• 24 اپریل, 2024

واقعات ازسیرت حضرت مسیح موعودؑ

حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ سیرت و کردار کے چند گوشے باعث تحریر ہیں۔ راست گوئی کی آپؑ عملی تصویر ہی نہ تھے بلکہ روشنی کا بلند مینار بھی تھے۔تحریر ہویا تقریر معاملات دینی ہوں یا دینی، اندیشہ آبرو مال و جان ہو آپؑ نے صاف گوئی کو ہاتھ سے کبھی بھی جانے نہ دیا۔

حضرت شیخ جھنڈا بیان کرتے ہیں کہ ایک مقدمہ کے سلسلہ سے متعلق آپؑ کے والد صاحب نے کہا کہ کل مقدمہ کی پیشی ہے۔ آپؑ نے یہ بیان دینا ہے۔عرض کی آپ مجھے لکھ کردیں میں اسے عدالت میں پیش کردوں گا۔والد صاحب نے کہا۔چنداں لکھنے کی ضروت نہیں ہے۔ زبانی باتیں بیان کردینا۔ عرض کی کہ اپنی زبان سے بیان نہیں کرسکتا۔ مجھے بیان کی صحت کے متعلق یقین نہیں۔آپ بیان لکھ دیں میں عدالت میں پیش کردوں گا۔

(اصحابِ احمدجلد10صفحہ185)

آپؑ کا اندازِ شفقت بھی ایک شان رکھتا ہے۔ حضرت ابراہیم بقاپوریؓ اپنا ایک واقعہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے چوتھے روز بیعت کا ارادہ کیا۔ حضرت اقدسؑ کی طبعیت خراب تھی۔ حضورؑ کی عیادت کے لئے احباب مولوی نورالدین صاحب، مولوی عبدالکریم صاحب، خواجہ کمال الدین صاحب اور شیخ رحمت اللہ صاحب بیت الفکر میں بیٹھے تھے ۔۔۔ حضرت اقدسؑ کو میرے آنے کی اطلاح دی گئی ۔حضورؑ نے مجھے اندر بلا لیا۔ وہاں کوئی کرسی یا موڑھا وغیرہ نہ تھا۔ میں بیٹھنے کے لئے نیچے جھکا ہی تھا کہ حضورؑ نے فرمایا ‘‘نہیں، نہیں۔آپ میرے پاس چارپائی پر بیٹھ جاہیں۔’’ میں جھجکتے ہوئے پاؤں نیچے لٹکا کر چارپائی پر بیٹھا تو آپؑ نے کمال مہربانی سے فرمایا: ’’مولوی صاحب!میری طرح چارپائی پر پاؤں رکھ کر بیٹھ جائیں۔‘‘

(اصحابِ احمدجلد10صفحہ223)

آپؑ میں امام الصلوٰۃ کی اقتدا کامل درجہ کی تھی۔ حضرت ابراہیم بقا پوریؓ اس سلسلہ میں اپنا چشم دید واقعہ یوں ذکر کرتے ہیں کہ نماز عصر میں حضرت مولوی نورالدین صاحبؓ امام تھے۔ مولوی صاحبؓ نے دوسری رکعت میں اٹھنے میں ذرا دیر لگائی۔ ہم سب مقتدی کھڑے ہوگئے لیکن حضرت اقدسؑ اسی طرح بیٹھے رہے اور جس طرح مولوی صاحبؓ آہستہ آہستہ کھڑے ہوئے اسی طرح حضرت صاحبؑ بھی کھڑے ہوئے۔

(اصحاب احمد جلد10 صفحہ255)

فنا فی الرسول صلی اللہ علیہ وسلم ہونےکا یہ عالم تھا جوکہ آپؑ کے اس شعر سے مترشح ہے۔

احمد اندر جان احمدشد پدید
اسم من گردید اسم آں وحید

احمد کی جان کے اندر احمد ظاہر ہوگیا اس لئے میرا وہی نام ہوگیا جو اس لاثانی انسان کا نام ہے۔

(محمداشرف کاہلوں)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جون 2020

اگلا پڑھیں

02 جون 2020ء Covid-19 Update