• 13 مئی, 2024

جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سرگرمیاں

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المشرین سیرالیون میں ماہِ ستمبر کے آغاز سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوچکا ہے اور تدریس کے ساتھ ساتھ مجلسِ علمی، مجلسِ ارشاد اور مجلسِ العاب کے تحت باقاعدہ سے پروگرام جاری ہیں۔ مؤرخہ 15؍ستمبر کو بعد نمازِ عصر سالِ اول کے طلباء کو مجلسِ علمی اور مجلسِ العاب کے گروپوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ وہ اپنے اپنے گروپس کی طرف سے ان مجالس کی جانب سے منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں حصہ لے سکیں۔

مقابلہ تلاوت

مؤرخہ 22؍ستمبر کو بعد نمازِ عصر مقابلۂ تلاوت کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت مکرم حامد علی بنگورا صاحب نے کی اور آپ کے ساتھ مولوی اثمار احمد صاحب اور مولوی مولائی کمارا صاحب نے منصفی کے فرائض سرانجام دئے۔

پروگرام کا اباقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مقابلہ کے قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ یہ مقابلہ اوپن تھا اور شاملین قرآنِ کریم کے کسی بھی حصہ سے تلاوت کرسکتے تھے۔ تین گروپوں کے کل 15 طلباء نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ منصفین کے فیصلہ کے مطابق عزیزم سلیمان سُو نے پہلی، عزیزم محمد ییرو کمارا نے دوسری اور عزیزم اسحاق بخاری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

مقابلہ اذان

مؤرخہ 29؍ستمبر کو بعد نمازِ عصر اذان کے مقابلہ کا انعقاد ہوا جس میں مکرم مولوی اثمار احمد صاحب، مکرم مولوی مولائی کمارا صاحب اور مکرم مولوی حامد علی بنگورا صاحب نے منصفی کے فرائض سرانجام دئے۔ منصفین کے فیصلہ کے مطابق عزیزم ابراہیم کمارا نے پہلی، عزیزم علی بی کانو نے دوسری اور عزیزم محمد ییرو کمارا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

جلسہ سیرۃ النبی ؐ

مؤرخہ 26 ؍ ستمبر کو مجلسِ ارشاد کے تحت دن گیارہ بجے جامعۃ المبشرین کے ہال میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعہ نے کی۔ عزیزم محمد ییرو کمارا نے تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ پیش کیا جس کے بعد عزیزم علی بی کانو نے نعت بدرگاہِ ذیشان خیر الانام پیش کی۔

پروگرام کی پہلی تقریر آنحضرت ﷺ ایک داعی الی اللہ کے عنوان سے تھی۔ عزیزم محمد عثمان نے آنحضرت ﷺ کی زندگی کے حالات و واقعات سے اس عنوان پر روشنی ڈالی۔

مکرم ادریس احمد صاحب استاذ جامعہ نے آنحضرت ﷺ کی صحابہ کی آپ کے ساتھ اخلاص و وفا کو واقعات کی روشنی میں نہایت احسن رنگ میں پیش کیا۔ آخری تقریر مکرم مبارک احمد گھمن صاحب نے کی جس کا عنوان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا آنحضرت ﷺ سے عشق تھا۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات، منظوم کلام اور آپ کی زندگی کے واقعات بیان کئے۔

تقاریر کے بعد طلباء کو سوالات کا موقع دیا گیا اور مقررین نے ان کے سوالات کے جواب دئے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔

(رپورٹ : عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ