• 3 مئی, 2024

سیرالیون کے دارو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تبلیغی نشت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مؤرخہ 2؍جنوری 2021ء کو دارو ریجن کی ایک جماعت Mombama, Pejeh Bongre میں ایک نئی تعمیر کردہ مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ افتتاح کی تقریب سے قبل ایک تبلیغی نشست بھی ہوئی۔ اس تبلیغی نشست، پروگرام اور مسجد کا تعارف پیش خدمت ہے۔

یہ ایک پرانی جماعت ہے اور اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 1945 میں ہوا تھا۔ اس علاقہ میں جماعت کی مسجد موجود تھی لیکن خانہ جنگی کے دوران اس مسجد کو کافی نقصان پہنچا تھا اور عمارت کی حالت کافی خستہ تھی۔ مکرم حافظ صلاح الدین صاحب کا جب یہاں تقرر ہوا تو انہوں نے مکرم امیرصاحب کی اجازت سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں مسجد کی از سرِ نو تعمیر کی درخواست کی جسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ازراہِ شفقت قبول فرمالیا۔ مسجد کی تعمیر کے 30 فیصد اخراجات لوکل جماعت نے برداشت کئے اور باقی خرچ مرکزکی طرف سے مہیا کیا گیا۔ علاقہ کے لوگوں نے مسجد کی تعمیر میں وقارِ عمل کرکے بہت سے اخراجات بچانے میں مدد کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 40*60 فٹ ہے اور اس میں قریبا 400 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مختلف تنظمیوں اور فرقوں کی طرف سے علاقہ کے لوگوں کو مسجد تعمیر کرنے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن مقامی جماعت نے ہر حال میں جماعت کو فوقیت دی اور ثابت قدم رہے۔

مسجد کا سنگِ بنیاد مورخہ 7 ؍ دسمبر 2017 کو مکرم منیر حسین صاحب ریجنل مبلغ کینیما نے ایک سادہ تقریب میں رکھا اور آپ کو اور حافظ صلاح الدین صاحب کو اس مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت حاصل ہوئی۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مؤرخہ 2 ؍ جنوری کو دن گیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تقریب کا پہلا حصہ تبلیغی تھا جس میں مکرم امیرصاحب نے جماعت کا تعارف کروایا اور مسیح موعود و مہدی موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد بیان فرمایا اور آپ کے حقیقی مقام و مرتبہ سے لوگوں کو آگاہ کیا ۔

اس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں چار پیراماؤنٹ چیف، دو چیف امام،پرماننٹ سیکرٹری آف ایجوکیشن Mr. David W S Banya، ریجنل چیف امام ، چیئرمین یونائیٹڈ کونسل آف امام، لوکل آئمہ، سکولوں کے پرنسپل و ٹیچرز، کثیر تعداد میں غیر ازجماعت مردو خواتین و احباب جماعت سمیت کل 846 افراد نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 فروری 2021