• 25 اپریل, 2024

مصروفیات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مورخہ 28 دسمبر 2019ء تا مورخہ 03 جنوری 2020ء

قارئین روزنامہ الفضل لندن کی خدمت میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی گزشتہ ہفتے کی مصروفیات پر ایک جھلک پیش خدمت ہے۔ اللہ تعالیٰ پیارے حضور انور کو صحت و سلامتی سے رکھتے ہوئے ہر آن اپنی امان میں رکھے۔

  • دوران ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الا حمدیہ بیلجئم کے 80 سے زائد افراد پر مشتمل ایک وفد  نے ایوان مسرور  اِسلام آبادمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے ملنے کا شرف حاصل کیا۔ جس میں حاضرین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے مختلف سوالات پوچھے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت  جوابات  دیئے۔ یہ سیشن تقریباً  آدھے گھنٹے سے زائد چلا۔اس سیشن میں  ایک بچے نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے سوال پوچھنے سے قبل  السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ کہا۔ جس پر حضور انور نے ’’وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ اب فرماوْ‘‘ فرمایا۔ اس بچے کا سوال تھا کہ آپ خطبہ کیسے تیار کرتے ہیں؟ جس پر حضور انور نے فرمایا کہ ’’Topic کوئی نہ کوئی زہن میں آجاتا ہے، پھر میں کوئی 8-10 گھنٹے اُس پہ کام کرتا ہوں‘‘۔ اسکے علاوہ حضور انور کی خدمت میں چند اور سوالات بھی رکھے گئے جن کے پیارے حضور نے بہت  پیار و شفقت بھرے جوابات دیئے۔ بعد ازاں اس وفد کو حضور انور کے ساتھ ایک گروپ فوٹو کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔
  • دوران ہفتہ لجنہ اماء اللہ و ناصرات  الا حمدیہ ڈنمارک کے ایک وفد نے بھی حضور انور سے  اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں بھی حضور انور سے پوچھے گئے سوالات کے حضور نے تفصیلاً جوابات دیئے۔ ایک بچی نے سوال کیا کہ میں اللہ تعالیٰ کی محبت کیسے حاصل کرسکتی ہوں؟۔ حضور انور نے فرمایا کہ ’’اللہ تعالیٰ کی محبت، اللہ تعالیٰ سے اُس کی محبت مانگو، نمازوں میں دعا کیا کرو اللہ میاں سے، کہ اللہ میاں اپنی محبت ہمیں عطا کرے۔ پھر اللہ میاں مان لے گا‘‘۔
  • دوران ہفتہ ایک دن حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ایک تقریب نکاح میں بھی شمولیت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد (امام مسجد فضل لندن ) نے نکاح پڑھایا اور بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔
  • اسی طرح دوران ہفتہ ایک دن حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد مبارک اسلام آباد میں نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد 7 نکاحوں کا اعلان بھی فرمایا اور بعد ازاں ان کے بابرکت ہونے کے لئے دعا بھی کروائی۔
  • دوران ہفتہ ایک دن حضور انور نے نماز ظہر و عصر سے قبل مسجد مبارک کے باہر مکرمہ کرن حنیف شریف  اہلیہ مکرم شیخ محمد حنیف کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی ۔ اس نماز جنازہ حاضر کے ساتھ حضور انور نے 6 مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
  • دوران ہفتہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ بیت الفتوح مورڈن میں ارشاد فرمایا جو کہ MTA  کے مواصلاتی نظام کے تحت پوری دنیا میں دیکھا اور سنا گیا۔ اس خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے وقف جدید کے نئے سال کا اعلان فرمایا۔ حضور انور نے دوران خطبہ جمعہ احباب جماعت کی مالی قربانیوں کا ذکر فرمایا ، وقف جدید کی مد میں سب سےزیادہ چندہ پیش کرنے والی جماعتوں کا ذکر بھی فرمایا اور خطبہ کے آخر میں دنیا کے عمومی حالات کے لئے بھی دعا کی تحریک فرمائی۔
  • دوران ہفتہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ حسب روایت جمعے والے دن نماز مغرب و عشاء کے درمیان اپنے دفتر سے باہر تشریف لائے اور اسلام آباد میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کا تفصیلاً معائنہ و جائزہ فرمایا اور قیمتی نصائح سے نوازا۔ دوران معائنہ مرد و خواتین، بچے و بچیاں حضور انور کے بابرکت وجود سے مستفید ہوتے رہے۔ تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد معائنہ فرمانے کے بعد حضور انور اپنے دفتر تشریف لے گئے۔
  • دوران ہفتہ حضور انور نےپانچ روز  دفتری ملاقاتیں فرمائیں جنکی تعداد 21 رہی   اور چھ روز ذاتی ملاقاتیں بھی فرمائیں جنکی تعداد 126 رہی۔ دفتری ملاقاتوں میں متعدد افسران، مبلیغین، مربیان سلسلہ، واقفین زندگی و دیگر احباب نے حضور انور سے قیمتی ہدایات موصول کیں۔  

(سعید الد ین احمد)

پچھلا پڑھیں

ایڈیٹر کی ڈاک

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2020