• 6 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

ایڈیٹر کے نام خطوط
الفضل آن لائن اس وقت ہم سب کی تربیت کے لئے از حد مفید کام کر رہا ہے

  • مکرمہ عفت وہاب بٹ۔ ڈنمارک سے لکھتی ہیں:

خدا تعالیٰ کے خاص فضل اور رحمت سے الفضل آن لائن تیزی سے ترقیات کی منازل طے کرتا نظر آ رہا ہے خلیفہ وقت کی خاص دعاؤں اور توجہ کے ساتھ تمام ٹیم کی انتھک محنت رنگ لا رہی ہے اور اس آن لائن اخبار کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ الحمد للہ

خاکسار اسی مناسبت سے کچھ کہنا چاہتی ہے کہ اگر ہم والدین اپنے بچوں کو محنت کر کے اپنے اخبارات سے جو اردو میں ہیں ان سے متعارف کروائیں اور کوشش کریں کہ کسی نہ کسی طور پرہمارے بچوں کی انسیت ان سے بڑھے۔ تو ضرور اللہ مدد فرماتا ہے۔ آج کل ہم سب کے پاس فون ہاتھ میں ہوتا ہے اس سے فائدہ بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔خاکسار اپنے بچوں کو (جن میں اکثر اب خود بچوں والے ہیں) جو بھی تربیتی معلوماتی یااصلاحی مضمون اخبار الفضل آن لائن میں آتا ہےاور وقت کے تقاضوں کے عین مطابق ہوتا ہےان کو آڈیو میں ٹیپ کر کے آسان لفظوں میں اور وضاحت کے ساتھ بھجوا دیتی ہوں تاکہ وہ جب بھی وقت ہوں سن لیں۔ اس تمہید کے بعد آپ سے ایک چھوٹا سا ذاتی نوعیت کا واقعہ شئیر کرنا چاہوں گی صرف اس لئے کہ الفضل آن لائن کے تمام قارئین اور کارکنان کو اس سے خوشی بھی ہو اور ہمت بڑھے۔ خاکسار کو محترم ایڈیٹر صاحب کی جانب سے کچھ کام کرنے کوملا تو اسی دوران ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاتے ہوئے خاکسار کے ہاتھ سے کمپیوٹر چھوٹ کر گیا اور اس میں کافی خرابیاں پیدا ہو گئیں اور اس پر کام کرنا بڑا پریشان کر رہا تھا۔ میری بیٹی جو خود ایک بچی کی ماں ہے نے دیکھا تو پوچھا کہ ایسے کیسے آپ کا کام ختم ہوگا میرے جواب پر کہ کوئی نہیں تھوڑا مشکل تو لگ رہا ہے مگر ان شاءاللہ ہو جائےگا۔ دوسرے دن جاب پر بیٹی کا فون آیا کہ آپ گھر پہنچ کر مجھے یاد سے فون کریں۔ جب خاکسار گھر آئی تو دیکھا کہ بیڈ پر ایک پیکٹ رکھا ہے اور اس پر ’’الفضل آن لائن کے لئے‘‘ لکھا ہے۔ حیرانگی سےغور کیا تو نیا کمپیوٹر تھا بیٹی نے فون کرنے پر بتایا کہ یہ آپ کو نہیں دیا بلکہ میں نے ’’الفضل آن لائن‘‘ کوتحفہ دیا ہے اورآپ کو اس کی مزید خدمت اور برکات کو سمیٹنے کے لئے آپ کے سپرد کیا ہے کیونکہ الفضل آن لائن اس وقت ہم سب کی تعلیم وتربیت کے لئے ازحد مفید کام کر رہا ہے۔ اس لئے اس کمپیوٹر کا نام بھی الفضل آن لائن کمپیوٹر رکھا گیا ہے۔ الحمدللہ

  • مکرم سید شمشاد احمد ناصر۔مبلغ سلسلہ امریکہ لکھتے ہیں:

آج الفضل 18مارچ 2022ء میں خاکسار نے مکرم برادرم حامد کرم صاحب مبلغ ہالینڈ کا مضمون ان کے والد محترم جناب چوہدری فضل کریم صاحب مرحوم کے بارے میں ’’احمدیت کا ورثہ‘‘ پڑھا۔ اللہ تعالیٰ حامد کریم صاحب کو جزا دے۔ میں مضمون پڑھ رہا تھا تو جامعہ احمدیہ میں حامد کریم صاحب خاکسار کے کلاس فیلو بھی رہے ہیں۔ ان کے ساتھ اکثر گھوکھو وال ان کے گھر جانا ہوتا تھا اور ان کے والد سے اس طرح ہمارا ایک مضبوط تعلق ہوگیا تھا۔ مکرم فضل کریم صاحب بہت نفیس، شریف النفس اور متقی بزرگ شخصیت کے حامل تھے۔ اپنی مسجد میں روزانہ صبح نماز فجر کے بعد بچوں کو قرآن کریم با ترجمہ بھی پڑھاتے میں نے بارہا دیکھا ہے۔ بلا کے مہمان نواز تھے۔ ہم چند دوست حامد کریم صاحب کے ساتھ ان کے گھر جاتے تھے۔ جتنے دن بھی رہتے تو ان کے ابا جان اور والدہ صاحبہ بہت عزت سے پیش آتے اور ہماری مہمان نوازی میں بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھتے تھے۔ جامعہ کے طلبہ اور پھر واقف زندگی ہونے کے باعث وہ ہم سب کا بہت احترام بھی کرتے تھے اسی طرح آپ کے سارے بیٹے جن میں راشد کریم، ماجد کریم، رافع کریم، رافت کریم سب ہمارے ساتھ پیار و محبت اور حسن سلوک کے ساتھ پیش آتے تھے۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزا دے۔ آمین

  • مکرم طاہر احمد۔ فن لینڈ سے لکھتے ہیں:

آج مورخہ 22 مارچ 2022ء کے شمارہ میں شائع کردہ مضمون ’’اسکنڈے نیوین ممالک میں الہام کا پورا ہونا‘‘ جو نبیلہ رفیق فوزی صاحبہ نے ناروے سے تحریر کیا ہے وہ خاکسار چند گھنٹوں میں دو بار پڑھ چکا ہے اور مزید پڑھنے کی طلب ہے۔ اس کی ایک وجہ شاید یہ ہےکہ خاکسار کا تعلق بھی اسی خطۂ سے ہے اور ایک قدرتی قلبی تعلق ہے۔ دوسری وجہ شاید یہ ہو کہ مکرم سید کمال یوسف سے برسوں کا احترام کا تعلق ہے اور ان کی صحبت سے بہت کچھ سیکھنے اور جذب کرنے کا موقع ملتا رہا ہے۔ محترمہ نے اپنے مضمون میں اس بزرگ کا جس محبت اور تفصیل سے ذکر کیا ہے اس نے اس مضمون کو اور بھی دلکش بنا دیا ہے۔

حضرت مصلح موعود رضى اللہ تعالیٰ عنہ کے دور کے واقعات پڑھ کر اور اس دور کے بزرگ جو آج بھی ہم میں موجود ہیں (یعنی کمال یوسف صاحب) کی وجہ سے دور مصلح موعود ؓسے ایک براہ راست تعلق کا احساس ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اور ایک اور خاص تاریخی وجود محترم نور بولستاد صاحب کی عمر اور صحت میں برکت ڈالے اور ہمیں اور نئی نسل کو ان سے سیکھنے اور عمل کی توفیق عطاء فرمائے، آمین۔

  • مکرمہ امتہ الباری ناصر۔امریکہ سے لکھتی ہیں:

اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ الفضل آن لائن کو چار چاند لگائے رکھے اور ہم سب کو اسلام و احمدیت کی آواز کو بلند سے بلند کرنے کے لئے اس کا حق ادا کرنے کی توفیق دے اور اس کی ترقی و ترویج میں تمام کارکنان، خدمتگار، مدد گار اور قارئین کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

  • مکرم عبد القدیر قمر لکھتے ہیں:

آج 22مارچ 2022ء کا اخبار پڑھا اور آپ اور ان تمام مجاہدین کے لیے دعا کی توفیق ملی جو سچائی کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنے گھروں سے دور دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ اللہ ہمیں اور ہما ری اولادوں کو بھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

  • مکرمہ صادقہ چوہدری۔ کینیڈا سے لکھتی ہیں:

الفضل کا یہ روحانی مائدہ اس قدر موثر ہے کہ دل و دماغ میں اترتا جارہا ہے۔ جزاک اللہ احسن الجزاء۔

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین مارچ 2021ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات