اللہ تعالیٰ کے لیے بنائی ہوئی مساجد میں عبادت کرنے والوں کی آمد تو حسب معمول ہوتی ہے۔ لیکن کبھی کبھار ایسے احباب بھی تشریف لاتے ہیں، جن کی آمد کی وجہ مساجد کو دیکھنا اور اسلام واحمدیت کے بارے میں معلومات لینا ہوتا ہے۔چند ایک سوالات بھی ان کے دماغوں میں گردش کررہےہوتے ہیں۔ زیا دہ تر سوالات کامحور نماز و اذان کا طریق معلوم کرنا اور نماز وں کے اوقات دریافت کرنا بھی ہوتا ہے۔ جرمنی میں اکژ ہماری مساجد میں اس طرح کے ٹیچرز اور سٹوڈنٹس گروہ در گروہ آتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک وفد 23؍ جنوری کوبیت الحمد Wittlich میں تشریف لایا۔ پوری بس ان سے بھری ہوئی تھی۔ دس بج کر تیس منٹ پر ان کی آمد ہوئی۔ خاکسا ر، مکرم صدر صاحب جماعت طاہر احمد ظفر اور سیکریٹری صاحب تربیت عمران احمد ظفر صاحب نے مسجد کے گیٹ پر ان کا استقبا ل کیا۔ مسجد کا وزٹ کرایا گیا۔ سب نے جوتیاں اتاریں اور مسجدکے مردانہ ہال میں ادب سے بیٹھ گے۔ ان کے ٹیچر بھی ساتھ تھے۔ سوالات پوچھنے لگے، ہم نے ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ اذان اور نماز کا طریق عملی طور پر بتایا۔ ہم نے ان کو مسجدکے نشیبی ہال میں جانے کی درخواست کی۔وہاں پران کو جرمنی جماعت کی کارکردگی کی ویڈیو دکھائی گئی۔ اس ویڈیو میں جرمنی جماعت کی صد سالہ کارکردگی کی ایک جھلک تھی۔ ان کےچہروں پر پسندیدگی کے آثار نمایاں نظرآئے۔ بعدہُ جماعت کے بارے میں سوالات ہوئے اور ہم نے تسلی بخش جوابات دیتے ہوئے جماعت کا تعارف بھی کروایا۔آخر میں پانی اور جوس کےساتھ بسکٹ اورکیک پیش کیے گئے۔ ٹیچرز کوcoffee بھی پیش کی گئی۔ جب وفد نے جانے کی ٹھانی تو ہم نےمعزز ٹیچرز کوجماعت کی کتب ایک خوبصورت پیکٹ میں دیں۔ جن کو وہ لے کر خوش ہوئے اور شکریہ ادا کیا۔ بیت ا لحمد کے دروازے پر گروپ فوٹو ہوا۔انہوں نے دوبارہ بھی آنے کاعندیہ دیا۔ وقتِ مقررہ پرانہوں نے رخت سفر باندھا لیا اوراپنی منزل کی طرف رواں دواں ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کوسچے امام مہدی علیہ السلام کا پیغام احسن رنگ میں پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)