• 27 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ آسٹریا کی تبلیغی سرگرمیاں

امسال جلسہ سالانہ آسٹریا کے موقع پر پیارے آقا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احباب جماعت احمدیہ کو تبلیغ کے میدان میں کام کرنے کی طرف رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا:
جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد لوگوں کو دین واحد کی طرف بلانا اور عمل صالح بجالانا اور اس کے ساتھ ساتھ کامل اطاعت اور فرمانبرداری کا نمونہ پیش کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک مومن کی یہی تین خصوصیات قرآن کریم میں بیان فرمائی ہیں۔ جیسا کہ فرماتا ہے۔ وَمَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ وَعَمِلَ صَالِحًا وَّقَالَ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ اس سے بہتر کون ہوسکتا ہے جو اللہ کی طرف بلائے اور نیک اعمال بجالائے اور کہے کہ میں فرمانبرداروں میں سے ہوں۔ پس اس موقع پر میں آپ کو تبلیغ کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ آسٹریا میں اس کی بہت اشد ضرورت ہےکہ مقامی آبادی کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا جائے۔ ان کو بتایا جائے کہ اس زمانہ کی ہدایت کے لئے اللہ تعالیٰ نے بنی کریم ﷺ کے غلام صادق کو اس زمانہ کا امام اور مہدی ومسیح بنا کر بھیجا ہے۔ ہر احمدی کا فرض ہے کہ وہ تبلیغ کرے۔ مقامی لوگوں کے علاوہ دوسرے ملکوں سے بھی لوگ یہاں آکر آباد ہوئے ہیں، ان کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچائیں۔ قرآن کریم کی نمائش لگائیں۔ لیف لیٹس کی تقسیم کریں اور تبلیغ کی نئی نئی راہیں تلاش کریں۔۔۔۔

(پیغام جلسہ سالانہ آسٹریا بحوالہ T-10660/10.09.2022)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی روشنی میں آسٹریا میں خصوصی تبلیغی پروگرامز ہورہے ہیں۔اس کے لئے مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج ونیشنل صدر احمدیہ مسلم جماعت کی زیر نگرانی باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ تبلیغی کاوشیں جاری ہیں۔

تبلیغ کے کام کی بہتری کے لئے آن لائن تبلیغ میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کے لئے غیر از جماعت احباب کو دعوت دے کر آن لائن پروگرامز کئے جارہے ہیں۔ نیز اس کام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے غیر از جماعت احباب کیساتھ بذریعہ زوم تبلیغی میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اجلاسات عاملہ و اجلاسات عام میں احباب کو توجہ دلائی جارہی ہے۔ تاکہ سب ملکر اس بابرکت کام میں شامل ہوکر کوشش کریں۔

ویانا کے سالانہ بک فیئر پر جماعت کا بک سٹال

آسٹریا کے تمام صوبوں کے دارالحکومتوں میں تبلیغی فلائرز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ سال الحمدللّٰہ ایک لاکھ سے زائد فلائر تقسیم کئے گئے۔ ایک اخبار میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور پیارے آقا کی تصویر کیساتھ جماعتی تعلیمات پر مشتمل فلائر شائع ہوا۔ ایک ملین سے زائد افراد تک پیغام پہنچانے کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللّٰہ

امسال ویانا، انسبرک، اور لنز میں تبلیغی سٹالز لگائے جاچکے ہیں اور اب اس میں مزید وسعت پیدا کرتے ہوئے دیگر شہروں میں بھی یہ پروگرامز کئے جائیں گے۔ ان شاء اللّٰہ

امسال موٴرخہ 23تا 27؍نومبر ویانا بک فیئر میں جماعتی سٹال لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس کے لئے قبل از وقت سٹال کے لئے بکنگ کروا لی گئی تھی۔ اس کے لئے ٹیمز تشکیل دے کر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کتابیں اور دیگر سامان تیار کر لیا گیا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے موٴرخہ 5؍نومبر کو آسٹریاکے دارالحکومت ویانا میں اسلام قرآن نمائش لگائی گئی۔اس مقصد کے لئے خصوصی طور پر ایک ہال کرایہ پر حاصل کیاتھا۔اس میں لوکل آبادی کو مدعو کرنے کے لئے 4ہزار سے زائد فلائر تقسیم کئے گئے۔ اس سے جماعت کا تعارف بھی ہوا۔ سوشل میڈیا پر اس ’’اسلام قرآن نمائش‘‘ کی اشتہاری مہم کی گئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مہم کے ذریعہ 22000سے زائد افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ اس نمائش پرقرآن کریم، اسلامی اصول کی فلاسفی اور پیارے حضور کی کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ ودیگر کتب تحفہ دی گئیں۔ اسی طرح جماعتی تعارف پرمشتمل فلائر تقسیم کیا گیا۔اس نمائش پر 47غیر از جماعت مہمان شامل ہوئے۔ الحمدللّٰہ۔ اب اسی طرز کی مزید نمائشیں دیگر شہروں میں لگائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسلام کی پرامن تعلیمات سے روشناس کروایا جاسکے۔

دو شہروں Linz اور Nickelsdorf کے میئرز سے جماعتی وفود کی ملاقاتیں ہوئیں۔ان کو جماعتی تعارف کروایا گیانیز قرآن کریم اور اسلامی اصول کی فلاسفی تحفةً دی گئیں۔

جماعت Innsbruck میں تبلیغی سٹال لگایا گیا۔ فلائرز کی تقسیم کے ساتھ جماعتی کتب مہمانوں کو دی گئیں۔ 50غیر ازجماعت مہمان تشریف لائے۔

اللہ تعالیٰ دعوت الی اللہ کے اس بابرکت کام میں حصہ لینے والے تمام احباب کو اپنے بیشمار فضلوں سے نوازتا چلا جائے اور سعید روحوں کو جلد اسلام احمدیت کی آغوش میں لائے۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد فرخ۔ نیشنل جنرل سیکرٹری آسٹریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 فروری 2023

اگلا پڑھیں

اولاد کو خدا تعالیٰ کے فرماں بردار بنانے کی سعی اور فکر کریں