• 18 اپریل, 2024

محبّت کی لاریب مورت ہے ماں

خدا کی بشر پر عنایت ہے ماں
محبّت کی لاریب مورت ہے ماں

ترے مصحفِ رُخ کو دل سے پڑھوں
تجھے دیکھنا بھی عبادت ہے ماں

تری ذات میں موجِ کوثر رواں
تری آنکھ میں جوئے شفقت ہے ماں

ہمیشہ اٹھاتی ہے بچوں کے ناز
ہیں خوش بخت، جن کی سلامت ہے ماں

ترے دم سے ہے برکتوں کا نزول
ترے پاؤں کے نیچے جنت ہے ماں

سراپا محبّت کی آماجگاہ
گلابوں کی خوشبو، لطافت ہے ماں

سبھی کام بگڑے سنور جاتے ہیں
مری ہر دعا کی ضمانت ہے ماں

نہیں تیرا کوئی بھی نعم البدل
عطا میں عطا بیش قیمت ہے ماں

بچائے بلاؤں سے بشرؔیٰ! مجھے
دعاؤں سے کرتی حفاظت ہے ماں

(بشریٰ سعید عاطف۔ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

مغفرت کی چادر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ