• 26 اپریل, 2024

مالٹا میں نئے سال کا خدمت انسانیت کے ساتھ آغاز

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کو امسال بھی نئے سال کا آغازمنفرد انداز میں خدمت خلق کے ذریعے کرنے کی توفیق ملی۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

نئے سال کی آمد کی خوشی ہر قوم و ملت میں اپنے اپنےانوکھے رنگ ڈھنگ میں منائی جاتی ہے۔کوئی خوشی سے دیوانہ وار اچھلتا ہے تو کوئی مستانہ وارنغموں کی لے پر جھومتا ہے، کوئی خوردو نوش کی تقریب سجاتا ہے تو کوئی مذہبی شعائر کو اپناتا ہے۔ غرض ہر فرد اپنی حیثیت میں رہتے ہوئے دلی تسکین کی خاطرکوشاں نظر آتا ہے کہ ایسا کار ہائے نمایاں سر انجام دے کہ اس کے لئے تسکین و راحت کا باعث ہو اور دیکھنے والی آ نکھ کے لئے باعث فرحت بھی ہو اور مایہ ناز بھی۔

جماعت احمدیہ مسلمہ بھی ہر بار نئے سال کی آمد پر مخصوص دعاوٴں اور نوافل کا التزام کرتی ہے۔عبادات کے ساتھ ساتھ خدا تعالیٰ سے تعلق استوار کرنے کے لئے خدمت خلق بھی خاص توجہ کا مرکز بنتی ہے۔ہر فردِ جماعت اپنے رنگ میں دعاوٴں میں انسانیت کو یاد کرتا اور اُنکی خدمت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

جماعت احمدیہ مالٹانے بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خدمتِ انسانیت کے ساتھ نئے سال کو یادگار اور اطمینان بخش بنانے کے لئے معذور افراد کے لئے قائم ایک فلاحی ادارہ Id-Dar tal-Providenza کے یکم جنوری 2023ء کو منعقد کردہ Fundraising ایونٹ میں بھرپور تعاون پیش کیا اور عطیات جمع کرنے میں تعاون کے ساتھ ساتھ ان کے لئے نئے سال کے تحفہ کے طور پرظہرانے اور عشائیے کا انتظام بھی کیا۔

جماعتی طور پر ذیلی تنظیموں خدام الاحمدیہ اور لجنہ اماء اللہ کے تعاون کے ساتھ یکم جنوری کو مقامی ادارہ Id-Dar tal-Providenza میں صبح دس بجے کام کا آغاز کیاگیا۔ یہ ادارہ ہر سال ٹیلی تھون کے ذریعے چندہ اکٹھا کرتا ہے۔ اس پروگرام میں ہر شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوتے ہیں۔ اس پروگرام کے دوران جو کہ رات بارہ بجے تک جاری رہا میں شامل ہونے والوں اور کارکنان کو کھانا پیش کیا گیا۔جہاں دن کے کھانے میں روایتی قیمہ پلاؤ کے ساتھ گاجر سے بنے کیک نے مزہ دوبالا کیا۔ وہاں شام کے کھانے میں شوارما کے ساتھ پیش کردہ میٹھی سویوں کو خوب سراہا گیااور بار بار فرمائش کی گئی۔

صبح دس بجے سے لے کر رات دس بجے تک افراد جماعت نے وقار عمل کرکے کھانا پکایا، پیش کیا اور متفرق ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ کام کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھا گیا اور کام کے اختتام پرتفصیلی صفائی بھی کی گئی۔

اِفرادِ جماعت نے اسٹیج پر موجود ٹیلی تھون میں بھی حصہ لیا اور براہِ راست نشریات کے دوران موصول ہونے والی فون کالز کا جوب دیتے ہوئے نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور فلاحی ادارے کی بہبود کے لئے دی جانے والی رقم پر عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔براہ راست نشریات کے دوران، جو کہ مالٹا کے تمام ٹیلیویژن چینلز پر نشر کی جارہی تھی، خاکسار مبلغ سلسلہ مالٹا سے تاثرات بھی لئے گئے جس میں مبلغ سلسلہ نے خدمت خلق کے حوالہ سے بات کی اور جماعتی ماٹو محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں کے بارہ میں بتایا۔

افراد جماعت نے جماعتی لوگو والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت احمدیہ کا نام، ماٹو اور ویب سائیٹ کا پتہ درج تھا جو جماعتی تبلیغی کا ذریعہ بھی ثابت ہوا۔ اسی طرح تمام ممبران کو ہدایت تھی کہ ہر کسی کے ساتھ بڑی فراخدلی سے ملیں اور مسکراتے ہوئے انہیں کھانا پیش کریں۔ اسی طرح وہاں پر موجود لوگوں کو آتے جاتے سلام کریں، ان کی خیریت دریافت کرتے رہیں اور جو بھی خدمت کا موقع میسر آئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا، جماعت کو بھرپور خدمت خلق کی توفیق ملی اور یہ پروگرام جماعت کے وسیع تعارف، نیک نامی اور تبلیغ کا ذریعہ بنا۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو اور آئندہ بھی سلسلہ اور انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

جماعتی ٹیم کے انچارج صدر خدام الاحمدیہ مکرم حسن بشیر صاحب نے خصوصی دلچسپی کے ساتھ تمام امور کی نگرانی کی اسی طرح ان کی ٹیم کے ممبران مکرم مصور احمد صاحب، مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، مکرم جری اللہ خالد صاحب، مکرم ناصر محمود صاحب، مکرم حنان احمد صاحب اور عزیزم نعمان عاطف صاحب نے بھرپور تعاون کیا۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔ آمین

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)

پچھلا پڑھیں

مسجدنورمیں خلافت ثانیہ کے انتخاب کی روئیداد

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ