• 26 اپریل, 2024

مالی ریجن سیگو میں احمدیہ مسجد نور کی تعمیر

مالی ریجن سیگو کی جماعت نیٹومونا (Nitomona)
میں احمدیہ مسجدنور کی تعمیر

حضرت مسیح موعودعلیہ السلام سے کئے گئے خدا تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق ہر سال لاکھوں لوگوں کو اللہ تعالیٰ جما عت احمدیہ میں داخل ہونے کی توفیق دے رہا ہے۔ ان احباب کی تعلیم و تربیت اور ان کو عبادت گزار بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ ہر سال جماعت احمدیہ کودنیابھرمیں سینکڑوں مساجد کی تعمیر کی بھی توفیق دے رہا ہے ۔

الحمد للہ انہی مساجد میں سے مالی کے ریجن سیگو میں جما عت احمدیہ مالی کوایک جماعت نیٹومونا (Nitomona) میں ’’مسجدنور‘‘ کی تعمیر کی توفیق ملی ہے ۔ سیگو شہرسے مشرق کی طرف 26کلو میٹر کے فاصلہ پر نیٹومونا (Nitomona) گاؤں واقع ہے۔ اس گاؤں میں احمدیت کا پودا جون 2008ء میں مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی کی تبلیغ سے لگا۔ 2015ء میں احمدیہ ریڈیو اسٹیشن سیگو کی انسٹالیشن کے ذریعہ سے اس علاقہ میں احمدیت کا پیغام وسیع پیمانے پہنچنے لگا اور اللہ کے فضل سے نیٹومونا (Nitomona) گاؤں اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں سعید روحوں کو احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں مخلصین کی ایک جماعت قائم ہو گئی ۔

نیٹومونا (Nitomona) گاؤں میں احمدی احباب کی تعلیم و تربیت کے لئے مسجد کی شدید کمی محسوس کی جارہی تھی۔ چنانچہ مکرم امیر صاحب مالی کی اجازت سے 2020ء میں جماعت احمدیہ مالی کو نیٹومونا (Nitomona) گاؤں میں احمدیہ مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی۔ اس مسجد کی لمبائی 12میٹر اور چوڑائی 10میٹر ہے۔ اس مسجدمیں 150افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔

اس مسجد کا افتتاح مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیرجماعت احمدیہ مالی نےمؤرخہ 4جون2021ء کو جمعہ کی نماز پڑھا کر کیا۔آپ نے اپنے خطبہ جمعہ میں فرمایا کہ ہر احمدی کی بیعت میں داخل ہونے کے بعد کچھ ذمہ داریاں ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بڑی اور اہم ذمہ داری نمازوں کا قیام ہے جس کی طرف ہمارے پیارے آقاسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمیں با ربار توجہ دلاتے ہیں اور یہ ذمہ داری بالخصوص عہدیداران کی زیادہ ہے کیونکہ ان کے ذمہ دوسروں کو بھی نمازوں کی طرف توجہ دلانا ہے۔

افتتاح کے موقعہ پر اس علا قہ کی حکومتی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ ارد گرد کے دس سے زائد گاؤں کے افراد جماعت احمدیہ کی دعوت پرافتتاحی تقریب میں شامل ہوئے جنہیں جماعت احمدیہ کا پیغام سننے کا موقعہ ملا اور جمعہ کی نماز کے بعد ان مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کے کاموں کی کھل کر تعریف بھی کی۔

اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پیغام سننے والوں کے دلوں کو بھی جماعت احمدیہ کی طرف مائل کر ے اور اللہ تعالیٰ ہمیں اس مسجد کی تعمیر کا حق ادا کرنے والا بنائے اور ہمارے پیارے آقا جس نیکی، تقویٰ اور روحانیت کے معیاروں پر ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اللہ کرے کہ اس مسجد کے ذریعہ سے ان معیاروں کو ہم حاصل کرنے والے ہوں۔ آمین

(رپورٹ : تاثیر احمد۔ مبلغ سلسلہ ریجن سیگو ۔ مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جولائی 2021