• 25 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی نیشنل مجلس شورٰی کا انعقاد

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ،مغربی افریقہ کو امسال نیشنل مجلس شورٰی موٴرخہ 21 اور 22 مئی 2022ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی، الحمد للہ علی ذلک۔ امسال منعقد کی جانے والی شورٰی کی اہمیت اس طرح بھی زیادہ ہے کہ 1922ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جماعت احمدیہ میں باقاعدہ مجلس شورٰی کے نظام کا انعقاد کیا جس کے اجراء کی صدی امسال پوری ہو رہی ہے۔ دنیا کے طول عرض میں جماعت ہائے احمدیہ کو مجلس شورٰی کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے نیز دوسرے کئی ممالک کی طرح جماعت آئیوری کوسٹ کو بھی امسال کورونا وائرس کی وباء کے بعد پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر مجلس شورٰی کے انعقاد کا موقع میسر آیاہے۔

امسال آئیوری کوسٹ کی مجلس شورٰی میں بفضل خدا تعالیٰ ملک کے 18 ریجنز کی جماعتوں میں سے منتخب نمائندگان شورٰی، نیشنل عاملہ آئیوری کوسٹ، ریجنل مبلغین کرام، نمائندگان مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ ومجلس لجنہ اماءاللہ برائے شورٰی سمیت کل 135 افراد کو شرکت کی توفیق ملی۔ جبکہ زائرین کی بھی ایک تعداد کو کاروائی شورٰی دیکھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ مجلس شورٰی کی کاروائی کا آغاز بروز ہفتہ سہ پہر 3 بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن مجید کی اور جولا زبان میں ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب نے نظام شورٰی کی اہمیت کے موضوع پر مختصر تقریر کی اور دعا کروائی۔ معاً بعدصدر مجلس شورٰی نے گزشتہ سال کی شورٰی کی تجاویز پر عملدرآمد کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور انھیں تجاویز کو اگلے سال تک بھی جاری رکھنےکی ہدایت کی۔ بعدازاں سال 2022-2023ء کے بجٹ کی تفصیلات شاملین شورٰی کو فراہم کی گئی جس پر تفصیلی بحث ہوئی۔

امسال شورٰیٰ کا ایک اہم مقصد سال 2022تا 2025 مالی سال کے لئے انتخابات برائے نیشنل مجلس عاملہ کروانا بھی تھا۔چنانچہ بجٹ کاروائی کے بعد انتخابات کی کاروائی کا آغاز کیا گیا صدارت مکرم امیر جماعت آئیوری کوسٹ نے کی یہ سلسلہ اگلے دن تک جاری رہا۔ انتخابات کی کاروائی کے بعد امیرو مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ نے اختتامی تقریر کی جس میں تجاویز شورٰی پر عمل درآمد کے لئے شاملین کو ہدایات دیں۔ اختتام سے قبل مدرسہ الحفظ گھانا سے 2 حفاظ کرام نیز معلم کلاس گھانا سے پاس ہونے والے ایک معلم سلسلہ کو مکرم امیر صاحب نے اسناد پیش کیں جو کہ کورونا وباء کے باعث پہلے نہ دی جا سکی تھیں۔بعد ازاں دعا کے ساتھ کاروائی شورٰی کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور کھانے کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطاب برائے شورٰی بھی ممبران شورٰی نے سنا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہر لحاظ سے مجلس شورٰی کو بابرکت کرے نیز اس شورٰی کے احسن نتائج پیدا ہوں۔ ممبران شورٰ ی کو بھی اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ