مکرم عبد العلیم صاحب ٹورنٹو کینیڈا سے اطلاع بھجواتے ہیں کہ :
مکرم چوہدری عبدالحفیظ صاحب ، حلقہ سکاربورو نار تھ ،کینیڈا ، مورخہ 9 / جون 2020 کو 78 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
10/ جون 2020ء کومسجد بیت الحمد مسسی ساگا میں سوا ایک بجے مکرم صادق احمد صاحب مربی سلسلہ مسسی ساگانے ان کی نماز جنازہ پڑھائی ۔ اگلے روز 11/ جون کوبریمپٹن میموریل گارڈن قبرستان ،کینیڈا میں گیارہ بجے صبح تدفین ہوئی اور مربی سلسلہ مکرم انصر رضا صاحب نے دعا کروائی۔
مرحوم نیک ، صالح، صوم و صلوٰۃ کے پابند، خلیق، ملنسار، مہمان نواز، ہمدرد اور دعا گو تھے۔خلافت سے اخلاص اور محبت کا تعلق تھا۔ سمن آباد لاہور میں بیس سال سے زائد بطور آڈیٹر ،جماعت کی خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ مرحوم کا تعلق شعبہ بینکاری سے تھا۔آپ بطوراسسٹنٹ وائس پریذیڈینٹ ، نیشنل بنک آف پاکستان سے سبکدوش ہوئے۔ معاملہ فہم تھے، لوگوں کے مسئلے مسائل حل کرنے، روزگار فراہم کرنے میں مدد کرتے۔ بذلہ سنج، علم دوست اور مطالعہ کے شوقین تھے۔
آپ کے پس ماندگان میں اہلیہ محترمہ امتہ الباسط صاحبہ (سابق نگران قیادت لجنہ اماء اللہ، بیت التوحید، لاہور- حال مقیم سکاربرو نارتھ)، دو بیٹے محترم عبداللطیف صاحب (زعیم انصاراللہ، Kaiserslautern، جرمنی) اور محترم عبدالعلیم صاحب ، (سیکریٹری اشاعت ٹورنٹو ریجن وسابق ایڈیٹر /کمپوزرجریدہ نحن انصاراللہ-کینیڈا، مقیم سکاربرو نارتھ)، ایک بیٹی محترمہ تسنیم کوثر صاحبہ (مقیم سکاربرو نارتھ) اور ایک ہمشیرہ محترمہ رشیدہ خالق صاحبہ (اہلیہ مکرم پروفیسر ڈاکٹر محمدعبدالخالق صاحب – سابق صدر جماعت Minnesota, امریکہ) یادگار چھوڑی ہیں۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ مرحوم کو اللہ تعالیٰ اپنے جوار رحمت میں جگہ دے ، مغفرت سے نوازے اور جنت الفردوس عطا کرے۔ آمین۔
سانحہ ارتحال
کشتی رانی (روئنگ) کے انٹرنیشنل کھلاڑی اور کوچ مکرم احمد حسن ابن چوہدری محمد اسحاق جوہر ٹاؤن لاہور مورخہ 2 اکتوبر 2020 ء بعمر 55 سال انتقال کرگئے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ اگلے روز صبح 9:30 بجے داراضیافت میں آپ کی نماز جنازہ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ پاکستان نے پڑھائی اور بہشتی مقبرہ میں قبر تیار ہونے پر آپ ہی نے دُعا کروائی۔
آپ ایک مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ آپ کو انصاراللہ ضلع و علاقہ لاہور کی عاملہ میں خدمت کی توفیق ملی۔ علاقائی عاملہ میں ناظم ایثار اور ناظم ذہانت و صحت جسمانی جب کہ ضلعی عاملہ میں نائب ناظم اعلیٰ صفِ دوم رہے۔ آل پاکستان اسپورٹس ریلی انصاراللہ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے علاقہ لاہور کی نمائندگی میں بیڈمنٹن ٹیم حصہ رہے اور اللہ کے فضل سے اوّل دوم پوزیشن بھی حاصل کرتے رہے۔ دوران کھیل آپ اعلیٰ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے اور انتہائی دوستانہ روّیہ اور عاجزی اختیار رکھتے تھے اور آپ کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی۔
آپ روئنگ کلب پاکستان کے سیکرٹری بھی رہے۔ آپ نے فزیکل ایجوکیشن اور پنجابی میں ایم اے بھی کیا ہوا تھا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایکسائز انسپکٹر کے طور پر تعینات تھے۔ آپ نے اپنے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
سانحہ ارتحال
مکرم طاہر احمد جمالی ؔ مربی سلسلہ اعلان بھجواتے ہیں کہ:
خاکسار کے والد مکرم حافظ خدابخش صاحب ولد لال دین (مرحوم) بقضائے الٰہی مؤرخہ 10 ستمبر 2020 کو وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اور بوقت وفات صدر جماعت احمدیہ گھسیٹ پورہ ضلع فیصل آبادکے عہدہ پر خدمات کی توفیق مل رہی تھی۔آپ حافظ قرآن تھے ۔ 1969ء میں نظارت اصلاح و ارشاد کے تحت مقامی جماعت میں قرآن کریم حفظ کیا۔ مقامی جماعتوں کے تحت حفظ قرآن کی کلاسوں میں پاکستان بھر میں سب سے پہلے انہیں قرآن کریم حفظ کرنے کا شرف حاصل ہے جس کااعلان الفضل 22 اگست 1969ء میں نظارت اصلاح و ارشادکی طرف سے کیا گیا۔
خاکسار کے والدنماز باجماعت کے پابند تھے۔ بہت ملنسار، غریب پرور، نمازوں کے پابند تھے۔ مہمان نواز تھے۔ ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والے تھے۔ مالی قربانی میں پیش پیش تھے۔ خلافت سے بے پناہ محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔
مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں اور پانچ بیٹے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرمائے۔ ان کے درجات بلند فرمائے۔ اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے اور ان کی نیک سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین