• 14 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خطوط

’’میں بھی الفضل کے محبّان میں سے ہوں‘‘

  • مکرم بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لٹویا سے لکھتے ہیں:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کل عالم میں ’’محبّان الفضل‘‘ کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے اور یہ مخلصین اپنے اپنے طریق وانداز میں اپنے ’’پیارے الفضل‘‘ سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ پھر اس اظہارِ عقیدت کا دوسروں پر بھی مثبت اثرپڑتا ہے اور وہ بھی مطالعہ الفضل کی طرف متوجّہ ہوجاتے ہیں۔ اس طرح الفضل کے ذریعہ ایک چراغ سے دوسرا چراغ روشن ہوتا چلاجارہا ہے۔ خاکسار بھی اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے اِنہی ’’محبّان الفضل‘‘ میں سے ایک ہے۔ اس لئے میری یہ کوشش ہوتی ہے کہ نہ صرف میرے اہل خانہ، بلکہ تمام دوست و احباب اور عزیز واقارب بھی اس آسمانی مائدہ سے بہرہ مند اور مستفیض ہوں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے خاکسار روزانہ صبح سویرے پندرہ بیس ممالک میں موجود اپنے دوست و احباب اور عزیز واقارب کو الفضل بھجواتا ہے اور پھر وقتًا فوقتًا اور گاہے بگاہے اُن سے استفسار بھی کرتا ہے کہ
کیا الفضل اُن کو پہنچ رہا ہے؟ اور کیا وہ اس سے فائدہ اٹھارہے ہیں؟ وغیرہ۔ اکثر دوست بڑی خوشی سے اِس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم باقاعدہ الفضل کا مطالعہ کرتے ہیں اور ہمیں اس سے بہت فائدہ پہنچ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں اُن میں سے چند ایک سے بات ہوئی تو اُنہوں نے کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا۔ اس جگہ خاکسار بعض مخلصین الفضل کے تاثرات باقی ’’محبّان الفضل‘‘ کے ساتھ بھی شیئر کرنا چاہتا ہے۔

  • مکرم سلطان احمد محمود۔ ہالینڈ لکھتے ہیں:

’’الفضل بہت ہی پیارا اخبار ہے۔ بہت ہی عمدہ مضامین ہوتے ہیں۔ بہت بہت شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید کام کرنے کی توفیق عطا کرتاچلاجائے۔ آپ باقاعدگی سے الفضل بھجواتے ہیں۔ میں کوشش کررہا ہوں کہ بچوں سے بھی الفضل پڑھوایا جائے۔‘‘

  • خاکسار کے ایک شاگرد عزیزم عطاء المنان عرف مٹھو اپنی اہلیہ نادیہ منان صاحبہ کے ساتھ جرمنی میں مقیم ہیں۔ خاکسار اُن کو بھی روزانہ الفضل بھجواتا ہے۔ چند روز قبل نادیہ صاحبہ کا پیغام آیا اور انہوں نے شکریہ ادا کیا کہ آپ ہرروز باقاعدگی سے الفضل بھجوارہے ہیں۔ خاکسار نے اُن سے کہا کہ اگر آپ الفضل پڑھتی ہیں تو اپنے تاثرات بھی بھجوایا کریں۔ آپ ایک اسکول ٹیچر ہیں، مضامین بھی لکھا کریں۔ اُنہوں نے جوابًا کہا کہ ’’بالکل میں الفضل پڑھتی بھی ہوں، آئندہ بھی پڑھا کرونگی اور الفضل کے لئے لکھ کر بھجوانے کی کوشش بھی کرونگی۔‘‘
  • خاکسار مکرم عبدالحفیظ عرف بنوں ابن مکرم عبدالعظیم درویش قادیان دارالامان کوبھی باقاعدگی سے الفضل بھجوارہا ہے۔ موصوف نے وٹس ایپ پر پیغام بھیجا کہ ’’مَیں آپ کا شکریہ کرنا بھول گیا، جو الفضل آپ مجھے بھیجتے ہیں اِس کا بہت بہت شکریہ۔ پڑھ کر دل کو بہت سکون ملتاہے۔‘‘
  • خاکسار ایک عرصہ سے ہومیو پیتھی ڈاکٹر مکرم مرزا منور محمود اشرف ۔کینیڈا کو بھی باقاعدگی سے الفضل کا آن لائن لنک بھجوارہاہے۔

ڈاکٹر صاحب موصوف لکھتے ہیں کہ ’’جزاکم اللہ، آپ الفضل بھیجتے ہیں اور کافی عرصہ سے آن لائن ایڈیشن بھیج رہے ہیں۔ اس سے فائدہ اٹھانے کا بھی موقع مل رہا ہے۔ میں الفضل میں شائع ہونے والے ملفوظات کو اکثر وٹس ایپ گروپس میں بھی اپنے انصار بھائیوں سےشیئر کرتا رہتا ہوں۔ میں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے الفضل سےفائدہ اٹھانے والوں میں سے ہوں۔’’

  • ایک عزیزہ نے بتایا کہ ’’وہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے باقاعدگی سے الفضل کا مطالعہ کررہی ہیں۔ الفضل سے اُن کے علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ اُن کو ایک خاص روحانی سکون مل رہا ہے۔جب سے الفضل پڑھنا شروع کیا ہے اپنے اندر ایک بہت ہی مثبت تبدیلی محسوس کررہی ہیں۔‘‘

اللہ تعالیٰ ہر احمدی گھرانے کو الفضل جیسے روحانی مائدہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ کرے کہ ہر ایک احمدی گھرانہ الفضل بن جائے اور الفضل ہر ایک احمدی گھرانہ بن جائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 فروری 2022

اگلا پڑھیں

تم میں سے بہترین شخص