• 18 اپریل, 2024

لائبیریا میں سال نو کا آغاز

خلق خدا کو دنیاوی رسم و رواج سے چھٹکارا دلانا بعثت انبیا کی اغراض میں سے ایک ہے۔اس زمانہ کے حصن حصین سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کرام نے لغو دنیاوی رسم و رواج کو بیزار ہوکر ترک کرنے اور ان کو حسنات سے بدلنے کی تلقین فرمائی اور آپ کے متبعین نے ہمیشہ ان پر عمل پیرا ہوکر حسنات کو ایک نیا رنگ دیا ہے۔ایسی ہی ایک حسنہ کا دلکش رنگ سال نو کے آغاز پر جماعت احمدیہ عالمگیر میں نمایاں نظر آتا ہے اور وہ وقار عمل ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کو سال نو کے آغاز پر ملک بھر کی مختلف مجالس میں اجتماعی نماز تہجد، وقار عمل اور شجرکاری کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک

اس ضمن میں قابل ذکر مساعی مجلس خدام الاحمدیہ منروویا کی رہیں۔ نماز تہجد کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے خدام کی ایک تعداد نے حلقہ مشن ہاؤس (مسجد بیت المجیب نیشنل ہیڈکواٹرز) میں اپنے دوستوں اور عزیزوں کی طرف رات بسر کی۔دن کا آغاز 4:45 پر نماز تہجد سے ہوا۔نماز فجر اور درس سے فراغت کے بعد تقریباً صبح سات بجے خدام MCC ہال پہنچے جہاں مکرم Frederick Cole ڈائریکٹر جنرل منروویا سٹی کارپوریشن نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر مکرم محمد Jones Annan نائب امیر کی زیر صدارت ایک مختصر سی تقریب منعقد کی گئی جس میں مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے 20 جھاڑو،7 ریک،4 بیلچے اور 3 ٹرالیاں تحفةً ڈائریکٹر جنرل منروویا سٹی کارپوریشن کے سپرد کی گئیں۔

مکرم Frederick Cole نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چار سال سے نئے سال کے آغاز کے موقع پر احمدیہ مسلم مشن کے ساتھ اس نیک کام میں شامل ہو رہا ہوں جس پر میں خدا تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔شہر کے میئر Jafferson Koijjee صاحب، کارپوریشن کی انتظامیہ اور عملہ آپ کے اس کارخیر سے بخوبی واقف ہے اور آپ کی مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے صفائی کے لئے دئیے جانے والے سامان پر بھی جماعت احمدیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مکرم Jiram Dingwell Director Solid Waste نے بیان کیا کہ میں اس اچھے کام پر آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔آپ شہر کی بہتری کے لئے جو بھی قدم اٹھانا چاہیں ہم اس کے لئے آپ کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے اور میری خواہش ہوگی کہ دوسرے مذہبی گروپس بھی آپ کے ساتھ مل کر نئے سال کا آغاز راستوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے سے کریں۔اگر آپ انسانیت سے،اپنی سوسائٹی سے اور اپنے شہر سے محبت کرتے ہیں تو آپ کو اپنا گھر کو چھوڑ کر سال نو کے آغاز پر احمدیہ مشن کی طرح صفائی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔مجھے احمدیہ مشن پر فخر ہے۔

دعا کے معاً بعد وقار عمل کا آغاز کیا گیا۔خدام و اطفال کو دس،دس افراد پر مشتمل چار گروپس میں تقسیم کیا گیا جبکہ 5 خدام کو ناشتہ کی تیاری اور آب رسانی پر مامور کیا گیا۔امسال UN Drive, Camp Johnson Road, Carey Street ,Benson Street, Capital Bypass ,Lynch Street پر صفائی کا خدام کو ٹارگٹ دیا گیا۔ صاف کردہ گلیوں کی کل لمبائی 4 کلومیڑ سے زائد بنتی ہے۔ان گلیوں میں موجود ہر طرح کے کچرے اور غلاظت کو،جس میں گھروں سے باہر پھینکا جانے والا کوڑا کرکٹ بھی شامل تھا، بڑی محنت اور خندہ پیشانی سے اکٹھا کیا۔جو کارپوریشن کے طرف سے مہیا کئے جانے والے پک اَپ ٹرکس پر ساتھ ساتھ مخصوص مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا۔ دوران وقار عمل شرکاء مجلس خدام الاحمدیہ کی مخصوص حفاظتی جیکٹس میں ملبوس تھے جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعتی تعارف کا ایک ذریعہ بھی رہا۔راہگیروں کی ایک بڑی تعداد نے خدام کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں دعائیہ کلمات سے نوازتے رہے۔وقار عمل تین گھنٹے جاری رہا۔جس میں 38 خدام7 اطفال اور 9 انصار نے شمولیت کی۔بعدازاں تمام شرکاء وقار عمل بشمول سرکاری عملہ سٹی کارپوریشن کی ناشتہ سے مہمان نوازی کی گئی۔

منروویا سمیت دیگر 6 کاؤنٹیوں سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کل اکیس گھنٹے سے زائد وقت وقارعمل میں صرف ہوا اور 14 پودے بھی لگائے گئے جبکہ شاملین کی کل تعداد 194 رہی۔

اللہ تعالیٰ نیال سال عالمگیر جماعت احمدیہ کے لئے بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔نمائندہ الفضل آن لائن لائبیریا)

پچھلا پڑھیں

ربط ہے جان محمدؐ (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی