• 5 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 21فروری 2022 ء بروزسوموار ، 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرم چوہدری حمید احمد مرحوم کی نماز جنازہ حاضر اور چند نمازجنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چوہدری حمید احمد صاحب (ایسٹ لندن۔یوکے)

15فروری 2022 کو 84 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ مکرم چوہدری رشید احمد صاحب مرحوم (سابق پریس سیکرٹری) اور مکرم ڈاکٹر چوہدری ناصر احمد صاحب (چیئر مین مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن) کے بھائی تھے۔ آپ پاکستان سے 2012میں لندن آئے اور اپنی بیٹی کے پاس رہ رہے تھے۔ مرحوم نے فیکٹری ایریا شاہدرہ لاہور میں بطور قائد مجلس خدام الاحمدیہ خدمت کی توفیق پائی اور اس دوران آپ کی قیادت نے علم انعامی بھی حاصل کیا۔ اسی طرح 1973 کے خوفناک سیلاب کے دوران خدمت خلق کی توفیق پائی۔ مرحوم خود بھی نمازوں کے پابند تھے اور اپنی اولاد کو بھی اس کی تلقین کیا کرتے تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہراتعلق تھا ۔اپنی اولاد میں بھی خلافت سے محبت پید ا کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرم معین الدین احمد صاحب (سابق امیر جماعت واہ کینٹ ۔حال کیلگری ۔کینیڈا)

12جنوری 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے نانا حضر ت میاں مولا بخش صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ واہ کینٹ کی جماعت میں امین، نائب امیر اور امیر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ واہ آرڈیننس فیکٹری سے جنرل مینیجر کے عہدہ سے ریٹائر ہونے کے بعد1996میں کینیڈا شفٹ ہو گئے اور وہاں بھی دو تین سال کیلگری جماعت میں جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی خدمت کو نہ صرف خود ہر کام پر ترجیح دیتے بلکہ بچوں کو بھی اس کی ترغیب دلاتے تھے۔خلافت کے ساتھ نہایت عقیدت کا تعلق تھا۔ بہت زندہ دل اور ہمدرد انسان تھے۔ کسی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے جہاں تک ممکن ہوتاکوشش کرتے۔ بہت مہمان نواز تھے۔ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت اورحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے مکرم قاصد معین احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں اور آجکل بطور ایڈیٹر اخبار الحکم( یوکے) خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

-2 مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم محبوب احمد خان صاحب

9 مئی 2021کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے لاہور کے حلقہ رحمان پورہ میں صدر لجنہ کے علاوہ بعض اور عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی تھیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔

-3مکرم محمود احمد چیمہ صاحب ابن مکرم میاں خان چیمہ صاحب

27 ۔اگست 2021کو 64 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نہایت شریف النفس اور مخلص انسان تھے۔لمبا عرصہ نگران حلقہ کھیوے والی اور زعیم انصاراللہ دلاور چیمہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔مرکزی اور ضلعی عہدیداران کا بہت احترام کرتے اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔مقامی مسجد کے قیام اور تعمیر میں بنیادی کردار ادا کیا۔ایک مرتبہ ضلع گوجرانوالہ میں مقامی تعمیر نو کے لئے دس لاکھ روپے کی خطیر رقم دینے کا وعدہ کیا اور ایک ماہ کی قلیل مدت میں ادائیگی بھی کردی ۔ مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرم شریف الدین صاحب ابن مکرم احمد دین صاحب

30؍اکتوبر 2021 کو 58سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے صدر جماعت کلر کہار کے علاوہ سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔بہت اطاعت گزار اور نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ وفا کا تعلق رکھنے والے ایک مخلص انسان تھے۔ مربیان اور ضلعی عہدیدران کا بہت احترام کرتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔

-5 مکرمہ عظمت فرزانہ صاحبہ (سکندر آباد۔انڈیا)

8فروری 2022 کو 56سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے پڑنانا محترم غلام قادر شرق صاحب بنگلوری نے خط کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحومہ نہایت نیک، ہمدرد، خلافت سے بے پناہ محبت کرنے والی ، ہرایک کے ساتھ نیک سلوک کرنے والی ایک باوفا خاتون تھیں۔ آپ نے مقامی سطح پر لجنہ کی سیکرٹری ضیافت کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا شامل ہے ۔آپ مکرم عمر شریف ساحل صاحب (ایم ٹی اے لندن) کی خالہ زاد بہن تھیں۔

-6 مکرم عبد النور ناصر صاحب (المعروف نور سائیکل ورکس ربوہ۔حال کینیڈا)

14جنوری 2022 کو 58سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ سابق درویش قادیان مکرم عبد الستار ناصر صاحب مرحوم کے بیٹے تھے۔صوم وصلوۃ کے پابند اور روزانہ باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والے، محنتی، ملنسار، غریب پروراور خوش اخلاق انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ عشق کی حدتک پیار تھا۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اور بچوں کو بھی اس کی تلقین کیا کرتے تھے ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل کی طرف سے تمام مرحومین کے لواحقین تعزیت قبول کریں)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ