• 4 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرم انجینئر محمود مجیب اصغر۔ سویڈن سے لکھتے ہیں:۔
عابد خان صاحب کی ڈائری بہت دلچسپ اور ایمان افروز ہوتی ہے۔ یہ بہت خوش قسمت انسان ہیں، جن سے حضور بے تکلفی سے معصومانہ انداز میں گفتگو کرتے ہیں۔ ان کے والد ڈاکٹر حمید احمد خان بہت ذہین طالب علم تھے۔ 1960ء میں تعلیم الاسلام کالج سے ایف ایس سی پری میڈیکل مکمل کیا اور اول پوزیشن حاصل کی۔ آپ ڈاکٹر بنے اورحسب توفیق خدمت دین اور خدمت انسانیت کی۔

ان کی والدہ برگیڈیئروقیع الزمان (افسر حفاظت حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ) جو سفر ہجرت میں حضورؒ کے ہمرکاب تھے کی بیٹی ہیں۔ عابد خان صاحب کے والدین نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی بڑی خوشنودی حاصل کی۔ آپا طاہرہ صدیقہ حرم ثانی حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ، ڈاکٹر حمید خان صاحب کی بہن ہیں۔

قادیان کے جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کا خلاصہ بہت شاندار ہے۔

• مکرمہ منزہ ولی سنوری ۔ کینیڈا سے لکھتی ہیں:۔
الفضل آن لائن کی اشاعت کے 3 سال پورے ہونے پر دلی مبارکباد پیش ہے۔ خلافت کی عظیم نعمت کی قدر کوئی کیا جانے، محروم دلوں سے پوچھئے۔ نگاہیں ترس رہی ہیں خلیفہ ٔ وقت کو دیکھنے کو۔

اتنی محنت اور تندھی سے اخبار کی خدمت کرنے والوں کےلئے دلی دُعائیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو بہترین جزا دے اور الفضل کو مزید ترقی کی راہوں پر چلائے۔اس روحانی مائدے میں مزید اضافہ ہوتا چلا جائے جس کے ثمرات سے ساری دنیا کے قارئین فیضاب ہورہے ہیں۔

• مکرمہ سعدیہ تسنیم۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:۔
خاکسار پہلےکسی کو اخبار نہیں بھیجتی تھی بلکہ جب بھی فارغ وقت ملتا بغیر دن کی تخصیص کے کبھی ایک دو شمارے پڑھ لیتی تھی۔ اس روز آپ کا اداریہ پڑھا کہ الفضل کی نعمت کو صدقہ و خیرات سمجھ کر پھیلائیں تو دل پرعجیب اثر ہوا۔ اس کے بعد اب روزانہ بہت سے لوگوں کو اخبار بھجوانی شروع کی ہے۔ اب اگر کبھی صبح اٹھ کر اخبار کی نوٹیفیکیشن نہ ملے تو پریشانی ہوتی ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

گمشدہ اونٹنی