• 1 مئی, 2024

مدرسۃ الحفظ گھانا میں سالانہ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد

طلبا کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال طلباء مدرسۃ الحفظ گھانا کے سالانہ ورزشی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ چنانچہ اس مقصد کی خاطر سال کے آغاز میں طلباء کی سالانہ سرگر میوں کا پرو گرام بنا کر طلباء کو آگاہ کر دیا جاتا ہے جس کی طلبا ءبھر پور تیاری کرتے ہیں۔

اس سال کے پروگرام کے مطابق ورزشی مقابلہ جات مورخہ 25 و 26؍نومبر 2022ء گراؤنڈ جامعۃ المبشرین میں منعقد ہوئے۔ ان مقابلہ جات کی تیاری کے لئے اساتذہ مدرسۃ الحفظ گھانا کے ساتھ طلباء کی ایک ٹیم نے کام کیا۔

امسال ورزشی مقابلہ جات کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی محترم مبشر حسین شاہد صاحب وائس پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا تھے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز موٴرخہ 25؍ نومبر شام 4:00 بجے گراؤنڈ جامعۃ المبشرین میں ہوا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ عزیزم مصور احمد سرمد طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے کی۔ اس کے بعد عزیزم محمد ابراہیم طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے حضرت مسیح موعودؑ کا عربی قصیدہ یاعین فیض اللہ والعرفان نہایت خوش الہانی سے پڑھا۔

قصیدہ کے بعد عزیزم عبد الصمد طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے امسال ہونے والے ورزشی مقابلہ جات کی مختصر رپورٹ پیش کی۔

اس مختصر رپورٹ کے بعد مہمان خصوصی محترم مبشر حسین صاحب وائس پرنسپل جامعة المبشرین گھانا نے طلباء سےخطاب کیا۔ آپ نے حدیث المؤمن القوی خیر من المؤمن الضعیف کی تشریح کرتے ہوئے طلباء کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔خطاب کے بعد آپ نے اجتماعی دعا کروائی۔

ورزشی مقابلہ جات میں 5 انفرادی اور 3 اجتماعی مقابلے کروائے گئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں 100میٹر دوڑ، 100میٹر بیک دوڑ، بوری ریس، لیمن و سپون ریس اور ثابت قدمی شامل تھے۔ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ثابت قدمی کا مقابلہ بے حد دلچسپی کا باعث بنا جس میں طلباء نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ اجتماعی مقابلہ جات میں فٹبال، رسہ کشی اورریلے ریس کے مقابلے شامل تھے۔

قارئین کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان ورزشی سرگرمیوں کے باعث طلباء کی ذہنی، جسمانی، اخلاقی اور روحانی استعدادوں میں اضافہ فرمائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشائے مبارک کے مطابق اپنی زندگیاں ڈھالنے کی توفیق عطا کرے۔آمین

(رپورٹ: حافظ خلیق بشیر۔ استاد مدرسۃ الحفظ گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی