• 23 اپریل, 2024

جامعة المبشرین سیرالیون کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں

جامعة المبشرین سیرالیون کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں
برائے ماہ اپریل و مئی 2022ء

وقف عارضی کے پھل

اللہ تعالیٰ کے فضل سے طلباء جامعہ احمدیہ سیرالیون کو رمضان المبارک کے دوران اپنے اپنے ریجنز میں وقف عارضی کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ اس حوالے سے جامعہ احمدیہ کی پہلی تین کلاسز درجہ اولی کے 18، درجہ ثانیہ کے 9 اور درجہ ثالثہ کے 12، کل 39 طلباء وقفِ عارضی پر تشریف لے گئے۔

طلباء مؤرخہ 31 مارچ 2022ء کو روانہ ہوئے اس وقفِ عارضی کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عبادات اور خصوصاً نمازِ تراویح کا قیام تھا۔ دوران وقف عارضی طلباء نے مساجد میں پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ ساتھ، نماز تہجدو تراویح، تلاوت قرآن پاک، دروس القرآن، دروس الحدیث، قرآن کلاسز، دینی معلومات کلاسز اور خدام کلاسز کا انعقاد کیا۔ نیز احمدی احباب سے بھی انفرادی رابطے کئے اور انہیں مسجد سے جوڑا۔ مجالس سوال و جواب اور جلسہ ہائے سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام کیا۔ خطبہ جمعہ حضور انور کے لئے احمدیہ مسلم ریڈیو سے احباب کو منسلک کیا۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے۔ دوسری جانب تبلیغی و تربیتی دورہ جات کئے جن میں غیر از جماعت افراد سے رابطے کئے انہیں پیغام حق پہنچایا اور بیعتیں کروانے کی توفیق بھی عطا ہوئی۔ مؤرخہ 2 مئی 2022ء کو نماز عید ادا کی گئی۔ اور مؤرخہ 7 مئی 2022ء کو طلبا واپس جامعہ احمدیہ میں حاضر ہو گئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل سے ان مساعی کے بہترین اور بابرکت نتائج نکالے۔ آمین یا رب العالمین۔

پروگرام مجلس ارشاد
تقریب بسلسلہ یوم آزادی سیرالیون

17 اپریل 1961ء کو سیرالیون نے برطانوی حکومت سے آزادی حاصل کر کے خود مختار ریاست کی حیثیت حاصل کی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں قومی و نجی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

مؤرخہ 17 اپریل 2022ء کو جامعہ ہال میں مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعہ المبشرین سیرالیون کی زیر صدارت تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام کے آغاز میں عزیزم محمد ییرو کمارا (طالب علم درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔پھر عزیزم بشیر الدین کمارا (درجہ رابعہ) نے قصیدہ ’’یَا عَیْنَ فَیْضِ اللّٰہِ‘‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔ اس کے بعد تمام شاملین تقریب نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔

اس پروگرام میں دو تقاریر ہوئیں، مکرم مولوی سلیمان کمارا صاحب (استاد جامعہ) نے جماعت احمدیہ کی سیرالیون میں خدمات‘‘ اور مکرم حمید علی بنگورا صاحب (استاد جامعہ) نے ’’حُبُّ الْوَطَنِ مِنَ الْاِیْمَانِ‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔

مکرم مہمانِ خصوصی صدر مجلس صاحب نے اس دن کے مناسبت سے طلباء کو ایک احمدی اور ایک مبلغ احمدیت ہونے کے لحاظ سے ملک و جماعت کا مفید وجود بننے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اور طلباء کے سوالات کے جوابات دیئے۔

اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ طلباء جامعہ رمضان المبارک میں وقفِ عارضی کے لئے اپنی اپنے ریجنز میں گئے ہوئے تھے اس لئے اس پروگرام میں صرف آخری سال کے طلبہ اور سٹاف جامعہ واساتذہ کرام نے شرکت کی۔

سیمینار قرآن کریم

مؤرخہ 22 مئی 2022ء کو جامعہ ہال میں مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعہ المبشرین سیرالیون کی زیر صدارت قرآن کریم سیمینار منعقد کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز عزیزم مصطفیٰ ایم بیندو (درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ پھر عزیزم علی بی کانو نے نظم ’’قرآن سب سے اچھا‘‘ (درجہ رابعہ) مترنم آواز میں پیش کی۔

اس پروگرام میں تین تقاریر ہوئیں، عزیزم بشیر الدین کمارا (درجہ رابعہ) نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن‘‘، مکرم مولوی حافظ اسد اللہ صاحب (استاد مدرسة الحفظ) نے ’’تلاوت قرآنِ کریم کی اہمیت‘‘ اور محترم پرنسپل صاحب نے ’’قرآن کریم کا مقام و مرتبہ‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کے آخر میں اسی مناسبت سے سوال و جواب ہوئے۔ اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس پروگرام میں جامعہ احمدیہ سیرالیون اور مدرسة الحفظ کے تمام طلباء واساتذہ کرام نے شرکت کی۔

جلسہ یوم خلافت

مؤرخہ 29 مئی 2022ء کو جامعہ ہال میں جلسہ یوم خلافت منعقد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی مکرم عقیل احمد صاحب (ریجنل مبلغ بو) قائم مقام مبلغ انچارج سیرالیون تھے۔ پروگرام کا آغاز عزیزم محمد بی کروما (درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ پھر عزیزم علی بی کانو نے نظم ’’خلیفہ کے ہم ہیں‘‘ مترنم آواز میں پیش کی۔اس کے بعد محترم مہمانِ خصوصی صاحب نے ’’عہد خلافت‘‘ دہرایا۔

اس پروگرام میں تین تقاریر ہوئیں، عزیزم محمد ییرو کمارا (درجہ رابعہ) نے ’’خلافت کی اہمیت‘‘، مکرم مولوی مورلائی فورنہ صاحب (استاد جامعہ) نے ’’خلافتِ احمدیہ کی مختصر تاریخ‘‘ اور محترم پرنسپل صاحب نے ’’خلافت کی برکات اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔

تقاریر کے دوران مدرسة الحفظ کے طلباء نے نظم ’’خلیفہ دل ہمارا ہے‘‘ خوبصورت انداز میں پیش کی اور عزیزم علی بلا (درجہ ثانیہ) نے ترجمہ پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں اسی مناسبت سے سوال و جواب ہوئے۔ مکرم مہمانِ خصوصی صاحب نے طلباء کو اطاعتِ خلافت سے متعلق نصائح کیں۔

اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس پروگرام میں جامعہ احمدیہ سیرالیون اور مدرسة الحفظ کے تمام طلباء واساتذہ کرام نے شرکت کی۔

مقابلہ جات مجلس علمی

مجلس علمی جامعہ احمدیہ سیرالیون کے زیرِ انتظام ماہِ مئی کے دوران جامعہ کی مسجد میں بعد نمازِ عصر تقریر انگریزی اور گروپ وائز مقابلہ کوئز خلافت منعقد کئے گئے۔ طلباء جامعہ کو تین گروپس نور، محمود اور ناصر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان مقابلہ جات میں اساتذہ جامعہ نے فرائض منصفی بھی سر انجام دیئے۔

مقابلہ تقریر انگریزی

مؤرخہ 09 مارچ 2022ء کو مقابلہ معلومات عامہ منعقد کیا گیا۔ اس مقابلہ کے لئے مولوی حمید بنگورا صاحب، مولوی اثمار احمد صاحب، مولوی مورلائی صاحب اور مولوی نعیم گوہر صاحب (نگران مجلس علمی) نے فرائض منصفی سر انجام دیئے۔

امسال مقابلہ کے لئے درج ذیل عناوین رکھے گئے تھے۔

Importance of the Holy Quran
The Perfect Example of Holy Prophetﷺ
The Truthfulness of the Promised Massiah as

دو طلبامحمود گروپ کے عزیزم جبریل سیسے اور ناصر گروپ کے عزیزم مورلائی اے کمارا پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔ جبکہ نور گروپ سے عزیزم ابراہیم کروما نے دوسری اور عزیزم مرتضیٰ ایم بیندو نے پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ خلافت کوئز

مؤرخہ25 مئی 2022ء کو مقابلہ خلافت کوئز منعقد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی محترم مولوی عقیل احمد صاحب (مبلغ بو ریجن) قائم مقام مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ تلاوت کے بعد مولوی حمید علی بنگورا صاحب نے مقابلہ کے قواعد بیان کئے۔ جن کے ساتھ مولوی حمیدعلی بنگورا صاحب، مولوی اثمار احمد صاحب اور مولوی مورلائی صاحب نے اس مقابلہ کے لئے فرائض منصفی سر انجام دیئے۔

مقابلے کا نصاب کتاب ریلیجئس نالج میں سے حصہ خلفائے احمدیہ مقرر کیا گیا تھا۔ مقابلہ میں ہر سہ گروپس سے پانچ پانچ طلبا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلے راؤنڈ میں پانچ پانچ سوالات اور دوسرے راؤنڈ میں تین تین سوالات اورفائنل راؤنڈ میں دو دو سوالات پوچھے گئے۔ پہلی پوزیشن ناصر گروپ، دوسری نور گروپ اور تیسری پوزیشن محمود گروپ کی ٹیم نے حاصل کی۔

پروگرام کے آخر میں محترم مہمان خصوصی نے مختصر خطاب میں نصائح کیں۔ اور دعا سے یہ مقابلہ اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ