• 11 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 16 فروری 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چوہدری محمد اشرف سندھی صاحب (لندن۔یوکے)

13؍فروری 2022ء کو 87 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق گورداسپور سے تھا۔ آپ نے 11سال کی عمر میں حضرت مصلح موعود ؓ کے ہاتھ پر بیعت کی تو فیق پائی اور پھر اپنے خاندان کے باقی افراد کو بھی جماعت میں شامل کیا۔ پارٹیشن کے بعد سندھ میں جماعت کی اراضی پر کام کیا۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند تھے۔ حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کی تحریرات اور کلام پڑھ کر ہمیشہ اشکبارہو جاتے تھے۔ 2006ء میں پاکستان سے ڈبلن آئر لینڈ منتقل ہو گئے۔ گزشتہ سال اپنے بیٹے کے پاس ٹوٹنگ (لندن) آگئے اور یہیں پر وفات پائی۔آپ کو اسیر راہ مولیٰ رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور آٹھ بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ ممتاز بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری شبیر احمد صاحب

8جنوری 2022ء کو 78سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی نرم مزاج، ملنسار، مہمان نواز، غریبوں کی ہمدرد،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے والہانہ عقیدت رکھتی تھیں۔مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔

-2 مکرم چوہدری سلطان احمد صاحب گھمن

23جنوری 2022ء کو 102سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، دعا گو، خوش اخلاق ، ہنس مکھ، نیک ، مخلص اور ہر دلعزیز انسان تھے۔ چندہ جات کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے۔مرحوم موصی تھے۔

-3 مکرمہ نذیر بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم ملک بہاول بخش صاحب

26دسمبر 2021ء کو 93سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ لجنہ کی فعال رکن تھیں اور مختلف عہدوں پر بڑی دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ خدمت کرتی رہیں۔ دعوت الی اللہ کا بھی بہت شوق تھا اور چار بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ کی پابند، باقاعدگی سے تلاوت قرآن کرنے والی، بہت ملنسار، غریب پرور، ہمدرد اور نیک خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ وفا اور اخلاص کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-4 مکرم ملک سراج دین صاحب ابن مکرم ملک جان محمد صاحب

16دسمبر 2021ء کو 81سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1963 میں بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ صوم وصلوۃ کے پابند ، تہجد گزار ، دعا گو، ہمدرد، غریب پرور، ایک دیندار اور مخلص انسان تھے ۔ چندہ جات بڑی باقاعدگی سے ادا کرتے اور خلافت اور نظام جماعت کا بہت احترام کرتے تھے ۔مرحوم موصی تھے۔

-5 مکرم عبدالعزیز خان صاحب (سٹن۔یوکے)

26 ؍جون 2021ء کو 79 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ آپ مکرم عبدالحئی خان صاحب (آف صوابی ،مردان) کے بیٹے اور مکرم مولوی محمدالیاس خان صاحب کے پوتے تھے۔ مرحوم کو جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمات بجالانے کی توفیق ملی ۔ مرحوم کو اپنے پشاور قیام کے دوران بطور صدر جماعت اور جنرل سیکرٹری اور جرمنی قیام کے دوران ممبر مجلس شوریٰ اور MTA جرمنی کی انتظامیہ میں خدمت کرنے کا موقع ملا۔ آپ انتہائی نیک، جماعت کی خدمت کر نے والے،خلافت کے گرویدہ اور ایک فدائی احمدی تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ مکرمہ پروین سعید صاحبہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

-6 مکرمہ خورشید بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد سراء صاحب

27دسمبر 2021ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ مرحومہ ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔آپ مکرم محمد آصف سراء صاحب (مربی سلسلہ) کی والدہ تھیں۔

-7 مکرم مبشراحمد کلیم صاحب (لندن۔یوکے)

3؍فروری 2022ء کو 76 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق چک مراد ضلع بہاولپور سے تھا۔ آپ ایک سیکنڈری سکول ٹیچر تھے اور 2005 میں ریٹائر ہوئے۔ دو سال سے یو کے میں اپنے بیٹوں کے پاس رہ رہے تھے ۔ آپ کے دادامکرم حاجی کریم بخش صاحب آف قادیان کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دستی بیعت کا شرف حاصل ہوا۔ مرحوم کو چک مراد بہاولپور میں مختلف حیثیتوں سے جماعتی خدمت کی توفیق ملی۔ آپ کو دعوت الی اللہ کا بہت شوق تھا اور تو کل علی اللہ میں بھی بہت بڑھے ہوئے تھے۔ کینسر کی تکلیف دہ بیماری کے دوران مرحوم نے بہت صبر واستقامت کا مظاہرہ کیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

-8 مکرم ڈاکٹر ماجد حامد صاحب ابن مکرم ڈاکٹر عبد المغنی صاحب (کینیڈا)

جنوری 2022ء میں 85 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت بابو عبد الغنی صاحب ؓصحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم نماز با جماعت کے پابند تھے۔ روزانہ صبح با آواز بلند تلاوت قرآن کریم کرتے اور اپنے بچوں کو بھی پابند کیا ہوا تھا کہ وہ صبح تلاوت قرآن کریم کئے بغیر گھر سے باہر نہیں جاسکتے۔ پاکستان قیام کے دوران مسجد سے دور رہنے کی وجہ سے روزانہ نماز مغرب و عشاءبچوں کے ساتھ باجماعت ادا کر تے تاکہ بچوں کو نماز با جماعت کی عادت ہو۔ ہمیشہ بچوں کو دعا کرنے اور نظام جماعت کے ساتھ منسلک رہنے کی تلقین کرتے ۔آپ کو 6 سال بطور ناظم دار القضاء کینیڈ اخدمت کی توفیق ملی۔

-9 مکرمہ کے پی Kunjamina صاحبہ(کیرلہ ۔بھارت)

7؍ فروری 2022ء کو97 سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مولانا بی عبداللہ صاحب مرحوم کی اہلیہ تھیں جو Ceylon اور ساؤتھ انڈیا کے پہلے مشنری تھے۔آپ خلافت کی بے حد فرمانبردار اور وفادار خاتون تھیں۔ آخری عمر میں بینائی سے محروم ہونے کے بعد بھی ایم ٹی اے پر حضور کے خطبات سننے کے لیے ٹی وی کے سامنے بیٹھتی تھیں۔ مسکراتے چہرے کے ساتھ ہر ملنے والے شخص سے ملتیں اور ان کے گھر والوں کے لیے بھی دعا کرتی تھیں۔مرحومہ نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کی بہت پابند تھیں۔ مرض کی حالت میں بستر پر ہوتے ہوئے بھی حافظے سے قرآن مجید کی آیات اور کلمہ شہادت پڑھتی رہتیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ ایک بیٹی وفات پاچکی ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل کی طرف سے تمام لواحقین تعزیت قبول فرمائیں)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ