• 3 مئی, 2024

فقہی کارنر

جہرًا دعائیں پڑھنا

حضرت مفتی محمد صادق صاحب تحریر کرتے ہیں کہ:
جب ابتدا میں مَیں قادیان گیا اور مسجد مبارک میں صرف تین چار نمازی ہوا کرتے تھے اور حافظ معین الدین صاحب مرحوم نماز پڑھایا کرتے تھے۔ جب حضرت مولوی نور الدین ؓ صاحب ہجرت کر کے …. قادیان آ گئے۔ تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اُنہیں اپنی مساجد میں پیش امام بنا یا اور وہی نمازیں پڑھاتے رہے۔ لیکن اُس کے بعد جب حضرت مولوی عبد لکریم صاحب ؓ مرحوم بھی ہجرت کر کے قادیان آ گئے تو حضرت مولوی نور الدین صاحب ؓ نے انہیں نماز کے واسطے آگے کر دیا اور پھر جب تک وہ زندہ رہے وہی پیش امام رہے۔ لیکن گاہے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة و السلام طبیعت کی کمزوری کے سبب مسجد مبار ک میں ہی جمعہ بھی پڑھ لیتے تھے اور چونکہ مسجد مبارک میں سب لوگ سما نہ سکتے تھے۔ اس واسطے جمعہ مسجد اقصیٰ میں بدستور ہوتا اور مسجد اقصٰی میں حضرت مولوی نور الدین صاحبؓ جمعہ پڑھاتے تھے اور مسجد مبارک میں حضرت مولوی عبد الکریم ؓ صاحب جمعہ پڑھاتے تھے اور گاہے حضرت مولوی عبد الکریم صاحب ؓ باہر گئے ہوئے ہوتے اور حضرت مولوی محمد احسن صاحب قادیان میں موجود ہوتے تو مسجد مبارک میں وہ جمعہ پڑھاتے۔ جب حضرت مولوی عبدالکریم صاحب ؓ مرحوم ہجرت کر کے قادیان چلے آئے تو وہی پیش امام نماز کے ہوتے رہے۔ حضرت مولوی عبدا لکریم صاحبؓ مرحوم اپنی قراءت میں ہمیشہ بسم اللّٰہ سورة فاتحہ سے پہلے بالجہر پڑھتے اور فجر اور مغرب اور عشاء کی آخری رکعت میں بعد رکوع بلند آواز میں دعائیں مثلاً رَبَّنَا افْتَحْ بَیْنَنَا وَ قَوْ مِنَا بِا لْحَقِّ وَ اَنْتَ خَیْرُ الْفَا تِحِیْنَ اور رَبَّنَا ھَبْ لَنَ مِنْ اَزْوَاجِنَا اور اَللّٰھُمَّ انْصُرْ مَنْ نَصَرَ دِیْنَ مُحَمَّدٍ… اور اَللّٰھُمَّ اَیِّدِ الْاِسْلَامَ وَ الْمُسْلِمِیْنَ بِا لْاِ مَامِ الْحَكَمِ الْعَادِلِ وغیرہ پڑھا کرتے تھے اور حضرت مولوی صاحب کی عدم موجودگی میں جب کہ وہ سفر پر ہوں یا نماز میں کِسی وجہ سے نہ آ سکیں۔ مولوی حکیم فضل الدین صاحب ؓ مرحوم اور گاہے عاجز راقم کو یا کسی اور صاحب کو امامت کے واسطے حضرت مسیح موعود علیہ الصلاة والسلام حکم فرماتے تھے۔ حضورؑ خود کبھی پیش امام نہ بنتے تھے۔ حضرت مولوی عبد الکریم صاحب ؓ کی وفات کے بعد مولوی نور الدین صاحب خلیفہ اوّلؓ ہمیشہ پیش امام رہے۔

(ذکر حبیب حضرت مفتی محمد صادق صفحہ22-23)

(مرسلہ: داؤد احمد عابد۔ استاد جامعہ احمدیہ برطانیہ)

پچھلا پڑھیں

اخلاق کامل

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 دسمبر 2022