• 30 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

•مکرمہ مبارکہ شاہین۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! الفضل آن لائن میں شائع ہونے والے تمام مضامین ہی بہت عمدہ نوعیت کے ہوتے ہیں۔ موٴرخہ 12؍اکتوبر کے شمارے میں مکرم قمر سلیمان احمد کا مختصر مضمون ’’دستر خوان‘‘ بہت خوب تھا۔

ہم سب ہی اس لنگر سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ خاکسار اس حوالے سے ایک واقعہ شیئر کرنا چاہے گی کہ 2012ء میں، میں اپنی ایک بزرگ دوست ضیا قمر ساہی صاحبہ کے ساتھ قادیان کے جلسےسے واپس آ رہی تھی۔ واہگہ بارڈر پر ہم دونوں سہیلیاں ان کی کزن (جس نے ہمیں لاہور سے اپنی گاڑی میں لینے آنا تھا) کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھکن سے بے حال ہو چکی تھیں اور شدت بھوک پیاس سے نڈھال بھی۔ پیدل سامان اٹھا کر کبھی ایک طرف جاتیں کبھی دوسری جانب مگر وہ کہیں بھی نہ ملیں۔ اچانک ہماری نظر ایک کونے کی طرف لگے ٹینٹ پہ پڑی۔ سوچا کہ اس میں جھانک لیں حالانکہ ایک فیصد بھی گمان نہ تھا کہ وہ یہاں ہوں گی۔ تھوڑی ہچکچاہٹ کے بعد ہم ٹینٹ کے داخلی دروازے پر پہنچیں اور اندر جھانکا۔ وہاں تو ایک اور ہی دنیا آباد تھی۔ میزوں پر انواع و اقسام کے کھانے تھے اور چائے کا دور چل رہاتھا۔ مستورات بیٹھی لطف اندوز ہو رہی تھیں۔ آپا ساہی کی کزن صاحبہ بھی ایک میز پر بیٹھی مل گئیں۔ کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا کہ ہمارا خوشی سے کیا حال ہوا ہو گا۔ ساری تھکن اور کوفت لنگر کے کھانے نے کافور کر دی۔ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین جزائے خیر سے نوازے۔ آپا ضیا قمر ساہی وفات پا چکی ہیں اللہ تعالیٰ ان کے درجات اپنے حضور بلند فرمائے آمین۔

میرا مشاہدہ ہے کہ اکثر و بیشتر جو میں پڑھنے کا قصدکررہی ہوتی ہوں وہ الفضل اخبار کھولوں تو سامنے آ جاتا ہے۔ چند دن قبل ذہن میں بار بار اس حدیث مبارکہ کا متن آ رہا تھا کہ مسیح موعودؑ اپنی جماعت کو طُور پر لے جائے گا۔ یہ بات ذہن کے نہاں خانوں میں ہی تھی اور ابھی میں نے اسے کسی کتاب میں نہ دیکھا تھا کہ چند روز قبل کے شمارے میں مضمون بعنوان ’’مسیح موعود اپنی جماعت کو طُور پر لے جائے گا‘‘ پڑھنے کو مل گیا۔ اللہ تعالیٰ کے احسانات کا انسان جتنا بھی شُکر ادا کرے کم ہے۔

اللہ تعالیٰ پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے اور نمایاں فتوحات سے نوازے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

میں نبیوں میں سے سب سے آخری ہوں