• 26 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ ساؤتومے

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے موٴرخہ 17؍ دسمبر2022ء کو جماعت احمدیہ ساؤتومے کو گوادالوپ (Guadalupe) شہر کے اسکول کے فٹ بال گراؤنڈ میں اپنا نواں ایک روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔ سال 2020ء اور 2021ء میں کرونا وائرس کی وجہ سے جلسہ سالانہ منعقد نہیں ہو سکا تھا۔ امسال 21؍ مئی کوپرنسپ جزیرہ پر اور 17؍ دسمبر کو ساؤتومے میں جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ 17؍ دسمبر کی صبح 8 بجے تک احباب جماعت فٹ بال گراؤنڈ میں جمع ہو گئےتھے۔ جلسہ کا عنوان تھا’’خلافت احمدیہ امن، بھائی چارےکی ضمانت ہے‘‘ گراؤنڈ کو مختلف جماعتی بینرز سے سجایا گیا تھا۔

جلسہ سالانہ میں کل سات تقاریر کی گئیں۔ جن کے عناوین یوں ہیں:
1۔ خلافت احمدیہ امن اور بھائی چارے کی ضمانت ہے۔ 2۔ مساجد کی اہمیت اور آداب مساجد۔ 3۔ نکاح کو رواج دینا۔ 4۔ رسول اللہﷺ کے بارے بائیبل کی پیش گوئیاں۔ 5۔ سیرت النبیﷺ۔ 6۔شراب اورخنزیر کے گوشت کی ممانعت ازروئے قرآن و بائیبل اور سائنسی نقطہ نگاہ میں۔ 7۔ مالی قربانی کی اہمیت و برکات۔

جلسہ کے پہلے سیشن کا آغاز 9 بج کر 30 منٹ پر ہوا۔ پہلے سیشن میں تلاوت اور نظم کے بعد تین تقاریر ہوئیں۔ دونوں سیشن کے درمیان نومبائعین نے اپنے احمدیت قبول کرنے کے واقعات سنائے اور سوال و جواب بھی ہوئے۔12 بجے وقفہ کیا گیا۔ دوران وقفہ ریفریشمنٹ کروائی گئی اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ پھر دوسرے سیشن میں چار تقاریر ہوئیں۔ جلسہ کے اختتام پردعا ہوئی۔ احباب جماعت نے جماعتی نظمیں اور ترانے پڑھے۔ احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔5 بجے شام تک تمام احباب جماعت بخیریت اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ جلسہ سالانہ میں الحمد للّٰہ30 جماعتوں سے 410 احباب جماعت اور غیر مسلم احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس میں برکت دےآمین۔ مقامی ریڈیو نے جلسہ کی خبر نشر کی۔

تاثرات

ضلع لوباتا کے میئر صاحب جلسہ میں شریک ہوئے تھے۔ کہنے لگے کہ میں جماعت احمدیہ کو بڑے عرصہ سے جانتا ہوں۔ یہ بہت پرامن مذہب ہے۔ہمارے ملک میں اگر تمام مذاہب اسی طرح امن کی تعلیم دیں تو بہت حسین معاشرہ تشکیل پائے گا۔ جماعت احمدیہ پورے ملک میں عوام الناس کے اندر ایک تبدیلی پیدا کر رہی ہے۔ جماعت کی طرف سے ہمیشہ امن کا پیغام ملا ہے۔ وقار عمل بھی جماعت کا طرہ امتیاز ہے۔ میں خدام سے اپیل کرتا ہوں کہ نئے سال کے موقع پر ہماری مدد کریں۔ اس پر خدام الاحمدیہ ساؤتومے نے ملک بھر میں وقار عمل کے کئی پروگرام کئے۔

اس جلسہ میں بہت سارے نومبائعین بھی شریک ہوئے۔ جلسہ میں ان کی ملاقاتیں اپنے خاندان والوں سے ہوئیں جو پہلے سے احمدی تھےیا نئے احمدی ہوئے تھے۔ نومبائعین اور پرانے احمدی اپنے خاندانوں کو جماعت میں دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ بار بار اپنی خوشی کےجذبات کا اظہار کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے کہ اس نے ہمارے خاندانوں کو حقیقت کا راستہ دکھایا۔

(انصر عباس۔ مبلغ سلسلہ ساوٴتومے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی