• 19 اپریل, 2024

پہلی ششماہی تربیتی کلاس مالی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے احباب جماعت وا ٓئمہ کرام کی تعلیم و تربیت کے لئے مالی کے شہر جیجینی میں دسمبر2012ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے سہ ماہی تربیتی کلاس کا آغاز کیا گیا۔ بعد ازاں 2013ء میں اس تربیتی کلاس کو مالی کے شہر بلا منتقل کر دیا گیا جہاں یہ تربیتی کلاس کامیابی کے ساتھ 2020ء تک جاری رہی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے سینکڑوں احباب کو اس کلاس سے مستفیض ہونے کی توفیق ملی ۔

سال 2020ء میں جماعت احمدیہ مالی کی تعلیمی و تربیتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ کی اجازت سےاس کلاس کا تعلیمی عر صہ تین ماہ سے بڑھا کر چھ ماہ کر دیا گیا ۔ اس کیساتھ اس تربیتی کلاس کو جماعت احمدیہ مالی کی جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی کولیکورو میں خاکسار ناصر احمد ناصر مبلغ سلسلہ ریجن کولیکورو کی زیر نگرانی منتقل کر دیا گیا ۔حدیقۃ المہدی میں تربیتی کلاس منتقل کرنے سے قبل طلباء کی تعلیم کے لئےایک جدید سہولیات سے آراستہ کلاس روم اور رہائش کے لئے دو وسیع کمروں پر مشتمل عمارت کی تعمیر کی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے دسمبر 2020ء میں اس ششماہی کلاس کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں مکرم ظفراحمدبٹ امیر جماعتِ احمدیہ مالی نے طلباء سے خطاب کیا اور انہیں اس کلاس اور دینی تعلیم کی اہمیت سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ پہلی ششماہی کلاس میں مالی کے مختلف علاقوں سے آئے 26 طلباء نےشرکت کی۔ تدریس کے فرائض خاکسار کے علاوہ مکرم عبدالقادر تراؤرے صاحب لوکل معلم ، مکرم عبدالقادر کراکوں صاحب لوکل معلم اور مکرم محمد داؤد صاحب صدر جماعت احمدیہ کولیکورو نے انجام دیئے ۔

اس ششماہی کلاس میں طلباء کو قرآن کریم ناظرہ،حفظ قرآن کریم،حدیث نبوی ﷺ، حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی کتب، کلام، فقہ، تاریخ و سیرت اور فرنچ زبان کے مضامین پڑھائے گئے۔اس کے علاوہ وقتاً فوقتاً مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی ،مبلغین و معلمین کرام تشریف لا کر طلباء کو مختلف تعلیمی و تربیتی موضوعات پر لیکچر دیتے رہے ۔تعلیم کے علاوہ طلباء کی جسمانی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے روزانہ بعد از نماز عصر طلباء کے لئے کھیل کا انتظام کیا گیا۔ اس کے علاوہ طلباء نے درجنوں وقار عمل کر کے جلسہ گاہ میں جاری مختلف تعمیراتی کاموں میں حصہ لیا۔

کلاس کے اختتام پر تمام طلباء کا امتحان لیا گیا اور کامیاب ہونے والے طلباء میں انعامات وا سناد کی تقسیم کے لئے مؤرخہ 2جون 2021ء کو ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تلاوت و قصیدہ کے بعد مکرم امیر صاحب مالی نے طلباء سے خطاب کیا اوربعد ازاں کامیاب ہونے والے طلباء میں انعامات و اسناد تقسیم کیں اور اختتامی دعا کے ساتھ پہلی ششماہی تربیتی کلاس کا اختتام ہوا۔

(رپورٹ ۔ ناصر احمد ناصر ۔ مبلغ سلسلہ ریجن کولیکورو ۔ مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جولائی 2021