہمیں مکمل مذہبی آزادی محسوس ہوتی ہے۔ ‘‘

30 سال پر محیط مذہبی اور انسانی خدمات

امام وسیم نے اسلام اور احمدیت کی پر امن تعلیم کا پرچار کرتے ہوئے برازیل کے تمام (27) صوبوں کا وزٹ کیا ہے جو مغرب کے اسلام کے متعلق غلط تصور کے بالمقابل ایک جہاد ہے امام وسیم نے پہلے ہی برازیل کی تمام ریاستوں کا دورہ اسلام اور احمدیہ کے امن کے پیغام کو پہنچانے، مغرب میں مذہب کے گرد تعصب کے خلاف لڑنے اور حکومتوں اور میونسپل اداروں کے ساتھ شراکت داری میں مشترکہ بھلائی کے لیے انسانی ہمدردی کے منصوبے تیار کرنے کے مشن پر کیا ہے۔ اگلے سال صدر جماعت احمدیہ برازیل کو یہاں مذہبی اور انسانی خدمت کرتے 30 سال ہو جائیں گے۔

(Tribuna de Petropolis 23 – 09 – 2022)

اس تقریب کی رپورٹ یوٹیوب چینل پر بھی اپلوڈ کی گئی ہے۔ یقیناًجماعت کے مزید تعارف کے لئے یہ اعزاز کافی ممد و معاون ثابت ہو گا۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل اورخلافت احمدیہ کی برکات کا ثمرہ ہے اور اصل اعزاز تو جماعت کا ہے اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برازیل کے لئے یہ اعزاز بہت مبارک کرے اور ہمیں عاجزانہ راہوں پر چلتے ہوئے مزید کامیابیاں دیتا چلا جائے اور جلد یہاں کے لوگ بھی احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی آغوش میں آکر اپنے پیدا کرنے والے رب کو پہچان لیں۔ آمین۔ثم آمین

(وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل آن لائن برازیل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ