• 4 مئی, 2024

جماعت احمدیہ ساؤتومے اینڈ پرنسپ میں نئے سال پر مبارک تقریبات

جماعت احمدیہ ساؤتومے اینڈ پرنسپ میں
نئے سال پر مبارک تقریبات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ساؤتومے کی جماعتوں میں سال 2022ء کا آغاز نماز تہجد باجماعت سے ہوا۔ یکم جنوری 2022ء کو خدام الاحمدیہ ساؤتومے نے وقار عمل کا ایک پروگرام بنایا جس پر عملدرآمد کے لئے تمام خدام دوپہر ایک بجے کیپٹل ساؤتومے میں جماعت کے نیشنل ہیڈکوارٹر پہنچ گئے اور نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد تمام خدام نیشنل میوزیم ساؤتومے کے سامنے اکٹھے ہوئے۔ ساؤتومے میں ملکی سطح پر ہونے والا یہ پروگرام اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اسے گزشتہ برس یہاں کی لوکل جماعت نے شروع کیا اور ساؤتومے کے نیشنل ٹی وی نے اس وقار عمل کو میڈیا کوریج بھی دی تھی۔ ساؤتومے عیسائی اکثریت کا ملک ہےاور اسلام بطور مذہب یہاں کی عوام کے لئے ایک نیا مذہب ہے جس کے بارے میں عام عوام کو اتنی معلومات نہیں۔ یہاں کے لوگ اسلام کے بارے صرف اسقدر ہی جانتے ہیں جتنا پادری حضرات انہیں بتاتے ہیں۔

الحمد للہ! اب جماعت کی نمائندگی کی وجہ سے لوگوں میں اسلام کے خلاف تعصب کم ہوتا جا رہا ہے اور وہ جماعت کے حسن سلوک سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ گزشتہ برس وقار عمل کے دوران جہاں بعض لوگ ہماری مخالفت میں آوازیں کستے رہے تو وہیں بعض حوصلہ افزائی بھی کرتے رہےاور کچھ لوگوں نے تو ساتھ مل کر کام بھی کیا تھا۔ امسال وقار عمل میں 100 خدام نے حصہ لیا اور طلباء کی نیشنل یونین کے 30 طلباء بھی خدام الاحمدیہ کے ساتھ وقار عمل میں شامل ہوئے۔ بہت سے لوگوں نے اگلے سال وقار عمل میں شامل ہونے کا عہد بھی کیا۔ اسی طرح ایک کثیر تعداد نے ٹی وی پر وقار عمل دیکھ کرحوصلہ افزائی کے پیغامات بھی بھجوائے۔

امسال وقار عمل کا مقصد سال نو کے آغاز پر لوگ شہر میں جو کوڑا کرکٹ پھینک جاتے ہیں اس کی صفائی کر کے اپنے ملک کوخوبصورت بنانا تھا۔ خدام الاحمدیہ کی چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ شہر کے مختلف مقامات پرجہاں لوگوں کا اجتماع ہوا ن جگہوں کی صفائی کی گئی۔

اس وقار عمل کے علاوہ بھی جنوری کے پہلے ہفتے میں جماعت نے مختلف شہروں میں چار وقار عمل کیے۔ ان میں کئی اورملکی تنظیموں نے بھی حصہ لیا۔

مورخہ 4 جنوری کو تحریک آزادی ساؤتومے کے ہیرو Rei Amador کی شہادت کا دن قومی اعزاز کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم اور صدر مملکت ان کے مجسمات پر پھول چڑھاتے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے گورنمنٹ نے ایک سائیکل ریلی کا انعقاد کیا۔ اس سائیکل ریلی میں 80 سائیکل سوار شامل ہوئے۔ اس ریلی میں جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے 30خدام اور اطفال شامل ہوئے۔ تمام شاملین ریلی کو جماعت احمدیہ کی طرف سے ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔ اس پروگرام کی نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا پر کوریج دی گئی۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے بڑی حوصلہ افزائی کی۔

نئے سال کے کارڈز

ملک کے تمام اداروں، پولیس، آرمی، وزارت خانوں، غیرملکی سفارت خانوں، مذہبی گرجا گھروں میں نئے سال کی نیک تمناؤں کے کارڈز اور جماعت کے کیلنڈر بھجوائے گئے۔ اس دوران کئی سفیروں، ممبرزپارلیمنٹ، مئیرز، وزیر قانون، وزیر سوشل ورک و فیملیز، وزیرسیاحت، وزیر کھیل، وزیر صحت، وزیر تعلیم، فنانس منسٹر، صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ نیا سال پوری دنیا اور جماعت احمدیہ اور پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لئے بہت بہت مبارک فرمائے۔ آمین

(انصر عباس ۔ نمائندہ الفضل ساؤتومے و پرنسپ)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین جنوری 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ