• 18 اپریل, 2024

سینوکو ویسٹرن ریجن کینیا میں مسجد، مشن ہاؤس کی تعمیر اور افتتاح

امام الزمان حضرت اقدس مسیح موعودؑ مساجد کی تعمیر کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ:
’’ہماری جماعت کو مساجد کی بڑی ضرورت ہے۔ یہ خانہ خدا ہوتا ہے۔ جس گا ؤں یا شہر میں ہماری جماعت کی مسجد قائم ہو گئی تو سمجھو کہ جماعت کی ترقی کی بنیاد پڑ گئی۔ اگر کوئی ایسا گاؤں ہو یا شہر جہاں مسلمان کم ہوں یا نہ ہوں اور وہاں اسلام کی ترقی کرنی ہو تو ایک مسجد بنا دینی چاہیے پھر خدا خود مسلمانوں کو کھینچ لاوے گا۔‘‘

(ملفوظات جلد4 صفحہ93)

اپنے امام و مطاع کی اس مقدس نصیحت پر عمل کرتے ہوئے جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا کے ہر کونے میں خدائےواحد ویگانہ کی عبادت، تعلیم وتربیت اور تبلیغ کے لئے مساجد کی تعمیر کی تو فیق پا رہی ہے۔ یہ مساجد جہاں خدا تعالیٰ کی عبادت کو قائم کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں وہاں بنی نوع انسان کے لئے امن و آتشتی کا پیغام بھی پہنچاتی ہیں۔

کینیا کے ویسٹرن ریجن کی ایک جماعت سینوکو میں جماعتِ احمدیہ کو امسال پختہ مسجد بنانے کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ

سینوکو میں جماعت احمدیہ کا نفوذ 1993ء میں ہوا۔ سب سے پہلے معلم شبیر علی صاحب مرحوم اس علاقے میں پہنچے اور زبانی تبلیغ کے ساتھ ساتھ پمفلٹ وغیرہ بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں مکرم یاسین ربانی صاحب مبلغ سلسلہ اور دیگر مبلغین و معلمین کو بھی بارہا اس علاقے میں جا کر پیغامِ حق پہنچانے کا موقع ملتا رہا۔ لوکل مسلمانوں کی طرف سے مخالفت کے باوجود اللہ کے فضل سے بعض نیک روحوں کو قبولِ احمدیت کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمد للّٰہ

آغاز میں ایک احمدی دوست کے گھر میں نماز باجماعت کی ادائیگی کا انتظام کیا گیا۔ پھر جب احمدی احباب کی تعداد بڑھی تو کرائے کا ایک مکان بطور نماز سینٹر استعمال کیا جاتا رہا۔ 2002ء میں مسجد کی تعمیر کے لیے ایک پلاٹ خریدا گیا جس میں گارے سے ایک کچی مسجد اور معلم ہاؤس بنا دیا گیا۔ وقت کی ضرورت اور احمدی احباب کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کافی عرصے سے ایک بڑی پختہ مسجد کی تعمیر کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضرت خلیفۃ المسیح کی دعاؤں سے امسال جماعتِ احمدیہ کو سینوکو میں بر لبِ سڑک ایک خوبصورت مسجد اور مشن ہاؤس تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ

مسجد کی تعمیر کا سارا خرچ پیارے آقا جان حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی شفقت و اجازت سے یو کے جماعت کے ایک نہایت مخلص دوست مکرم توصیف باسط بٹ صاحب نے اپنی اور اپنی فیملی کی طرف سےادا کیا۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔ اللہ تعالیٰ ان کے اموال و نفوس میں بیشمار برکتیں اوررحمتیں نازل فرمائے۔ آمین

پلاٹ کے ڈاکومنٹس اور مسجد و مشن ہاؤس کا نقشہ منظور ہونے اور دیگر قانونی کاروائی کے مکمل ہونے کے بعد اللہ کے فضل سے جنوری 2022ء میں مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہو کر مارچ میں اختتام پذیر ہوا اور مشن ہاؤس کی تعمیر کا کام نومبر میں مکمل ہوا۔

موٴرخہ 27؍دسمبر 2022ء کو مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کینیا نیروبی سے مسجد و مشن ہاؤس کے افتتاح کے لئے سینوکو جماعت میں تشریف لائے۔ مقامی احباب نے والہانہ نعروں سے استقبال کیا۔ مکرم امیر صاحب نے دونوں عمارتوں کا فیتہ کاٹ کر افتتاح و معائنہ فر مایا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید مع سواحیلی ترجمہ سے ہوا۔ نظم کے بعد مکرم رجب کیٹوئی صاحب نے سینوکو جماعت کا تعارف پیش کیا اور مبلغین و معلمین کی تبلیغی و تربیتی کوششوں کو سراہا۔ پھر مکرم امیر صاحب نے مساجد کی اہمیت کو بیان فرمایا اور احباب جماعت کو اللہ تعالیٰ کی عبادت اور خلیفۃ المسیح اور جماعت کے ساتھ پختہ تعلق قائم رکھنے کی طرف توجہ دلائی اور فرمایا کے اب مسجد کی ظاہری اور روحانی حفاظت آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ اللہ کرے کہ یہ مسجد اسلام احمدیت کے نور کو اس سارے علاقے میں پھیلانے اور حقیقی امن کے قائم کرنے کا موجب ہو۔ آپ سب اس مسجد کی تعمیر کے تمام حقوق ادا کرنے والے ہوں۔

مسجد کی اس افتتاحی تقریب میں علاقے کے چیف صاحبان، گورنمنٹ آفیسرز، سکولوں کے اساتذہ، عیسائی پادری اور ایک سُنی مسجد کے امام بھی شامل ہوئے۔ سب نے اس مسجد کو اس علاقے کے لئے خوش آئند قرار دیا اور اپنی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہمانوں کی خدمت میں جماعتی لٹریچر اور کتب بھی پیش کی گئیں۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یہ مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔ کھانا پکانے کی ذمہ داری سینوکو جماعت کی لجنہ نے بخوبی نبھائی۔ اللہ تعالیٰ سب کام کرنے والوں اور شاملین کو بہترین جزاء عطا فرمائے۔ اس تقریب میں شاملین کی تعداد 147 رہی۔

نڈویسی (Ndivisi) جماعت کی مسجد کا سنگِ بنیاد

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے اسی دن 27؍دسمبر 2022ء کو سینوکو کے نزدیک ایک اور جماعت نڈویسی میں بھی مسجد کی سنگِ بنیاد کی تقریب عمل میں آئی۔ الحمد للّٰہ

نڈویسی جماعت کا یہ پلاٹ مکرم ڈاکٹر اقبال صاحب جو احمدیہ مسلم ہسپتال شیانڈا میں خدمت سر انجام دے رہے ہیں نے امسال لے کر جماعت کو دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس قربانی کو قبول فرمائے اور دینی و دنیاوی برکتوں سے مالا مال کر دے۔ آمین

کاؤنٹی گورنمنٹ کے ضروری کاغذات اور عمارت کے نقشے کے حصول کے بعد مقامی احبابِ جماعت نے مستری اور مزدوروں کے ساتھ مل کربنیادوں کی کھدائی کا کام کیا۔ مکرم امیر صاحب اور دیگر احبابِ جماعت نے مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس کے بعد مختصر سی تقریب عمل میں آئی جس میں مکرم امیر صاحب نے سب احباب کو مسجد کی تعمیر میں دلچسپی لینے اور حصولِ ثواب کی خاطرہر ممکنہ قربانی کرنے کی طرف توجہ دلائی اور آخر میں دعا کروائی۔ مسجد کی تعمیر کا کام باقاعدہ شروع ہو گیا ہے۔ الحمد للّٰہ اللہ کرے کہ اس مسجد کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل ہو اور یہ علاقہ بھی مسجد کی برکتوں سے فیضیاب ہو۔

آخر میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مساجد کو جماعت احمدیہ کی اشاعت اور بنی نوع انسان کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(ملک بشارت احمد۔ مبلغ سلسلہ کینیا)

پچھلا پڑھیں

ربط ہے جان محمدؐ (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی