• 26 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ امریکہ کی، ہیومینیٹی فرسٹ کا کرونا وبا کے حوالے سے کی جانے والی بے لوث خدمات کا مختصر جائزہ

امریکہ میں جب سے کرونا وائرس کی وبا پھیلی ہے اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سطح پر جماعتِ احمدیہ کے افراد نے عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا شروع کیا ہوا ہے۔ جماعتِ احمدیہ کے ڈاکٹرز، نرسیں، فارماسسٹ کے علاوہ خواتین، نوجوان، بچے سب اپنے اپنے دائرہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کے مطابق خدمتِ انسانیت میں لگے ہوئے ہیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

اس وقت ہیو مینیٹی فرسٹ امریکہ کی رپورٹ پیشِ خدمت ہے۔ چیئرمین ہیو مینیٹی فرسٹ مکرم منعم نعیم اور ان کے دیگر ساتھیوں میں سے مکرم ماجد خان ، مکرم حامد ملک ،مکرم وقار باجوہ نے جو رپورٹ دی ہے اُس کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے ساتھ ہی ہیو مینیٹی فرسٹ نے امریکہ میں مقیم جماعتِ احمدیہ کی ذیلی تنطیموں و دیگر خدمتِ خلق کے رفاہی اداروں کےساتھ مل کراپنی کاوشوں کا آغاز کر دیاتھا۔ قریباً250 ممبران نے اندراج کے ساتھ اس کارِ خیر میں اپنی خدمات بلا معاوضہ پیش کرنے کا عہد باندھا اور روزانہ کی بنیاد پر 50 سے 60 افراد گھنٹوں خدمتِ عمل میں مصروف رہے۔ اور تا حال15 ہزارگھنٹوں سے زائد کام کر چکے ہیں۔

ہیومینیٹی فرسٹ کے تحت جن چند ایک نمایاں خدمات کی بفضلہٖ تعالیٰ توفیق ملی۔ بغرض دعا اُن کا تذکرہ حسبِ ذیل ہے:

ریاستہائے متحدہ امریکہ میں کئی ایک مختلف مقامات پر کھانے پینے اور بنیادی اشیائے ضروریات کے سنٹرجن میں خوراک اور راشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ ۱ن کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جہاں سے ہزاروں کو تقریباً 95 ہزار انفرادی کھانے ہفتہ وار راشن یا پکے پکائے کھانوں کی شکل میں تقسیم کئے گئے۔ یہاں اِس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ کارکنان اور ضرورت مند افراد حفظِ صحت کے ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں جن کا امریکہ حکومت اور ادرہ صحت WHO اور CDC ‌‌کی طرف سے اجراء کیا گیا ہے۔ جن میں بطورِ خاص باہمی فاصلہ اور ماسک وغیرہ کے استعمال کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ غذائی ضروریات کے ساتھ مالی معاونت ہیومینیٹی فرسٹ کے بنیادی اصولوں کی ایک اکائی ہے۔

خداتعالیٰ کے فضل سے مندرجہ ذیل مساجد ، مقامات پر ہیو مینیٹی فرسٹ کے تحت غذائی ضروریات پورا کرنے کے راشن تقسیم کرنے کے اور طبی معاونت کے سنٹر فعال ہیں۔

  1. بیت النصر ( ولنگ بورو۔نیوجرسی) گزشتہ تین ہفتوں میں 28ہزار انفرادی کھانے ہفتہ وا راشن کے طور پر تقسیم کئے گئے۔
  2. بیت المسرور (مناسس۔ ورجینیا) گزشتہ تین ہفتوں میں قریباً9 ہزار 600 انفراد ی کھانے تقسیم کئےگیا۔
  3. بیت المبارک (شینٹلی۔ ورجینیا) گزشتہ تین ہفتوں میں تقسیم کئے گئے کھانوں کی تعداد 2 ہزارسے زائد تھی۔
  4. بیت العافیت (فلاڈیلفیا، پنسلوینیا) گزشتہ تین ہفتوں میں 1500 کھانوں کے برابر راشن تقسیم کیا گیا۔
  5. اوش کاش (وِسکانسن) ہیو مینیٹی فرسٹ مقامی تعلیمی اداروں کی معاونت سے سکول کے بچوں کو پکے ہوئے کھانے تقسیم کر رہی ہے جن کی اب تک تعداد 3 ہزار سے زائد ہے۔
  6. بیت الہادی (اولڈ برج۔نیو جرسی) قریباً 35خاندانوں کو Angles of Actions کے ساتھ مل کر راشن مہیا کیا گیا۔ جو اگلے ہفتے ایک صد خاندانوں تک بڑھا دیا جائے گا۔ ان شااللہ۔
  7. ہیوسٹن میں مقامی فلاحی ادارےکےتعاون کے ساتھ42 ہزار 600 کھانوں کے برابر راشن تقسیم کیا گیا۔
  8. ان کے علاوہ سلیکان ویلی میں 1700، صادق مسجد شکاگو میں 1500 اور سیاٹل میں 960کھانےتقسیم کئے گئے۔ سنٹرل جرسی میں600، بیت الظفر نیو یارک میں 5360 پکے ہوئے کھانے تقسیم کئے گئے۔

ہیو مینیٹی فرسٹ طلباء تنظیم کے تحت مستحق افراد میں راشن تقسیم کئےگئے جس میں اورلینڈو میں 304، ٹولیڈو میں697، میامی میں 100، اٹلانٹا میں75، پورٹ لینڈ میں 480 افراد میں راشن تقسیم کئے گئے۔

اسی طرح ہیو مینیٹی فرسٹ نے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں متعدد رفاہی اداروں کی معاونت سے مستحقین کے لئے کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ ان ریاستوں میں نمایاں مقامات اٹلانٹا، آسٹن، اورلینڈو، وِلنگ بورو، ٹولیڈو، شکاگو، میامی، ہیوسٹن، اوش کاش اور ورجینیا ہیں جہاں تقریباً 80 واقفین نے راشن اور کھانا تقسیم کیا۔ ہیو مینیٹی فرسٹ کے تحت اندازاً 50 ہزار سے زائد کھانے یا اس کے برابر راشن مہیا کیا گیا جس میں امریکہ بھر سے متعدد رضاکاروں نے حصہ لیا۔

ہیو مینیٹی فرسٹ امریکہ کے تحت20 ممبران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو ایک کال سنٹر کے تحت طبّی ، مالی اور غذائی ضروریات کے حوالے سے مستحقین کے ساتھ رابطہ رکھے ہوئے ہے۔ گھروں تک سامان پہچانے کا انتظام بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے رضاکاروں کو ماسک فراہم کئے گئے۔ نارتھ ورجینیا، سنٹرل ورجینیا، سلیکان ویلی، پورٹ لینڈ اور فلوریڈا میں 5559ماسک (جن میں100 N95ماسک، 2900میڈیکل ماسک اور1659 لجنہ کے گھر میں سیے گئےماسک شامل ہیں) اور2000دستانے کئی ایک ہسپتالوں،میڈیکل عملہ، پولیس، نرسنگ ہومز، فرنٹ لائن ورکرز اور مقامی کلینکس کو مہیا کئےگئے۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات اور براہِ راست رہنمائی کی روشنی میں ہیو مینیٹی فرسٹ کے تحت اس وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے کئی ایک اقدامات کئے گئے جن میں مجلس خدام الاحمدیہ کی وساطت سے اشیائے خورونوش کے سنٹرز کا قیام اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر گھروں تک کھانا پہچانا، لجنہ اماء اللہ کی معاونت کے ساتھ ماسک سلائی کروا کر ہیو مینیٹی فرسٹ کے رضاکاروں اور دیگر افراد میں تقسیم کرنا شامل ہے۔ اسی طرح متعدد مساجد (جن کا ذکر اوپر کیا گیا ہے) میں سنٹر قائم کرکے ضرورتمندوں میں بنیادی خورونوش کی اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔ نیز26مارچ سےایک ہیلپ لائن کا روزانہ 12گھنٹے اجراء کر دیا گیا ہے جہاں رضاکار ڈاکٹروں و دیگر طبّی عملہ پر مشتمل ٹیم حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی کے لئے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔COVID-19 کے اس وبائی مرض سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کو مفت معلومات فراہم کی جارہی ہیں اور کسی بھی مشتبہ علامات سے متعلق مذید رہنمائی اور ہدایات کے لئےہیلپ لائن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے بے شمار امریکن افراد روزانہ کی بنیاد پر ہیو مینیٹی فرسٹ کی ان طبّی و غذائی سہولیات سے مستفیذ ہو رہے ہیں۔ ان میں سے کئی ایک نے برملا خدمتِ خلق کے اس بے لوث جذبے کو سراہا ا ور فرطِ جذبات سے مغلوب نظر آئے۔ کئی ایک نے سوشل میڈیا پر ان خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے رہے۔

مضمون کی طوالت کے پیش نظر جن کا فرداً فرداً ذکر ممکن نہیں بعض مقامات پر تقسیمِ راشن اور طبّی خدمات کے دوران بعض لوگوں نے اس کارِ خیر میں برکت کی خاطر جو خرچ بھی جیب سے نکلا، مہیا کر دیا۔ ہیو مینیٹی فرسٹ کی ویب سائٹ کے ذریعے سے سینکڑوں افراد نے مختلف امریکی ریاستوں سے عطیات بھی جمع کروائے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کی کاوشوں میں برکت عطا فرمائے اور دنیا کو اس وبائی مرض سے جلد از جلد نجات عطا ہو۔ آمین

(سید شمشاد احمد ناصر ۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 افریقہ ڈائری نمبر 16، 02۔ مئی 2020ء