• 19 مئی, 2024

مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کا 42 واں سالانہ نیشنل اجتماع

مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کا 42 واں سالانہ نیشنل اجتماع
اور مجلس مشاورت کا بابرکت انعقاد

الحمد للّٰہ! امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کواپنا 42 واں سالانہ نیشنل اجتماع مؤرخہ 16، 17 اور 18 دسمبر 2021 ء کو بنگلہ دیش کے مرکز ڈھاکہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی وورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے انصار نے استفادہ کیا۔ اجتماع کی کاروائی بروز جمعرات صبح 10.30 منٹ پر شروع ہوئی۔ امسال اجتماع کا عنوان ’اَلْخَیْرُ کُلُّہُ فِی الْقُرْآنِ‘ رکھا گیا تھا۔

نماز باجماعت کی بروقت ادائیگی کی طرف خصوصی توجہ دی گئی۔اجتماع کے لیے وفود کی آمد کا سلسلہ 15 دسمبر بروز بدھ شروع ہو گیا۔ملک کے تمام اضلاع سے انصار تشریف لائے۔ اس بات کا بھی ذکر کر دوں کہ 18 اور 19 دسمبر بروز ہفتہ اور اتوار مجلس انصار اللہ بنگلہ دیشاکی43 واں مجلس شوریٰ منعقد ہوئی۔اس میں صدر مجلس انصار اللہ اور نائب صدر مجلس برائے صف دوئم کا انتخاب ہوا۔

دو روزہ مجلس شوریٰ میں 314 نمائندگان شوریٰ اور 5 زائرین نے شرکت کی۔

اجتماع کے پہلے دن یعنی 16دسمبر کودن کاآغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ صبح 10.30 بجے اجتماع کی افتتاحی تقریب جس کے آغاز میں مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش جناب الحاج احمد تبشیر چوہدری صاحب نے لوائے انصار اللہ جبکہ مکرم و محترم نیشنل امیر جناب الحاج مولانا عبد الاؤل خان صاحب چوہدری نے بنگلہ دیش کا جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن، قومی ترانہ، نظم اور عہد دہرانے کے بعد مکرم و محترم چیئرمن اجتماع کمیٹی جناب نصیر الدین صاحب ملت نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور تمام انصار کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ بعد ازاں مکرم و محترم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش نے تقریر کی اور موصوف نے انصار اللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم و محترم مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب نے ’’حب الوطن من الایمان‘‘ موضوع پر تقریر کی۔بعد ازاں مکرم و محترم صدر مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش نے سب شاملین کو خوش آمدید کہا اور تمام انصار کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ بنگلہ دیش میں یوم آزادی کی 50 ویں سالگرہ منائی جا رہی، صدر صاحب نے اس موقع پر سب کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔ باجماعت نماز، تہجد، صفائی، انصار اللہ کی ذمہ داریوںاوردین کو دنیا پر مقدم رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر محترم نیشنل امیر صاحب نےدعا کرائی۔ اس کے بعد باقاعدہ اجتماع کا پروگرام شروع ہوا۔

نماز ظہر اور عصر جمع کرکے ادا کرنے کے بعد ورزشی، تعلیمی و علمی مقابلہ جات شروع ہوئےجوکہ دوسرے دن ختم ہوئے۔ نماز مغرب اور عشاء جمع کرکے ادا کرنے کے بعد اجلاس عام اور تربیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مکرم و محترم مولانا عطا المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے ورچوئل شرکت کی اور موصوف نے ’ اَلْخَیْرُ کُلُّہُ فِی الْقُرْآنِ‘ موضوع پر بہت ہی پُر اثر تقریر کی۔ انہوں نے قرآن مجید کی عظمت، برکات، روزانہ قرآن پڑھنے کی اہمیت و فضیلت کو قرآن کریم، حدیث،حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء احمدیت کے اقتباسات کے رو سے پیش کیا۔

دوسرے دن بروز جمعہ دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ آج بھی علمی وورزشی انفرادی و اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جن میں سب انصار نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شام 7بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سب نے سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد تعلیمی و علمی مقابلہ جات منعقدہوئے۔

تیسرے روز بھی دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ صبح 10.30 بجے اجتماع کی اختتامی تقریب و تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس میں تلاوت قرآن اور نظم کے بعد قائد عمومی اور قائد مال صاحب نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش مکرم و محترم مبشر الرحمان صاحب نے انصار اللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم و محترم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش نے تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم و محترم سیکرٹری صاحب اجتماع کمیٹی جناب سرور مرشدصاحب نے سب حاضرین کاشکریہ ادا کیا۔بعد ازاں مکرم و محترم صدر مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش نے اختتامی تقریر کی اور علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کو انعامات سے نوازا۔ اختتامی دعا سے پہلے عہد دہرائے گئے۔ امسال اجتماع میں رجیشٹریشن کے مطابق 81 مجلس سےکل771 انصار نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس انصار اللہ‏ بنگلہ دیش کو علم و عرفان میں بڑھائے اور اسے صحیح معنوں میں احمدیت کا خادم بنائے۔آمین

(رپورٹ : نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل آن لائن لندن بنگلہ دیش)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 فروری 2022

اگلا پڑھیں

تم میں سے بہترین شخص