• 19 اپریل, 2024

36واں جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ

کورونا کی عالمی وباء میں کمی کے بعد جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ (Cote d’Ivoire) کو امسال اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے باقاعدہ طور پر نیشنل جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس سے قبل 2019ء میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا چنانچہ تین سال کے وقفہ اس جلسہ کے انعقاد کے درمیان حائل رہا۔گزشتہ سال نیشنل سطح پر جلسہ سالانہ کے انعقاد کے بجائے ریجنل سطح پر جلسہ جات منعقد کئے گئے تھے۔تاہم امسال موٴرخہ 23-24؍ اور 25؍دسمبر 2022ء کو نیشنل جلسہ سالانہ بمقام مہدی آباد، آبی جان (Abidjan) بعنوان ’’احمدیت، خدمت انسانیت میں مشغول ایک جماعت‘‘ منعقد کیاگیا۔

جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل مختلف مواقع پر امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی زیر صدارت نیشنل عاملہ نیز ریجنل مبلغ کرام کی میٹنگز بسلسلہ انعقاد جلسہ سالانہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں جلسہ سالانہ کے متعلق تمام امور مثلاً پروگرام جلسہ، مقام جلسہ، مہمانان کرام کی آمدو رہائش، طعام نیز دیگر امور وغیرہ کا جائزہ لیا گیا۔ ناظم جلسہ سالانہ مکرم کریم جوارا صاحب (Karim Djawara) کی زیر نگرانی جلسہ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جلسہ کی تیاروں کا سلسلہ مکرم امیر صاحب کی زیر ہدایت و نگرانی جلسہ کے ایام سے قبل ہی شروع کر دیا گیا جس میں مہمانان حضرت مسیح موعودؑ کے طعام کے انتظام کے لئے اشیا کی خریداری جس کی ذمہ داری نائب افسر جلسہ سالانہ مکرم لقمان احمد فرید صاحب مبلغ سلسلہ نیز مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے ادا کی نیز جلسہ گاہ کی تیاری کا کام بھی شامل تھا۔ جلسہ کے ایام سے قبل ہی جلسہ گاہ کا وقار عمل کے ذریعے صفائی کا انتظام کیا گیا جس میں مقامی خدام نیز معلمین کرام نے حصہ لیا۔

مہمانان کرام کی آمد

جلسہ سے ایک روز قبل موٴرخہ 22؍دسمبر بروز جمعرات مہمان جلسہ سالانہ کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔اس ضمن میں دوپہر کے بعد سے دور دراز کے ریجنز سے قافلہ جات جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔اسی دوران جلسہ گاہ میں ٹینٹ وغیرہ نیز اسٹیج کی تیاری کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔اسٹیج کو جلسہ گاہ کے تھیم سے آراستہ بینرز کے ساتھ سجا گیا۔ نیز ٹینٹس میں مہمانان کرام کے بیٹھنے کے لئے کرسیوں کا اہتمام کیا گیا۔جلسہ گاہ کے مہمان کی آمد کے سلسلہ میں صبح سے ہی لنگر حضرت مسیح موعودؑ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جس کے تحت ناشتہ کی تیاری کے علاوہ دوپہر کے کھانے کی تیاری کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ آمدہ مہمانان کرام کے طعام کے انتظام کے ساتھ رہائش کا انتظام زیر تعمیر ہیومینیٹی فرسٹ کے ہسپتال کی عمارت نیز جماعتی موجودہ ہال نما مسجد میں کیا گیا جبکہ لجنہ کی رہائش کا انتظام جماعتی سکول کی کلاسز میں کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئی۔ شام 4 بجے مکرم امیر و مشنری انچارج عبدالقیوم پاشا صاحب نے جلسہ گاہ آکر تیاریوں کا جائزہ لیا نیز انتظامات سے متعلق ہدایات دیں اور مغرب و عشاء کی نماز ادا کی گئی۔ جس کے بعد اعلانات ہوئے جس میں آنے والے احباب کرام کو جلسہ کی اہمیت نیز جلسہ گاہ کے متعلق رہنمائی کی گئی۔ بعد ازاں طعام کا انتظام کیا گیا۔

جلسہ کا پہلا دن

موٴرخہ 23؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک آئیوری کوسٹ کے 36 ویں نیشنل جلسہ سالانہ کا پہلا دن تھا۔ چنانچہ جماعتی روایات کے مطابق جلسہ کے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد کے ذریعے کیا گیا۔ نماز تہجد مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نے پڑھائی جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور درس بعنوان جلسہ سالانہ میں شرکت کی اہمیت پر دیا۔ بعد ازاں شرکاء کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ناشتہ کے بعد جلسہ کی بقیہ تیاروں کے ساتھ ساتھ شرکاء نے جلسہ کے پروگرام میں شرکت کی تیاری بھی شروع کر دی۔ جلسہ کے پروگرام کا اول حصہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ تھا۔ جس کے لئے احباب کرام تیاری کر کے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جلسہ میں تمام شرکاء نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا خطبہ کے اختتام کے ساتھ ہی امیر ومشنری انچارج مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نےمقامی طور پر خطبہ جمعہ بعنوان ’’جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد‘‘ دیا جس کے بعد نماز جمعہ و عصر باجماعت پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکاء جلسہ کو طعام فراہم کیا گیا اور احباب نے جلسہ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لئے تیاری کی۔

جلسہ سالانہ کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاحی اجلاس بروز جمعۃ المبارک شام 4 بجے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب آئیوی کوسٹ نے مکرم تیرو الحسن صاحب (Tero Allassane) نیشنل صدر انصاراللہ صاحب کے ہمراہ اس تقریب کے لئے تشریف لائے۔خدام نے جلسہ کی تمام سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے جس میں صدر مجلس کا پروٹوکول بھی شامل تھا۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت نیز مکرم تیرے الحسن صاحب نے آئیوری کوسٹ کا مقامی جھنڈا لہرا کر جلسہ کا باقاعدہ آغاز کیا۔جس کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی دعا کروائی اور اسٹیج پر تشریف لائے۔ اس دوران مکرم یحییٰ جیارہ صاحب (Yaya Djiara) معلم سلسلہ دیگر کے ہمراہ مقامی زبان میں نظم وغیرہ بھی پڑھتے رہے۔جلسہ کے افتتاحی پروگرام کی صدارت مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے کی۔تلاوت مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ سینفرا ریجن نے کی جس کے بعد اس کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ جس کے بعد مکرم یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے نظم پڑھی۔ نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے جلسہ کی افتتاحی تقریر کی جس میں ’’جلسہ کی اہمیت و برکات‘‘ کا ذکر کیا گیا۔افتتاحی تقریر کے بعد مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن نے ’’صحابہ رسول کریم ﷺ اطاعت کا اعلیٰ نمونہ‘‘ کے عنوان سے فرینچ زبان میں تقریر کی اور اس کا مختصر خلاصہ لوکل زبان جولا میں بھی پیش کیا۔اس تقریر کے بعد پہلے سیشن کا باقاعدہ اختتام ہوا اور چند اعلانات کے بعد شاملین جلسہ نے نماز مغرب و عشاء کی تیاری شروع کی اور نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔اس جلسہ میں سٹیج سیکریٹری کی ذمہ داری مکرم احمد باپینا صاحب (Ahmadou Bapina) نیز مکرم عبدالسلام طورے مبلغ سلسلہ نے ادا کی۔نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد ساڑھے سات بجے شام مکرم ڈاکٹر احمد کالیبالی صاحب نے ویڈیو کے ذریعے حاضرین جلسہ کو کورونا وباء کی حقیقت و اثرات کے بچاؤ کے متعلق آگاہ کیا۔ جس کے بعد رات کا کھانا حاضرین کو دیا گیا اور یوں جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

جلسہ کا دوسرا دن

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا باقاعدہ آغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد کے ساتھ ہوا۔نماز تہجد کی امامت مکرم کونے ابوبکر صاحب (Kone Aboubakar) معلم سلسلہ کو حاصل ہوئی۔نماز فجر کی ادائیگی کے معاً بعدمکرم تیرو الحسن صاحب نیشنل صدر انصار اللہ نیز جابی مصطفیٰ (Diabi Moustafa) صاحب نیشنل صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی تنظیموں کے کام نیز ذمہ داریوں کے عنوان سے درس دیا۔جس کے کچھ دیر بعد حاضرین جلسہ کو ناشتہ دیا گیا۔ناشتہ کے بعد شرکاء نے جلسہ کے دوسرے دن کے لئے تیاری کی اور پنڈال آگئے۔ صبح ساڑھے نو بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم بناؤ عبدالرزاق (Banao Abdurazaq) صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابنگرو نے کی جس کے بعد اس کا فرینچ ترجمہ بھی پڑھا گیا۔بعد ازاں مکرم سنگھارے یحیی معلم سلسلہ نے اردو نظم پڑھی اور اس کا فرینچ ترجمہ پیش کیا۔جلسہ کے دوسرے سیشن کی پہلی تقریر مکرم سانفو مبارک صاحب (Sanfo Moubarak) ریجنل قائد بواکے نےجلسہ سالانہ کے موضوع (Theme) کے تحت بعنوان ’’احمدیت، خدمت انسانیت میں مشغول ایک جماعت‘‘ بزبان فرینچ کی جس کا مقامی زبان جولا میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔اس تقریر کے بعد مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے آئیوری کوسٹ میں جماعت کی ترقیات اور جماعت کی طرف سے کئے جانے والے دینی و سوشل و فلاحی کاموں کا خلاصہ پیش کیا۔ امیر صاحب کی تقریر کے بعد مکرم ماجد احمد صاحب انچارج شعبہ ہیلتھ کیئر برائے ہیومینیٹی فرسٹ انٹرنیشنل نے ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مہدی آباد میں زیر تعمیر ہسپتال نیز ہیومینیٹی فرسٹ کے دیگر خدمت انسانیت کے کاموں کا خلاصہ بزبان انگریزی پیش کیا جس کا ساتھ ہی ساتھ مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ فیر کے ریجن نے فرینچ زبان میں ترجمہ بھی کیا-۔جس کے بعد اگلی تقریر مکرم بالو احمد صاحب (Balo Ahmadou) معلم سلسلہ نے بعنوان ’’اسلام میں خاندانی نظام برکت کا موجب‘‘ کے عنوان سے کی۔جس کے بعد دوسرے سیشن کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

مہمانان کا سٹالز کا دورہ

مکرم امیر صاحب نے مہمانوں کے ہمراہ اسٹالز کا دورہ کیا۔ ان اسٹالز میں اولاً تصویری نمائش شامل تھی۔اس نمائش کے تحت جماعت آئیوری کوسٹ کی جماعتی ترقیات کا تصویری خلاصہ پیش کیا گیا تھا۔ جبکہ اس سٹال کے بعد ہیومینیٹی فرسٹ نے اپنا کیمپ لگایا ہوا تھا جس میں مکرم یحییٰ وترا (Yaya Ouattara) صاحب صدر ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے ہمراہ ان کی ٹیم نے تصاویر کے ساتھ نیز ویڈیوز کے ذریعے ہیومینیٹی فرسٹ کے آئیوری کوسٹ میں جاری پروگرامز کا خاکہ پیش کیا نیز ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے تیار کردہ اشیاء برائے فروخت بھی موجود تھیں۔ اس کے بعد جماعتی انجینیئر ایسوسی ایشن IAAAE کا سٹال بھی موجود تھا جس میں اس شعبہ کے انچارج مکرم عثمان لامین صاحب (Ousmane Lamien) نے مہمانان کو اس کے تحت جاری کاموں کا خاکہ پیش کیا نیز ایسوسی ایشن کے تیار کردہ پمفلٹس مہمانان کو دیئے گئے۔جس کے بعد مہمانان نے ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور میڈیکل ٹیم سے ملاقات کی۔اس دوران مکرم امیر صاحب نے جلسہ کی کوریج کے لئے آنے والے مختلف میڈیا پرسنز کو انٹرویو دیا جس میں جماعتی تعارف کے ساتھ جلسہ کے مقاصد سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس پروگرام کے بعد مکرم امیر صاحب کے ہمراہ تمام مہمانان کرام ہال میں تشریف لے گئے جہاں ان کے لئے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلسہ کے ایام میں مہمان خصوصی کے طعام و ریفریشمنٹ کی ذمہ داری مکرم شاہد احمد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ بندوکو ریجن نے ادا کیں۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی نیز طعام کے بعد جلسہ کے تیسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم سوادوگو احمد صاحب (Sawadogo Ahmadou) معلم سلسلہ بندکو شہر نے حاصل کی جس کے بعد اس کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا جبکہ اس کے معاً بعد حضرت مسیح موعودؑ کی نظم مکرم شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھی اور اس کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔اس سیشن کی پہلی تقریر مکرم سورو الحسن صاحب (Soro Allassane) مبلغ سلسلہ بسم ریجن نے بعنوان ’’آنحضرت ﷺ خاندانی تعلقات کے انتظام کا بہترین نمونہ‘‘ کے عنوان سے فرینچ زبان میں کی جس کے بعد مقامی جولا زبان میں اسکا خلاصہ بھی پیش کیا گیا۔اس تقریر کے بعد، دوران سال قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے نیز تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابیاں سمیٹنے والے طلبا و طالبات کو مکرم امیر صاحب نے تحائف نیز اسناد سے نوازا۔ امسال کل 28 افراد نے قرآن کریم کا دور مکمل کیا جبکہ 48 طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقسیم انعامات کے بعد مکرم صدیق جیالو صاحب (Sadique Djialou) معلم سلسلہ نے تقریر ’’مقام حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ بزبان جولا کی جس کا بعد ازاں فرینچ زبان میں خلاصہ پیش کیا گیا۔جس کے ساتھ ہی جلسہ کے دوسرے دن کے پروگرامز کا باقاعدہ اختتام ہو گیا۔نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تقریب آمین کا اہتمام کیا گیا مکرم امیر صاحب نے دوران سال قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے چند افراد کی آمین کراوائی اور دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔اس پروگرام کے بعد ایک گھنٹہ پر مشتمل سوال و جواب کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کے صدر مجلس مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن بوا کے تھے جن کے ساتھ مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ ابنگرو ریجن و مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ اموریاکرو بھی سوالات کے جوابات دینے کے لئے پینل میں موجود تھے۔ اس دوران حاضرین جلسہ نے سوالات پوچھے جن کے جوابات دیئے جاتے رہے۔ سوال و جواب کے اس دلچسپ پروگرام کے اختتام پر مہمانان حضرت مسیح موعودؑ کی کھانے سے تواضع کی گئی جس کے بعد آرام کے لئے مہمانان کو وقت دیا گیا اور یوں جلسہ کو دوسرے بابرکت دن کا اختتام ہوا۔

جلسہ کا تیسرا دن

تیسرے دن کا آغاز جلسہ کی روایت کے مطابق باجماعت نماز تہجد اور بعد ازاں فجر سے ہوا۔نماز تہجد کی امامت مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ کے حصہ میں آئی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم زالے محمد صاحب (Zalle Mohammad) مبلغ سلسلہ سساندرا ریجن نے درس بعنوان ’’عصر حاضر میں معاشرتی پستی کے باوجود اپنی اولاد کی اعلیٰ تربیت کیسے کی جائے‘‘ دیا۔جس کے کچھ دیر بعد حاضرین جلسہ کو ناشتہ دیا گیااور سب نے جلسہ کے اختتامی اجلاس کی تیاری کی۔ آئیوری کوسٹ کے 36ویں سالانہ جلسہ کا اختتامی اجلاس مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ داؤکرو ریجن نے کی جس کے بعد اسکا فرینچ ترجمہ پیش کیا گیا۔جس کے بعد شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز سنگھارے یحییٰ صاحب معلم سلسلہ نےترانہ پڑھا اور اس کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔جس کے بعد اس جلسہ سالانہ کے چوتھے اجلاس (session) کی پہلی تقریر مکرم صادق احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابنگرو نے بعنوان ’’خلفاء احمدیت کی امن عالم کے لئے کوششیں‘‘ بزبان فرینچ کی جس کا بعد ازاں مقامی زبان جولا میں مختصر ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔جس کے بعد مکرم کیما عمر صاحب نیشنل سیکریٹری جنرل جماعت آئیوری کوسٹ نے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے جماعتی کاموں کا خلاصہ پیش کیاجس کے بعد مکرمہ شکورہ صاحبہ(Madame Shakoura Adéwale) نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ نے لجنہ اماءاللہ کی مختصر تاریخ اور صد سالہ جوبلی پروگرامز نیز لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کے کاموں کا مختصر جائزہ پیش کیا نیز اسی دوران چونکہ آج لجنہ اماءاللہ کی تنظیم قائم ہوئے 100 سال پورے ہوگئے تھے اس ضمن میں بھی مختصر خطاب کیا اور لجنہ کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔جس کے بعدمہمان مکرم کولیبالی لاما صاحب نے مختصر خطاب کیا اور خطاب کے بعد جلسہ میں ہی بفضل تعالیٰ اپنی بیعت کا اعلان بھی کیا کہ وہ احمدیت یعنی سچے اسلام کی تعلیمات سے مطابق ہیں۔

خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ
برائے جلسہ قادیان میں لائیو شرکت

امسال جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ کی خصوصی بات یہ تھی کہ پہلی مرتبہ جلسہ سالانہ کے شاملین کو بذریعہ لائیو سٹریمنگ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب برائے جلسہ سالانہ قادیان 2022ء میں دیگر افریقی ممالک کی طرح شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ جو احمدیت کی سچائی کا ثبوت ہونے کے ساتھ کہ 75 افراد کی شرکت سے شروع ہونے والا یہ جلسہ اب چار اکناف عالم میں کس آب و تاب سے چمک رہا ہےکے ساتھ ساتھ احباب جماعت آئیوری کوسٹ کے لئے بھی سعادت کا موجب بنی۔ اس لائیو سٹریمنگ کے لئے مقامی طور پر مکرم شاہ رخ پاشا صاحب نیز خاکسار (عبدالنور مبلغ سلسلہ) کو توفیق حاصل ہوئی۔ یہ جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ کے جلسہ جات کی تاریخ میں اس لحاظ سے ہمیشہ تاریخی اہمیت کا حامل رہے گا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب ہی آئیوری کوسٹ کے جلسہ کا اختتامی خطاب تھا۔ چنانچہ مہمانان کے خطابات کے بعد لائیو اجلاس میں شرکت کے لئے فوری انتظامات مکمل کئے گئے اور تمام احباب کرام مکمل توجہ کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لائیو خطاب کو سننے کے لئے کرسیوں پر براجمان ہوئے۔ جس کے لئے اسٹیج پر موجود تمام مہمانان بھی جلسہ گاہ میں آکر بیٹھ گئے۔ حضور انور کا براہ راست خطاب سب نے سنا جو کہ شاملین کےازدیاد ایمان کا موجب بنا۔جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اختتامی دعا کروائی جو کہ آئیوری کوسٹ کے جلسہ کی بھی اختتامی دعا تھی۔دعا کے بعد براہ راست نشریات کے ختم ہوتے ہی جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ2022ء کا باقاعدہ اختتام ہو گیا۔جس کے بعد احباب جماعت نے نماز ظہر و عصر کی تیاری کی اور نماز کے بعد کھانا فراہم کیا گیا جس کے ساتھ ہی احباب کرام اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہونا شروع ہو گئے اور جو اس دن سفر نہ کر سکتے تھے ان کا قیام جلسہ گاہ میں ہی تھا اور اگلے دن اپنے اپنے مقامات کی جانب روانہ ہو ئے۔

اختتام جلسہ سالانہ و تاثرات

جلسہ سالانہ اپنی تمام تر برکات کو سمیٹتے ہوئے اختتام پذیر ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ میں شاملین کی تعداد ساڑھے چار ہزار افراد پر مشتمل کے قریب رہی۔ جلسہ گاہ کے ساتھ بازار کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کپڑے کے سٹالز، ادویات نیز کتب برائے فروخت اور دیگر کھانے پینے کے سٹالز بھی موجود تھے۔جلسہ کے شرکاء کے لئے تجنید کا بھی اہتمام تھا جس کے تحت جلسہ کے داخلی راستہ پر کیمپ برائے حاضری لگایا گیا۔جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش مکرم یوسف کولیبالی (Youssouf Coulibaly) صاحب کی زیر نگرانی ہوئی جس میں جلسہ گاہ کو مختلف بینرز کے ساتھ سجایا گیا۔ جبکہ قافلوں کے استقبال کے بھی انتظامات کئے گئے۔ جلسہ سالانہ سے قبل ہی مختلف پوسٹ بنا کر سوشل میڈیا کے ذریعے جلسہ کی تشہیر کی جاتی رہی جبکہ جلسہ کے دوران بھی جلسہ کی لائیو کاروائی بذریعہ فیس بک دکھائی جاتی رہی یہ خدمت کی توفیق مکرم صلا اسمائیل صاحب (Sylla Ismail) کو ملی۔جلسہ کے تینوں دن خدام الاحمدیہ نے تن دہی کے ساتھ سیکورٹی کی خدمات سر انجام دیں جبکہ ساتھ ہی مقامی پولیس بھی سیکورٹی کے لئے موجود رہی۔ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ نے بھی مکرم اکامفے صاحب (M. Akaamfe) کی قیادت میں بھرپور خدمت کی اور جلسہ کے ہر پروگرام کی فلم کشائی کی جاتی رہے۔اس جلسہ میں کئی ایک مہمانان کرام نے بھی شرکت کی جن میں مکرمہ فلانیزارا طورے صاحبہ ممبر آف پارلیمینٹ کے علاوہ کئی دیگر نمائندگان برائے تعلیم و CNPS نے بھی شرکت کی۔جبکہ کئی مقامی غیر احمدی امام بھی اس جلسہ میں شریک ہوئے۔ جلسہ سالانہ کی رپورٹ بعد ازاں مقامی اخبارات مثلاً l’inter نیز AIP میں نشر ہوئی جبکہ ٹی وی چینل A12پر جلسہ کی رپورٹ نشر کی گئی نیز سرکاری ٹی وی چینل پر بھی عنقریب رپورٹ نشر کی جائے گی ان شاءاللّٰہ۔ جبکہ جلسہ سے قبل سرکاری اخبار fraternité matin اور سرکاری ٹی وی RTI1 اور RTI2 پر جلسہ کی پروموشنل ویڈیوز نشر کی گئیں۔

جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ سب شعبہ جات نے بھرپور تعاون و خدمت کی توفیق پائی۔جس شعبہ نظافت، شعبہ ضیافت، شعبہ آڈیو ویڈیو، شعبہ جلسہ گاہ، شعبہ تزئین و آرائش، شعبہ بازار، شعبہ سیکورٹی و دیگر شعبہ جات شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ شاملین جلسہ کو حضر ت مسیح موعودؑ کی شرکاء جلسہ کے لئے کی جانے والی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ میں شمولیت کے ذریعے سب اپنے اندر ایک روحانی تبدیلیاں پیدا کرنے والے ہوں اور جلسہ میں شرکت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے آئندہ بھی بھرپور رنگ میں جلسہ میں شرکت کرنے والے ہوں۔ آمین ثم آمین

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

ربط ہے جان محمدؐ (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی