• 2 مئی, 2024

مالی، ریجن کیتا میں ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد

حضرت مسیح موعود علیہ السلام جلسہ سالانہ کےاغراض و مقاصد بیان فرماتے ہیں کہ:
’’اِس جلسہ میں ایسے حقائق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کیلئے ضروری ہیں اور نیز اُن دوستوں کیلئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی اور حتی الوسع بدرگاہ ِ ارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشے اور ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہر یک نئے سال میں جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے وہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہو کر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور روشناسی ہو کر آپس میں رشتہ تودّد و تعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا اور جو بھائی اس عرصہ میں اس سرائے فانی سے انتقال کر جائے گا اس جلسہ میں اس کیلئے دعائے مغفرت کی جائے گی اور تمام بھائیوں کو روحانی طور پر ایک کرنے کیلئے ان کی خشکی اور اجنبیّت اور نفاق کو درمیان سے اٹھا دینے کیلئے بدرگاہ حضرت عزت جلّ شانہٗ کوشش کی جائے گی اور اس روحانی جلسہ میں اور بھی کئی روحانی فوائد اور منافع ہوں گے جو ان شاء اللہ القدیر وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے۔‘‘

(آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد4 صفحہ351-352)

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کے نظام کی بنیاد خدا تعالیٰ کے اذن سے1891ء میں رکھی تھی۔ اس کی پیروی میں آج مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ اپنے جلسے منعقد کرتی ہے اور اب جلسہ سالانہ کا نظام بعض ممالک میں ریجنل سطح پر بھی جاری ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے ذریعہ سے جہاں احباب کے روحانی، اخلاقی اور علمی معیار بلند ہوتے ہیں وہیں ان جلسہ جات کے ذریعہ سے احباب جماعت میں محبت ،اخوت اور بھائی چارہ فروغ پا تا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہی اغراض کو پیش نظر رکھتے ہوئے مالی کے ریجن کیتا کو مؤرخہ 26تا27فروری 2022ء اپنے ساتویں جلسہ سالانہ ریجنل کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جلسہ کے انعقاد سے قبل مکرم خالد احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن کیتا کی سربراہی میں ریجنل سطح پرمختلف میٹنگز کر کے جلسہ کے انعقاد اور پروگرامز کے متعلق حتمی فیصلے کیے گئےاور شہر کی انتظامیہ سے اجازت لی گئی۔

جلسہ ریجنل کا آغاز مؤرخہ 26فروری کو بعد از نماز عشاء ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے آنحضرت ﷺ کی سیرت کے دلکش پہلوؤں کو بیا ن کیا جس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ رات 12بجے مقامی وقت پر ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیاگیا۔ بعد ازنماز فجر درس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دس بجے صبح دوسرے دن کی کاروائی کا باقاعدہ آغاز مکرم مولانا ظفر احمدبٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہواجس کے بعدقصیدہ پیش کیا گیا۔اس اجلاس میں پہلی تقریر مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے ’’ایک احمدی کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم عبدالقادر تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از قرآن و حدیث‘‘ کے عنوان پر اپنی گزارشات پیش کیں۔جس کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے ‘‘اِسْمَعُوْا صَوْتَ السَّمَآءِ جَآءَ الْمَسِيْحُ جَآءَ الْمَسِيْحُ’’ کے عنوان پر تقریر فرمائی۔

ان تقاریر کے بعد معزز غیر از جماعت مہمانان کرام جن میں شہر کے میئر صاحبان، مقامی چرچ کے پادری صاحب اور دیگر نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کے علاقے میں فلاحی کاموں اور پیغام ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کی کھل کر تعریف کی۔ اس کے بعد مکرم مولانا ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی نے اختتامی خطاب میں احباب جماعت کو ’’نظام جماعت اور مالی قربانی‘‘ کے حوالے سے توجہ دلائی اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ کی کاروائی کا اختتام فرمایا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمانان سے متعلق ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا گیا۔ جلسہ سالانہ ریجنل میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجن کیتا کی 31 جماعتوں کے علاوہ متعدد مختلف گاؤں سے 630احباب شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ جلسہ میں مقامی حکومتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ کے حوالے سے ایک رپورٹ مالی کے نیشنل ٹیلیویژن (ORTM) نے اگلے روز نشر کی۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذالک

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ کے تمام مقاصد کو حاصل کرنے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی، ریجن کیتا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ