مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 19 مئی 2022 ء بروز جمعرات دوپہر 12بجےاپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ بشریٰ طاہرہ صاحبہ اہلیہ مکرم نذیر احمد گوندل صاحب (سکنتھورپ۔ یوکے)
16؍مئی 2022 کو 84سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق مرالہ منڈی بہاؤالدین سے تھا اور کچھ عرصہ سے انگلینڈ کے شہر سکنتھورپ میں اپنے بیٹے مکرم ڈاکٹر سمیع الاحمد گوندل صاحب کے پاس رہائش پذیر تھیں۔ مرحومہ پنجگانہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، قناعت پسند اور منکسرالمزاج خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
-1 مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اسحاق انور صاحب (واقف زندگی۔ حال امریکہ)
13مئی 2022 کو 90 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ 1971میں شوہر کی وفات کے بعد مرحومہ نے بیوگی کا عرصہ نہایت صبر وہمت سے گزارا اوراپنے بچوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم میں اعلیٰ مقام تک پہنچانے کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ 1947 کی ہجرت کے واقعات اکثر بچوں کے ساتھ شیئر کرتی تھیں اور قادیان کی بہت سی باتیں بھی یاد تھیں۔ کبھی کسی رشتے دار سے ناراضگی نہ رکھتیں۔ تمام رشتہ داروں کے ساتھ محبت اور احترام کا رشتہ قائم رکھا۔ کبھی کسی کی برائی نہیں کرتی تھیں۔ معمولی آمدنی میں گزاراکیا مگر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا۔ بلکہ سب سے حُسنِ سلوک اور شفقت و محبت سے وہ ایام صبرو شکر سے گزارے اوریہی اپنے بچوں کو سمجھایا کہ محنت کرو اور کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلاؤ۔ خلفائے احمدیت سے والہانہ عشق و محبت کا تعلق تھا اور یہ تعلق صرف زبانی نہ تھا بلکہ اس کا اظہار ان کے عمل اور خطوط میں بھی نمایاں تھا۔ بچوں کو بھی باقاعدگی سے خطوط لکھنے کی تاکید کیا کرتی تھیں۔ چندوں کی ادائیگی میں بھی بڑی باقاعدہ تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں پانچ بیٹے شامل ہیں۔
-2 مکرمہ امینہ کرامت صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا کرامت اللہ صاحب (جرمنی)
21؍اپریل 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق مغلپورہ لاہور سے تھا۔ 2003 میں جرمنی آگئی تھیں۔مغلپورہ میں لجنہ کی جنرل سیکرٹری کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ بے شمار بچوں کو قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی بھی توفیق ملی۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، دعا گو، نیک اور پرہیز گار خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چھ بچے اور متعدد نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
-3 مکرم خواجہ اختر سعید صاحب
10؍مئی 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت میاں نبی بخش صاحب (امرتسر۔تاجر پشمینہ والے) کے پوتے تھے۔ آپ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک فطرت انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔
-4 مکرم غلام سرور بٹ صاحب (جرمنی)
4 ؍اپریل 2022 کو 80سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے خلافت ثانیہ میں بیعت کی توفیق پائی۔ 1975میں جرمنی آگئے اور یہاں اپنی مجلس میں 9سال تک زعیم انصار اللہ کے علاوہ مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق پائی۔ مرحوم زندہ دل، مہمان نواز، ہنس مکھ اور سب سے ہمدردی کا سلوک کرنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ بہت اخلاص اور محبت کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
ادارہ الفضل تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے