• 10 اکتوبر, 2024

محبت کی زبان کا حیران کن واقعہ

19؍ فروری 2023ء کو برکینا فاسو کے ریجن بانفورا کی جماعت نیانگولوگومیں پیشگوئی مصلح موعود کے حوالہ سے جلسہ کاانعقاد کیا گیا۔ جلسہ میں ریجنل مبلغ بانفورا اعجاز احمد صاحب نے حضرت مصلح موعود کے کارنامے اور پیشگوئی پر روشنی ڈالی۔ حاضرین و سامعین میں ایک خدا کا بندہ ایسا بھی تھا جو ظاہری زبان سے بول نہیں سکتا تھا اور ظاہری کانوں سے سن نہیں سکتاتھا۔ یعنی قوت گویائی اور شنوائی سے محروم تھا۔لیکن اللہ تعالیٰ نے اسے غیر معمولی بصیرت عطا فرما ئی ہے۔

میں نے محسوس کیا کہ دوران پروگرام وہ شخص سب سے زیادہ انہماک سے جلسہ کی کارروائی میں شامل تھا۔ حیرت کی بات خاکسار کے لیے اس وقت ہوئی جب جلسہ کے اختتام پرسارے احباب جانے لگے تو اس نے خاکسار کو حضرت مسیح موعود ؑ اور خلفاء کرام کی تصاویر کے سامنے کھڑا کر کے اشارے سے پوچھا کہ یہ تصویر کس کی ہے؟ وہ اس فلیکس کی طرف اشارہ کر رہا تھا جس پر حضرت مصلح موعود ؓ کی تصویر تھی جو جلسہ کی مناسبت سے وہاں آویزاں تھی۔ میں نے اس کو اشاروں کی زبان میں تعارف کروایا کہ وہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے بیٹے اور دوسرے خلیفہ ہیں۔خاکسار حیران تھا کہ ظاہری گویائی اور شنوائی سے محروم خلافت کے اس فدائی کو اللہ تعالیٰ نے کیسی قوت عطا فرمائی ہے۔ وہ کیا کشش ہے جو ا س کو حضرت مصلح موعود ؓ کی تصویر کی طرف کھینچ لائی ہے۔ محبت کی زبان کا ایسا حیران کن نظارہ دیکھ کر عاجز کے دل سے بے اختیار خدا تعا لیٰ کی حمد و ثنا اور اس عاشق خلافت کے لئے دعانکلی۔

اس پیارے وجود کا نام کوناتے یعقوبا ہے۔ آپ کا پیشہ جوتے مرمت کرنا ہے۔آپ سارا دن مسجد کے سامنے دلجمی سے اپنا کام کرتے ہیں۔ ہر آنے جانے والے کے ساتھ بہت پیار اور نرمی سے پیش آتے ہیں۔ آپ بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں۔ نہایت سادہ، نمازوں کےپابند، مہمان نوازاور اگر یہ کہوں کہ ہر دل عزیز تو غلط نہ ہوگا۔

خاکسار ان کے بارے میں لکھنے پر مجبور ہوا اور رہا نہ گیا۔ کیونکہ اس سے پہلے بھی دو واقعات بہت قابل قدر ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ خلافت کی محبت کا بیج اللہ تعالیٰ نےکہاں کہاں بو دیا ہے۔

یوں ہوا کہ سال 2022ء کا کیلنڈر مشن میں لگا ہوا تھاجس پر حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تصاویر تھیں۔امسال جو جماعتی کیلنڈر شائع ہواا س پر جماعتی عمارات کی تصاویر تھیں۔ پرانا کیلنڈر اتارا کر نیا لگا دیا گیا۔ جب موصوف مشن میں آئے تو تصاویر والا کیلنڈر نہ پا کر بے چین ہوگئے۔ سوالی نظروں سے ادھر ادھر دیکھنے لگے کہ وہ کیلنڈر کہاں ہے۔میں نے انہیں وجہ بتائی تو سمجھ گئے۔ لیکن ان کی بے چینی اس قدر واضح تھی کہ ہم نے اس تصاویر والے کیلنڈر کو دوبارہ دیوار پر لگا دیا تا اس عاشق کا دل قرار پائے اوراس کی اداس نظریں تصاویر کو دیکھ کر پیاس بجھائیں۔

ایک اور واقعہ پیش ہےمسجد میں رکھے لکڑی کے بنچ کچھ خراب ہو گئے تھے۔ خاکسار نے احباب کو توجہ دلائی لیکن ان کی طرف سے کچھ سستی ہوگئی۔ خاکسار نے ان بینچزکو خود ٹھیک کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ لکڑی کی ضرورت تھی۔جب آپ کی نظر پڑی کہ میں کام کر رہا ہوں اور لکڑی کی تلا ش میں ہوں تو اپنا کام چھوڑ کر اسی وقت گھر گئےاور تین عدد لکڑیاں لے آئے جو اس کام کے لیے کافی تھیں۔ ا س طرح آپ کو مسجد کی ایسی خدمت کی توفیق عطا ہوئی جو بولنے اور سننے والے بھی نہ کر سکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کے مال و جان خیر و برکت رکھے اور دین و دنیا کی تمام بھلائیاں اس کو نصیب کرے۔ آمین

(مرسلہ: ودود احمد۔ مبلغ سلسلہ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

مغفرت کی چادر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ