• 28 اپریل, 2024

ایڈیٹر کی ڈاک

تاثرات۔آراء۔تجاویز

طاہرہ زرتشت ناز۔ناروے سے لکھتی ہیں:

مکرم ومحترم ایڈیٹر صاحب !
السلامُ علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ ۔
امید ہے کہ آپ بفضلِ تعالیٰ بخریت ہوں گے ۔ آپ کو الفضل کے آن لائن اجراء کی دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔
الفضل کے ساتھ ہمارا ایک بہت پرانا اور گہرا رشتہ ہے جو ہمیں اپنی ماؤں سے وراثت میں ملا ہے۔میری والدہ اور زرتشت صاحب کی والدہ….ان دونوں کا جو دلی لگاؤ اس اخبار سے تھا۔وہ بچپنے میں عجیب معلوم ہوتا تھا۔مگر جیسے جیسے ہوش کا زمانہ آیا تو اس پھل دار درخت کے شیریں ثمرات سے آگاہی ہوئی ۔ تب احساس ہوا کہ اس کی قدروقیمت کیا ہے۔
میری نانی جان کا جب نکاح میرے نانا سے ہوا تو نانا جان نے اپنی منکوحہ کو پیغام بھیجا کہ ’’آپ کو اس موقع پر کیا تحفہ بھیجوں ؟‘‘ ہماری نانی جان نے لکھا کہ ’’مجھےروزنامہ الفضل لگوا دیجئےجو میں کسی سے لے کر پڑھتی ہوں ۔‘‘ اُس پر نانا جان نے اُن کے نام روزنامہ الفضل جاری کروادیا۔
جب کچھ عرصہ پہلے الفضل پر پابندی لگا کراسے بند کر دیا گیا تو ہمیں سخت صدمہ پہنچا۔میرے محترم شوہر مجھ سے کہنے لگے کہ کبھی کبھی میری طبیعت بے حد مضمحل ہوتی ہے ایک اخبار آتا تھا وہ بھی بند ہوگیا۔ میرا دل سخت رنجیدہ ہے ۔ دل چاہتا ہے کہ پیارے حضور کو لکھوں کہ دنیا جہان کے اخبار اب آن لائن نکلتے ہیں کیوں نہ ہم بھی ایک اخبار آن لائن نکال لیں ۔ تاکہ الفضل کی کمی پوری ہو اور رابطے پھر سے بحال ہوں اور روحانی مائدہ بھی ملے ۔
خاکسار نے مشورہ دیا کہ دعا کریں اور بے شک لکھیں ضرور لکھیں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے حضورانور کی خدمت میں خط لکھا۔ کچھ ہی عرصہ کے بعد گلدستہ علم و ادب جاری ہوا ۔ جس کی اس قدر خوشی ہوئی کہ بیان کرنا ناممکن ہے ۔ ہم نے سوچااور عہد کیا اپنے اللہ سے کہ ہم ہر طرح سے معاونت کریں گے۔ بےشک کہ اس قابل نہیں مگر اپنی پوری کوشش کریں گے۔
پھر یوں ہوا کہ جیسے بہار آگئی ۔ صبح صبح اخبار دیکھنا، مضامین پڑھنا اور گلدستہ پر تو جیسے دنوں میں نکھار آتا گیا اور اس کی خوشبو تو شش جہات میں سرعت سے پھیل گئی ۔
اب اللہ تعالیٰ نے یہ مبارک دن بھی دکھایا کہ الفضل اخبار کا اجراء آن لائن حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایّدہ اللہ نے شان و شوکت سے فرمایا۔ جس سے دل کے مرجھائے غنچے پھر سے کھِل اُٹھے ۔
اس مبارک دن کو عید کی طرح سے پُر مسرت بنادیا اور غم جاتا رہا ۔ اللّٰهُ اکبر ۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِ ہٖ سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَظِیْم ۔
’’وہ غالب ہے اور بہت حکمت والا بھی بے شک۔‘‘
اللہ اس بابرکت چشمہ کو جاری و ساری رکھے جس میں ہمارے پیارے بزرگوں کی قربانیاں شامل ہیں ۔ اللہ اُن پیارے بزرگوں کو ان کی نیکیوں کے پھل عطا فرمائے اور اپنی رضا کی جنتوں میں عظیم الشان مقام عطا فرمائے ۔ جنہوں نے یہ مبارک پودے لگائے اور اپنے لہو سے انہیں سینچا۔ آج ہم یہ پھل کھا رہے ہیں۔
ہم پر ان سب پیاروں کے لئے دعا کرنا واجب ہے جن کے لئے پیارے آقا نے ارشاد فرمایا ۔ اللہ ہماری حقیر دعاؤں کو قبول فرمائے آمین ثم آمین ۔
اللہ تعالیٰ ہر قدم پر آپ کی نصرت فرمائے اور ہر شر سے محفوظ رکھے ۔آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جنوری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جنوری 2020