• 25 اپریل, 2024

سیرالیون کے پورٹ لوکو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح

مکرم سفیر احمد صاحب ریجنل مبلغ پورٹ لوکو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مؤرخہ 5 ؍ دسمبر کو پورٹ لوکو ریجن کی جماعت سونگو روڈ (Songo Road) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

مسجد کا سنگِ بنیاد خاکسار (سفیر احمد) نے 26؍نومبر 2018ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی خاکسار کو حاصل ہوئی۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا۔

اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 40×50 فٹ ہے اور اس میں 350 ؍ نمازیوں کی گنجائش ہے۔

افتتاحی پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عمر کمارا صاحب نے تلاوت و ٹمنی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مولوی نورالدین سیسے صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔

مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کس طرح ابتداء میں جماعت کو شدید مخالفت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن جیسا کہ یہ سنت اللہ ہے کہ الٰہی جماعتیں شروع میں کمزور ہوتی ہیں اور انہیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن پھر سنتِ الٰہی ہی کے تحت وہ آخر کا ر اپنے مخالفین پر کامیاب بھی ہوتی ہیں۔ اور ہم سب دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح جماعت ان سو سالوں کے عرصہ میں خدا کے فضل سے کامیابیاں حاصل کرتی رہی ہے اور ملک بھر میں مساجد اور سکولز بنائے ہیں اور تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ خطاب کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور اور دعا کروائی۔

افتتاح کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی جس کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت پروگرام میں ایک ریجنٹ چیف Mr. F S Kanu، سابقہ منسٹر Hon. Dr. Alhaji Alpha Sahid Kanu، ممبر آف پارلیمنٹ Hon. Abdul Karim Kamara، ایک پیراماؤنٹ چیف Mr. Alhaji Gibril، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسر Mr. Abdulai Koroma، آفیسر انچارج نیشنل سیکیورٹی Mr. Ali Momoh، پورٹ لوکو شہر کی سنٹرل مسجد کے چیف امام مکرم حسن سانکو، دس غیر ازجماعت اماموں، ریجن کی اکثر جماعتوں کے نمائندوں سمیت 450 ؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل آن لائن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین دسمبر 2021ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ