• 27 اپریل, 2024

سال نو تبلیغ ڈنر

اسلام میں ہمسایوں کے حقوق پر بہت زور دیا گیا ہے اور ہمسایوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی احادیث میں متعدد روایات موجود ہیں۔ انہی اسلامی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مکرم امیر صاحب یو کے کے حکم کی اطاعت میں شعبہ تبلیغ مسجد فضل لندن سیکرٹری تبلیغ مکر ڈاکٹر نصیر احمد کی سربراہی میں وقتاً فوقتاً مسجد فضل لندن کے گردو نواح میں رہائش پذیر مقامی افراد کو مسجد فضل لندن کی سیر پر بلاتے رہتے ہیں اور انہیں مسجد کی سیاحت کے علاوہ جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف بھی کروایا جاتا ہے۔

گزشتہ سال کوئین الزبتھ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر منعقدہ مقامی تقریبات میں شمولیت کے بعد مقامی افراد کی جانب سے مسجد کی زیارت کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب یو کے نے مقامی افراد کو مسجد کا وزٹ کروانے کی طرف خاص توجہ دینے کا ارشاد فرمایا۔

سال نو کی آمد کی مناسبت سے شعبہ تبلیغ نے یہ پروگرام ترتیب دیا۔ اس پروگرام کا انعقاد موٴرخہ 15؍ جنوری 2023ء بروز اتوار کیا گیا۔

سو کے قریب دعوت نامے چھپوا کر مسجد فضل لندن سے ملحقہ گلیوں Gressenhall Road, Granville Road Segmour Road, Melrose Roadکے گھروں میں دستک دے کر انفرادی طور پر یہ دعوت نامے تقسیم کیے گئے۔ دعوت ناموں کی تقسیم کے لیے مکرم رانا ناصر احمد نائب صدر، مکرم ڈاکٹر نصیر احمد سیکرٹری تبلیغ، مکرم ارسلان احمد جنرل سیکرٹری اور مکرم جہانگیر پر مشتمل دو ٹیمیں بنائی گئیں جن کا لوگوں کی طرف سے بہت اچھا Responseملا اور اکثر افراد کی طرف سے بذریعہ ای میل کنفرمیشن بھی آگئی۔ ہمارا اندازہ تھا کہ 20سے25 افراد تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس پروگرام کا نعقاد مسجد فضل لندن میں واقع محمود ہال کے عقب میں نصب مارکی میں کیا گیا۔ جسے مکرم رانا ناصر احمد نائب صدر مسجد فضل لندن نے مکرم بشارت احمد نعیم سیکرٹری تربیت اور مکرم مبارک احمد کنگ، مکرم حسان شہزاد رانا اور مکرم حبیب الرحمٰن رانا نے مل کر بہت خوبصورتی سے تیار کیا۔ مارکی کو مختلف اقسام کے تبلیغی بینرز اور تصاویر سے مرصع کیا گیا تھا۔ سیکرٹری ضیافت یو کے مکرم مرزا عبد الرشید نے پُر تکلف عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔

موٴرخہ 15؍ جنوری شام چھ بجے مہمانان کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا اور خدا کے فضل رحم کے ساتھ مہمانوں کی متوقع تعدا د جو کہ 20سے25تک تھی بڑھ کر معجزانہ طور پر 50 تک جا پہنچی۔ شاملین پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ یہ لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ تشریف لائے اور مسجد کے گیٹ پر مکرم ڈاکٹر سردار حمید، مکرم ڈاکٹر نصیر اور مکرم بشارت احمد نعیم نے اُن کا استقبال کیا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی ریجنل امیر مسجد فضل لندن کے نمائندہ خصوصی مکرم عمران احمد شیخ تھے جب کہ میزبانی کے فرائض مکرم عثمان شہزاد بٹ ریجنل مشنری مسجد فضل ریجن نے سر انجام دیے۔

پروگرام کا آغاز شام سات بجے تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت مکرم ڈاکٹر نصیر احمد نے حاصل کی۔

تلاوت کے بعد خاکسار رانا عرفان شہزاد صدر جماعت مسجد فضل لندن نے معزز مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور اپنے welcome Addressمیں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں مکرم عثمان شہزاد بٹ نے اس پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف بذریعہ پروجیکٹر حاضرین مجلس کو بڑی سکرین پر دکھایا گیا جس میں خاص طور پر یہ بتایا گیا تھا کہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا موٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ ہے۔ علاوہ ازیں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز امن کے سفیر کے طور پر عالمی تصادم کو روکنے کے لیے جو کوششیں کر رہے ہیں ان کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

اس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد مختلف مہمانوں نے اپنے تاثرات بیان کیے۔

ایک مہمان مسٹر چارلس نے بتایا کہ گزشتہ سال نومبر میں ساؤتھ فیلڈ اسٹیشن پر جماعت احمدیہ کے رضاکار سخت سردی کے باوجود Popy Apealسلسلہ میں فنڈز اکٹھے کرتے رہے اور قریباً 10,000پاؤنڈز سے زائد کی رقم صرف اس اسٹیشن سے اکٹھی کی گئی جب کہ خدمتِ انسانیت کا یہ سلسلہ سارے لندن کے مختلف مقامات پر جاری تھا۔

اس کے بعد معزز مہمانوں کی خدمت میں پر تکلف عشائیہ پیش کیا گیا اور ان کے اپنے مشرقی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

کھانے کے بعد تمام مہمانوں نے مسجد کا وزٹ کیا اور مسجد فضل کے اندر تشریف لے گئے جہاں پر خواتین و حضرات نے کھل کر مختلف سوالات کیے جن کے جوابات مکرم عثمان شہزاد بٹ نے دیے۔

ایک مہمان خاتون نے کہا کہ میں نے اس بات کا مشاہدہ کیا ہے کہ باہر سے مسجد فضل سیدھی ہے جبکہ اندر جائے نماز ترچھے بچھائے گئے ہیں۔ اس کی کیا وجہ ہے ؟ جواباً محترم مربی صاحب نے بتایا کہ یہ قبلہ رخ درست کرنے کے لیے ہے۔

قصہ مختصر تمام مہمانوں نے ہماری مہمان نوازی اور ضیافت کو بہت پسند کیا اور شکریہ ادا کیا۔

کھانے کی ٹرانسپورٹ اور تقسیم مکرم اجمل خان پاشا سیکرٹری ضیافت اور مکرم محمد احمد راجہ نے کی جب کہ کارکنان میں مکرم نعمان احمد، مکرم جہانگیر، مکرم سعادت احمد، مکرم نعیم احمد ناصر اور مکرم احتشام احمد نے بہت تعاون کیا۔ جبکہ سمیع وبصری کے انچارج مکرم اسامہ رانا تھے۔ معزز مہمانوں اور شاملین کی تعداد 75رہی۔ الحمدللّٰہ علی ذالک

مہما نوں کی دلچسپی اور شکریہ کا سلسلہ اسی پر ختم نہیں ہوا بلکہ بعد ازاں انہوں نے بذریعہ ای میل بھی شکریہ ادا کیا۔

ایک مہمان مسٹر برائن اوٹس Mr Bryan Oatssلکھتے ہیں:
‘‘میں اور میری بیویRuthieآپ لوگوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ کس طرح آپ لوگوں نے گزشتہ شب مسجد فضل میں ہمارا شاندار استقبال کیا۔ کھانا بہت لذیذ تھا اور جو باتیں ہم نے سنیں وہ دل میں اتر جانے والی تھیں۔ مسجد فضل میں گزارے ہوئے یہ لمحات ہماری زندگی کے چند پر سکون اور خوشیوں سے بھر پور لمحوں میں سے ایک ہیں جس کو ممکن بنانے میں ہم آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ آپ لوگوں کا بہت شکریہ۔ ( برائن )

معزز مہمانوں کے ان ذریں الفاظ سے ہمیں اس بات کی تقویت ملی کہ ان شاء اللّٰہ تعالیٰ ہم ہمسایوں سے ملاقاتوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے تا احمدیت کا پُر امن پیغام ہر گھر تک پہنچ جائے۔ (ان شاء اللّٰہ)

آخر میں خاکسار تمام کارکنان اور انتظامیہ کا مشکور ہے جو اپنی گو نا گوں مصروفیات میں سے وقت نکال کر تشریف لائے اور اس تقریب کو اپنے کام اور جہد مسلسل سے ممکن بنایا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں احسن رنگ میں خدمت ِ دین کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ : رانا عرفان شہزاد۔ صدر جماعت مسجد فضل لندن)

پچھلا پڑھیں

ایک سبق آموز بات (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ